ٹیم انڈیا کے بلے بازی کے سابق کوچ نے کہا: وہ بحیثیت کپتان بہت اچھی حکمت عملی کے حامل ہیں۔ میدان میں ان کے بہت سے فیصلے اکثر درست ہوتے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 20, 2024, 12:11 PM IST | Agency | New Delhi
ٹیم انڈیا کے بلے بازی کے سابق کوچ نے کہا: وہ بحیثیت کپتان بہت اچھی حکمت عملی کے حامل ہیں۔ میدان میں ان کے بہت سے فیصلے اکثر درست ہوتے ہیں۔
ہندوستان کے مردوں کی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ وکرم راٹھورنے کپتان روہت شرما کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دائیں ہاتھ کے بلے باز اپنے آن فیلڈ گیم پلان کو کبھی نہیں بھولتے ہیں۔ یہاں تک کہ اگر انہیں یہ یاد نہیں کہ انہوں نے ٹاس میں پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا تھا یا بولنگ کا۔
اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کے کپتانی چھوڑنے کے بعد ہندوستان کے کل وقتی کپتان بننے کے بعد سے، روہت نے ہندوستان کو۲۰۲۴ء کے مردوں کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ اور۲۰۲۳ء کے مردوں کے ایشیا کپ میں فتح دلائی ہے، اس کے علاوہ ۲۰۲۳ء ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ اور یکروزہ ورلڈ کپ میں رنر اپ کے طور پر کامیابی حاصل کی ہے۔ راٹھور نے `فائنڈ اے وے ود تروور کوہلی پوڈ کاسٹ کے ایک ایپی سوڈ میں کہا کہ وہ بھول سکتے ہیں کہ انہوں نے ٹاس کے وقت بیٹنگ یا بولنگ کا فیصلہ کیا ہے یا ٹیم بس میں ان کا فون اور آئی پیڈ، لیکن وہ اپنے گیم پلان کو کبھی نہیں بھولتے۔ وہ اس میں بہت اچھے ہیں اور بہت ہوشیار حکمت عملی ساز ہیں۔
انہوں نے۲۹؍ جون کو باربڈوس میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں روہت کے اسٹریٹجک فیصلوں کو بھی یاد کیا، جہاں انہوں نے جسپریت بمراہ کے اوورس تیزی سے مکمل کئے، جس کا نتیجہ آخر میں ملا۔ راٹھور نے کہا کہ وہ بحیثیت کپتان بہت اچھی حکمت عملی کے حامل ہیں۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں، انہوں نے بمراہ کا اوور جلد ختم کر دیا۔ بہت سے لوگوں نے اس فیصلے پر سوال اٹھایا ہو گا لیکن اس فیصلے نے ہمیں اس پوزیشن میں پہنچا دیا جہاں آخری اوور میں ۱۶؍ رن درکار تھے۔ میدان میں ان کے بہت سے فیصلے اکثر درست ہوتے ہیں۔
راٹھور، جو سینئر مردوں کی سلیکشن کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں، نے اعتراف کیا کہ انہیں ابھی تک کوئی ایسا کپتان نہیں ملا جو روہت کی طرح کھیل میں ڈوبا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی خوبی یہ ہے کہ بحیثیت بلے باز وہ ایک غیر معمولی کھلاڑی ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ ایسے شخص ہیں جو اپنے کھیل کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ ان کے پاس ہمیشہ ایک واضح گیم پلان ہوتا ہے۔ لیڈر ہونے کے ناطے آپ کو آگے سے قیادت بھی کرنی ہے۔ راٹھور نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کے کپتان ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت زیادہ وقت گزارا ہے۔ میں نے کبھی کسی کپتان کو ٹیم میٹنگز یا حکمت عملی میں اتنا شامل نہیں دیکھا۔ وہ ٹیم کی حکمت عملی پر بہت زیادہ وقت صرف کرتے ہیں۔
کوہلی کا بڑا حریف کون ؟
وراٹ کوہلی آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کیلئے کھیلتے ہیں۔ کوہلی۱۶؍ سال سے آر سی بی کیلئے کھیل رہے ہیں۔ دوسری جانب وراٹ کوہلی نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں ۱۶؍ سال مکمل کر لئے ہیں۔ اسٹار اسپورٹس نے ایک خصوصی ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں کنگ کوہلی نے اس ٹیم کا نام بتایا ہے جسے وہ آئی پی ایل کی سب سے بڑی حریف ٹیم کے طور پر دیکھتے ہیں۔کوہلی نے چنئی سپرکنگز اور ممبئی انڈینس کو سب سے بڑی حریف ٹیمیں نہیں قرار دیا ہے لیکن کولکاتا نائٹ رائیڈرس(کے کے آر)کو سخت ترین حریف ٹیم قرار دیا ہے۔