• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

قومی ٹیم میں روہت شرما کا مستقبل خطرے میں، چمپئن ٹرافی کے بعد اہم فیصلہ متوقع

Updated: January 05, 2025, 12:52 PM IST | Agency | Sydney

آسٹریلیا کیخلاف موجودہ سیریز کے بعد سلیکٹرس روہت اور وراٹ کوہلی کے ناموں پر بات کریں گے اور مستقبل کیلئے منصوبہ بنائیں گے۔

Rohit Sharma. Picture: INN
روہت شرما۔ تصویر: آئی این این

آسٹریلیا کے خلاف حالیہ میلبورن ٹیسٹ روایتی فارمیٹ میں روہت شرما کا شاید آخری میچ تھا، لیکن یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا یہ کھلاڑی آئندہ ماہ ہونے والی چمپئن  ٹرافی کے بعد بھی قومی ٹیم کے لیے کھیلتے رہیں گے۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے ۵؍ویں ٹیسٹ میں روہت کی غیر موجودگی کو `آرام  قرار دیا گیا تھا لیکن میلبورن میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ کے بعد سے ہی ان کے ٹیم سے باہر ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں۔ روہت، جنہوں نے گزشتہ ۱۷؍ برسوں  سے کھیل کے مختلف فارمیٹس میں ہندوستانی ٹیم کیلئے اپنا سب کچھ دیا ہے، قومی ٹیم کے مستقبل کیلئے زیادہ حوصلہ افزا نظر نہیں آتے۔
 اس سال کے شروع میں ویسٹ انڈیز میں آئی سی سی ورلڈ کپ میں ہندوستان کی جیت کے بعد وہ ویسے بھی ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل سے ریٹائرڈ ہو چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف موجودہ سیریز کے بعد سلیکٹرس یقیناً روہت اور وراٹ کوہلی کے ناموں پر بات کریں گے اور مستقبل کے لیے بلیو پرنٹ تیار کریں گے۔ ہندوستانی ٹیم کو اب اپنی سرزمین پر انگلینڈ کے خلاف محدود اوورس کے فارمیٹ میں دو طرفہ سیریز کے بعد یو اے ای میں چمپئن ٹرافی کھیلنی ہے۔ کوہلی کے ٹیسٹ کریئر کا مستقبل بڑی حد تک سڈنی میں دوسری اننگز پر منحصر ہوگا۔ اگر وہ اس بار بھی ناکام رہے تو دورۂ انگلینڈ پر کھیلی جانے والی۵؍ میچوں کی سیریز کیلئے انہیں لے جانا مشکل ہو جائے گا۔
 اگر ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چمپئن  شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہتی ہے تو ٹیم کا اگلا ٹیسٹ ۱۸؍ جون سے لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف ہوگا۔ روہت کے مستقبل کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ آسٹریلیا کے خلاف۵؍ ویں ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا لیکن  ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ اور ۵؍بارآئی پی ایل جیتنے والے کپتان کو اب پتہ چل جائے گا کہ ان کے لیے۶۷؍ ٹیسٹ کی تعداد میں اضافہ کرنا مشکل ہوگا۔ رنجی ٹرافی کا دوسرا مرحلہ اس ماہ کے آخر میں شروع ہوگا اور اگر روہت اس میں کھیلنے کا انتخاب کرتے ہیں تو وہ یہ پیغام دینے کی کوشش کریں گے کہ وہ اپنی شرائط پر ہندوستانی ٹیم کو الوداع کرنا چاہتے ہیں۔سلیکٹرس انہیں ٹیسٹ کے لیے منتخب نہ کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں لیکن کسی بھی فارمیٹ کو الوداع کہنے کا اختیار کھلاڑی کے پاس ہے اور وہ اس معاملے میں کسی کو جوابدہ نہیں۔ اگر روہت انگلینڈ کے دورے سے پہلے ہندوستانی کرکٹ کے واحد ریڈ بال مقابلے رنجی سے دور رہنے کا انتخاب کرتے ہیں تو منطقی طور پر اجیت اگرکر کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی۲۰۲۵ء سے اگلی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن  شپ سائیکل کے لیے۳۸؍ سالہ کھلاڑی کے انتخاب پر غور کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK