اٹلی کے فٹبال کلب اور انگلش کلب میں معاہدہ طے پاگیا۔ رونالڈو ۱۲؍برس کے بعد ای پی ایل کے کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے نظر آئیںگے
EPAPER
Updated: August 29, 2021, 8:39 AM IST | manchester
اٹلی کے فٹبال کلب اور انگلش کلب میں معاہدہ طے پاگیا۔ رونالڈو ۱۲؍برس کے بعد ای پی ایل کے کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے نظر آئیںگے
:ارجنٹائنا کے اسٹار لیونل میسی کے بعد پرتگال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے بھی فٹبال کلب یووینٹس کو چھوڑ دیا ہے اور۱۲؍برس کے بعد دوبارہ اپنے سابقہ کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کو جوائن کر لیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مانچسٹر یونائٹیڈ نے سنیچر کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ یونائٹیڈ یہ بتاتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس کرتا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کے ٹرانسفر کے لیے کلب کا یووینٹس سے معاہدہ ہو گیا ہے اور کلب میں ہر کسی کی نظریں کرسٹیانو رونالڈو کو خوش آمدید کہنے پر مرکوز ہیں۔
مانچسٹر یونائٹیڈ کے منیجر اولے گنر سولشائر نے رونالڈو سے معاہدے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو اس کلب کے لیجنڈ ہیں، اگر آپ مجھ سے پوچھیں کہ وہ عظیم ترین کھلاڑی ہیں۔اسکائی اسپورٹس اٹالیہ کے مطابق مانچسٹر یونائٹیڈ نے یووینٹس کو۳۳؍ملین ڈالر کی پیشکش کی اور۲۵؍ملین یوروز کے عوض سپر اسٹار فٹبالر سے معاہدہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ ۵؍ مرتبہ چمپئن لیگ جیتنے کا اعزاز رکھنے والے رونالڈو نے پہلی مرتبہ مانچسٹر یونائٹیڈ کے لیے کھیلتے ہوئے پہلی بار چمپئن لیگ جیتی تھی۔۲۰۰۳ء سے۲۰۰۹ء کے درمیان کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے پرتگالی اسٹار نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے۲۹۲؍ میچوں میں۱۱۹؍گول اسکور کئے تھے اور ۳؍پریمیر لیگ خطاب کلب کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس سے قبل رونالڈو کے یووینٹس سے مانچسٹر سٹی جانے کی خبریں زیر گردش تھیں لیکن گزشتہ۲۴؍گھنٹوں کے دوران ڈرامائی تبدیلی کے نتیجے میں رونالڈو کا دوبارہ مانچسٹر یونائٹیڈ سے معاہدہ ہو گیا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو ۲۰۰۹ء میں انگلش کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کو چھوڑ کر ریئل میڈرڈ کا حصہ بنے تھے اور اس وقت دنیا کے سب سے مہنگے کھلاڑی قرار پائے تھے۔ ۳۶؍سالہ رونالڈو نے اسپین میں۹؍سال قیام کے دوران ریئل میڈرڈ کیلئے ۱۵؍ ٹرافیز جیتیں جس میں۴؍مرتبہ چمپئن لیگ جیتنا بھی شامل ہے۔۵؍ مرتبہ بیلون ڈی اور جیتنے والے رونالڈو نے ریئل میڈرڈ کیلئے کھیلتے ہوئے کلب کیلئے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کا عظیم فٹبالر راؤل کا ریکارڈ توڑا اور۴۳۸؍میچوں میں۴۵۱؍ گول اسکور کئے تھے۔ ۲۰۱۸ء میں رونالڈو نے میڈرڈ سے۹؍سالہ رفاقت کا خاتمہ کرتے ہوئے یووینٹس کو جوائن کر لیا تھا ارو ان کا کلب سے۴؍سال کے لیے۱۰۰؍ملین ڈالر کا معاہدہ ہوا تھا۔
رونالڈو کی مانچسٹر یونائٹیڈ میں واپسی اور ایک تیز رفتار معاہدے نے فٹبال کی دنیا کو دنگ کر دیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ نے سوشل میڈیا پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ویلکم بیک، کرسٹیانو۔ اس ٹویٹ کے چند منٹ بعد کلب کی آفیشل ویب سائٹ کریش ہو گئی۔ خیال رہے کہ ۳۶؍سالہ رونالڈو۲۰۰۳ء میں۱۷؍برس کی عمر میں مانچسٹریونائٹیڈکا حصہ بنے تھے مگر اب وہ اس دور کے ونگر سے بالکل مختلف ہیں۔