Inquilab Logo

رونالڈو سنگھ کا تاریخی کا رنامہ،چاندی کا تمغہ جیتا

Updated: June 24, 2022, 1:04 PM IST | Agency

ایشین ٹریک سائکلنگ چمپئن شپ کے اسپرنٹ مقابلے میں سلور میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا

 Indian cyclist Ronaldo Singh won the medal for his outstanding performance..Picture:INN
ہندوستانی سائکلسٹ رونالڈو سنگھ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈل حاصل کیا۔۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کے رونالڈو سنگھ نے ایشین ٹریک سائیکلنگ چمپئن شپ ۲۰۲۲ءکے آخری دن اسپرنٹ مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کردی۔مقابلے میں یہ ان کا تیسرا  میڈل تھا۔ اس سے قبل رونالڈو نے ایک کلومیٹر ٹائم ٹرائل اور ٹیم اسپرنٹ مقابلوں میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ چمپئن شپ کے آخری دن  رونالڈو نے جاپان کے تجربہ کار سائیکلسٹ کینٹو یاماساکی کو سخت ٹکر دی لیکن انہیں چاندی پر اکتفا کرنا پڑا۔ یاماساکی نے رونالڈو کو لگاتار ۲؍ ریسوں میں شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ قزاخستان کے آندرے چوگے نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔رونالڈو سنگھ ایشین سائیکلنگ چمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی سائکلسٹ ہیں۔ صبح کے میچ میں رونالڈو نے سیمی فائنل میں چوگے کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ رونالڈو نے پہلے راؤنڈ  میں پیچھے ہونے کے بعد واپسی کرتے ہوئے اگلی دونوں ریس جیتی تھیں۔اپنی سالگرہ کے موقع پر چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد رونالڈو نے کہا کہ میرے ذہن میں طلائی تمغہ حاصل کرنا  تھا۔ یہ میرے کریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔ میں نے ہر ٹورنامنٹ کے ساتھ اپنی تکنیک پر کام کیا،جو سب سے اہم تھا اور اپنے خاندان کی مدد سے میں نے یہ کامیابی حاصل کی۔
 جونیئر سائیکلسٹ برجیت یمنام نے ہندوستان کو ایک اور تمغہ دلاتے ہوئے کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا۔  یمنام نے مردوں کے جونیئر زمرے میں۱۵؍کلومیٹر پوائنٹس کی دوڑ میں ۲۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ وہ قریبی مقابلے میں ایک پوائنٹ سے محروم رہے اور ان کے حریف کوریا کے سنگ ین لی نے ۲۴؍پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیت لیا۔ اس مقابلے میں ازبکستان کے فرخ بوبوشہروف نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اس کے علاوہ۱۹؍سالہ چنیکا گوگوئی نے خواتین کی۱۰؍کلومیٹر اسکریچ ریس میں کانسے کا تمغہ جیت کر سب کو حیران کردیا۔ تمغہ جیتنے کے بعد چنیکا نے کہا’’میں نے کبھی  ٹریننگ نہیں چھوڑی۔ مجھے خوشی ہے کہ میری محنت رنگ لائی۔ میرا واحد ہدف ملک کیلئے کھیلنا اور تمغے جیتنا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم کے ویلوڈروم میں ایشیائی جونئر اور پیراچمپئن شپ کا بھی انعقاد کیا گیا۔چمپئن شپ کے آخری دن۱۰؍فائنل مقابلے کے دوران کچھ سائیکل آپس میں ٹکرائیںبھی تھیں۔ورلڈ کلاس فیلڈ میں ہندوستان کی سائکلنگ کی ٹیم۲۳؍میڈل (۲؍ گولڈ،۶؍ سلور اور ۱۵؍برونز)کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر رہی۔جاپان کی ٹیم ۱۸؍ طلائی، ۷؍ نقرئی اور۲؍کانسے کے تمغے کے ساتھ پہلی پوزیشن  پر رہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK