• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

چمپئن ٹرافی سے پہلے روہت شرما پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں

Updated: January 15, 2025, 1:23 PM IST | Agency | New Delhi

کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستانی ٹیم کے کپتان کا میگا ایونٹ کے فوٹو شوٹ کیلئے پاکستان جانے کاامکا ن ہے۔

A file photo of Indian captain Rohit Sharma and Babar Azam. Photo: INN
ہندوستانی کپتان روہت شرما اور بابر اعظم کی ایک فائل فوٹو۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما آئی سی سی چمپئن ٹرافی ۲۰۲۵ء سے قبل فوٹو شوٹ کیلئے پاکستان جاسکتے ہیں۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر روہت شرما کا پاکستان جانے کا حتمی فیصلہ ہوجاتا ہے تو کئی برسوں بعد وہ کسی انٹرنیشنل ایونٹ کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے والے ہندوستانی کھلاڑی ہوں گے۔ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چمپئن ٹرافی ۲۰۲۵ء کا آغاز ۱۹؍ فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے جبکہ ہندوستان اپنا پہلا میچ۲۰؍ فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف دبئی میں کھیلے گا۔ 
 پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی جس کے تحت پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ۲۰۲۷ء تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہٰذا چمپئن ٹرافی ۲۰۲۵ء کیلئے ہندوستان کے تمام میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ 
 کسی بھی آئی سی سی ایونٹ سے پہلے میزبان ملک میں ایک فوٹو شوٹ ہوتا ہےجس میں ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتان شامل ہوتے ہیں ۔ روہت شرما کا پاکستان کا ممکنہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور کرکٹ کشیدگی کے پیش نظر قابل ذکر ہے کیونکہ دونوں کے درمیان کرکٹ تعلقات گزشتہ کئی برسوں سے انتہائی محدود رہے ہیں اور ان کا آمنا سامنا صرف آئی سی سی ایونٹس میں ہی ہوا ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK