• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رونالڈو نے کریئر کا۹۰۶؍ واں گول کیا، پرتگال کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

Updated: October 14, 2024, 11:46 AM IST | Warsaw

یوئیفا نیشنز لیگ کے میچ میں پرتگال نے پولینڈکو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے مات دی۔ اسپین نے جدوجہد کے بعد ڈنمارک کو ہرا دیا۔

Portugal`s star player Cristiano Ronaldo. Photo: INN.
پرتگال کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر: آئی این این۔

پرتگال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنا ریکارڈ۱۳۳؍ واں بین الاقوامی گول کر ڈالا، اس کی بدولت پرتگال نے نیشنز لیگ فٹبال ٹورنامنٹ میں پولینڈ کوایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں اسپین نے ڈنمارک کو ۰۔ ۱؍گول سے شکست دی تھی۔ خیال رہے کہ رونالڈو نے۳۷؍ویں منٹ میں رافیل لیو کی شاٹ پوسٹ پر لگنے کے بعد ریباؤنڈ پر گول کیا۔ اس سے قبل برنارڈو سلوا نے پرتگال کی جانب سے پہلا گول۲۶؍ویں منٹ میں کیا۔ اس کے ساتھ ہی ایک گول پولینڈ کے کھلاڑی نے ہی اپنے گول میں ڈال دیا۔ یہ کرسٹیانو رونالڈو کے کریئر کا۹۰۶؍ واں گول تھا۔ 
کرسٹیانورونالڈو اس سال کے شروع میں یورپی چمپئن شپ میں پرتگال کے لئے ۵؍ میچوں میں ایک بھی گول نہیں کر سکے تھے لیکن وہ نیشنز لیگ میں اب تک جتنے بھی ۳؍ میچ کھیل چکے ہیں ان میں گول کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ان میں کروشیا کے خلاف کیا گیا گول بھی شامل ہے جو ان کے کریئر کا۹۰۰؍ واں گول تھا۔ پولینڈ کی جانب سے واحد گول مڈفیلڈر پیوٹر زیلنسکی نے۷۸؍ویں منٹ میں کیا تاہم دفاعی کھلاڑی جان بیڈنریک نے کھیل کے اختتام سے دو منٹ قبل خود ہی گول کر کے پرتگال کی بڑی فتح کو یقینی بنایا۔ اس فتح سے پرتگال نے ٹیبل پر اپنی پوزیشن کافی مضبوط کرلی ہے۔ 
گروپ اے وَن میں پرتگال ۳؍ میچوں میں ۹؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ کروشیا کے ۶؍ پوائنٹس ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے زگریب میں کھیلے جانےوالے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو ۱۔ ۲؍گول سے شکست دی۔ نیشنز لیگ کے ایک اور میچ میں اسپین نے مارٹن زوبیمینڈی کے۷۹؍ویں منٹ میں کئے جانے والے گول کی مدد سے ڈنمارک کو۰۔ ۱؍ گول سے شکست دی۔ یہ میچ جیتنے کیلئے اسپین کی ٹیم کو کافی جدوجہد کرنی پڑی اور میچ کے آخری لمحات میں اس نے گول کیا۔ اس جیت کے ساتھ دفاعی چمپئن اسپین کے گروپ اے۴؍ میں ۳؍ میچوں کے بعد ۷؍ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ ڈنمارک ۶؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سربیا کے ۴؍ پوائنٹس ہیں۔ اس ٹیم نے ایک اور میچ میں سوئزر لینڈ کو۰۔ ۲؍گول سے شکست دی۔ لیگ سی میں، کوسوو نے لیتھوینا کو۱۔ ۲؍گول سے جبکہ رومانیہ نے قبرص کو۰۔ ۳؍گول سے شکست دی۔ 
پرتگال نے پولینڈ کو اس کے ہی میدان پر زیادہ کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور یکے بعد دیگرے گول کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ پرتگال کیلئے رونالڈو اچھا کھیل رہے ہیں اور وہ چاہیں گے اپنے ریٹائرمنٹ سے پہلے ایک بڑا خطاب اپنے نام کریں۔ میچ کے بعد رونالڈو نے کہاکہ میں نے اس میچ میں دیکھا کہ سبھی کھلاڑی اپنا تعاون کررہے ہیں۔ وہ اپنے کھیل سے سبھی کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی اچھی تعداد ہے اور وہ سبھی اچھا کھیل رہے ہیں۔ امید کرتا ہوں کہ پرتگال کا فٹبال مستقبل اچھا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پولینڈ کے کھلاڑی ہمیں روکنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے ہم نے ان کے ہی میدان پر ان پر شاندار کامیابی حاصل کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK