گزشتہ سال ڈومیسٹک میچ نہ کھیلنے پر تادیبی کارروائی کے بعد شریاس ایّر کو کیٹیگری بی اور ایشان کشن کو کیٹیگری سی کا کنٹریکٹ ملا ہے
EPAPER
Updated: April 21, 2025, 9:44 PM IST | Mumbai
گزشتہ سال ڈومیسٹک میچ نہ کھیلنے پر تادیبی کارروائی کے بعد شریاس ایّر کو کیٹیگری بی اور ایشان کشن کو کیٹیگری سی کا کنٹریکٹ ملا ہے
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سےسال ۲۵۔۲۰۲۴ء کیلئے پیرکو جاری کردہ کنٹریکٹ لسٹ کے اے پلس زمرے میں ٹی۲۰؍ سے ریٹائرڈ ہو چکے روہت شرما، وراٹ کوہلی اور رویندر جڈیجا برقرار ہیں نیز گزشتہ سال ڈومیسٹک میچ نہ کھیلنے پر تادیبی کارروائی کے بعد شریاس ایّر کو کیٹیگری بی اور ایشان کشن کو کیٹیگری سی کا کنٹریکٹ ملا ہے۔
بی سی سی آئی نے پیر کویکم اکتوبر۲۰۲۴ء سے ۳۰؍ ستمبر ۲۰۲۵ء تک کل۳۴؍ کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیا ہے۔ ایک روزہ ورلڈ کپ کے بعد مسلسل بین الاقوامی کرکٹ سے باہر رہنے کے بعد چیمپئنز ٹرافی سے ٹھیک پہلے لوٹنے والے تجربہ کار تیز گیند باز محمد سمیع کیٹیگری اے میں برقرار ہیں۔ کے ایل راہل، شبھمن گل، ہاردک پانڈیا اور رشبھ پنت اسی زمرے میں ہیں۔ پنت کو گروپ بی سے گروپ اے میں ترقی دی گئی ہے۔ ہندوستانی ٹی۲۰؍ ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو اور نائب کپتان اکشر پٹیل کو بی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ بی کیٹیگری کے کنٹریکٹ لسٹ میں سوریہ کمار یادو، کلدیپ یادو، اکشر پٹیل، یشسوی جیسوال اور شریاس ایّر شامل ہیں۔
سب سے زیادہ۱۹؍ کھلاڑیوں کو سی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ ایشان کشن کی سی کیٹیگری میں واپسی ہوئی ہے۔ اس گروپ میں رنکو سنگھ، تلک ورما، رتوراج گائیکواڑ، شیوم دوبے، روی بشنوئی، واشنگٹن سندر، مکیش کمار، سنجو سیمسن، عرشدیپ سنگھ، پرسدھ کرشنا، رجت پاٹیدار، دھرو جوریل، سرفراز خان، نتیش کمار ریڈی، ابھیشیک شرما، آکاشدیپ، ورون چکر ورتی اور ہرشیت رانا شامل ہیں۔