ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ میںکبھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی ہے۔
EPAPER
Updated: December 24, 2023, 11:11 AM IST | Agency | New Delhi
ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ میںکبھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی ہے۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے پر ہے جہاں ٹیم انڈیا نے ٹی ۲۰؍ سیریز ڈرا کر کے ون ڈے سیریز جیت لی ہے۔ اب ہندوستانی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے تیار ہے۔ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ سینچورین میں کھیلا جائے گا۔
روہت پہلی بار افریقہ میں ٹیسٹ سیریز جیتیں گے؟
ٹیم انڈیا کبھی بھی جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی ہے۔ سابق ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی اور وراٹ کوہلی بھی ٹیم انڈیا کو جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز نہیں جتا سکے۔ اب روہت شرما جنوبی افریقہ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں پہلی بار ٹیم انڈیا کی کپتانی کریں گے ۔ ایسے میں اگر روہت شرما یہ سیریز جیت جاتے ہیں تو یہ ان کے کپتانی کرئیر کی بہت بڑی کامیابی ہوگی۔
اس سیریز کے آغاز سے قبل روہت شرما نے اسٹار اسپورٹس کو ایک انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بحیثیت انسان، کھلاڑی اور کرکٹر آپ کے پاس جو کچھ ہے اس کا اصل امتحان ٹیسٹ کرکٹ میں ہوتا ہے۔ روہت شرما کا یہ بیان اس بات کا عکاس معلوم ہوتا ہےکہ اب وہ ورلڈ کپ فائنل میں ہندوستان کی شکست کا غم بھول چکے ہیں اور ٹیم انڈیا کو ایک نئی کامیابی دلانے کیلئے تیار ہیں۔
ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں شکست ہوئی
اپنی کپتانی میں روہت نے ٹیم انڈیا کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ۲۳-۲۰۲۱ء کے فائنل میں بھی پہنچایا تھالیکن وہاں بھی ٹیم انڈیا کو فائنل میچ میں آسٹریلیا کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا روہت شرما ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ۲۵-۲۰۲۳ء میں ٹیم انڈیا کو فائنل میں لے جا سکتے ہیں یا نہیں۔
اگر روہت کے ٹیسٹ کریئر کی بات کریں تو انہوں نے اپنے کریئر میں اب تک کل۵۲؍ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں انہوں نے۸۸؍ اننگز میں ۴۶ء۵۴؍ کے اوسط سے۳۶۷۷؍ رن بنائے ہیں ۔روہت کا سب سے زیادہ اسکور ۲۱۲؍ رن ہے۔