• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رونالڈو النصر کیساتھ کھیلتے ہوئے کریئر کا اختتام کرنے کے خواہاں

Updated: August 30, 2024, 1:18 PM IST | Agency | Riyadh

پرتگال کے اسٹار فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو مزید ۲؍سے ۳؍سال کھیلنا چاہتے ہیں،ریٹائرمنٹ کے بعد کوچنگ کے تعلق سے کہا کہ یہ کام ان کی ترجیحات میں نہیں ہے۔

Cristiano Ronaldo. Photo: INN
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر : آئی این این

پرتگال کے اسٹار فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ روز دئیے گئے ایک انٹریو میں ریٹائرمنٹ اور اپنے مستقبل کے منصوبے کے بارے میں کئی باتیں کی ہیں۔ 
 ۲۰۰۹ءمیں مانچسٹر یونائیٹڈ سے اسپین کے کلب ریئل میڈرڈ میں ریکارڈ توڑ ٹرانسفر فیس پر منتقل ہونے کے بعد رونالڈو نے کلب کےلئے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے یووینٹس میں شمولیت اختیار کی اورایک مرتبہ پھر مانچسٹر یونائٹیڈ میں شامل ہوئے۔ فی الحال وہ سعودی عرب کے کلب النصر میں کھیل رہے ہیں۔ حالانکہ ۵؍بار بیلون ڈی اور خطاب جیتنے والے۳۹؍ سالہ کرسٹیانو رونالڈواُس کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے ہیں جس کےلئے وہ مشہور ہیں۔ رونالڈو اپنے کریئر کے اختتام کے قریب پہنچ رہے ہیں لیکن وہ ابھی فٹبال سے دور ہونےکے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کر رہے ہیں۔ 
 اپنے انٹرویو کے دوران کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ ’’مجھے نہیں معلوم کہ میں اپنا کریئر اتنی جلد ختم کروں گا۔ مجھے لگتا ہے کہ میں مزید ۲؍سے ۳؍ سال اور کھیلوں گا اور اس کے بعد ریٹائرمنٹ کے بارے میں غور کروں گا۔ میں موجودہ کلب النصر کے ساتھ کھیتے رہنا چاہتا ہوں اور اسی کلب کیلئے کھیلتے ہوئے اپنے کریئر کا اختتام کرنے کی کوشش کروں گا۔ یہ وہ ٹیم ہے جہاں میں خوش ہوں، جہاں میں اچھا ہوں، جہاں میں اچھا محسوس کرتا ہوں، اس ملک میں بھی اور کلب میں بھی۔ یہی وجہ ہے کہ میں اپنا کریئر النصر میں ختم کر سکتا ہوں۔ میں عرب لیگ میں کھیلنے سے بہت خوش ہوں اور میں یہاں کھیلنا جاری رکھنا چاہتا ہوں۔ ‘‘
  حالیہ یوروکپ میں پرتگال کی ناکامی کے باوجود کرسٹیانو رونالڈو قومی ٹیم کےلئے کھیلتے رہنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ پرتگال کور یورو کپ میں اسپین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا ڑا تھا جبکہ فرانس کے خلاف زخمی ہونے کے سبب وہ میدان سے باہر ہوگئے تھے۔ رونالڈو نے زور دے کر کہا کہ وہ بین الاقوامی فٹبال کے تعلق سے اپنے منصوبوں کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتائیں گے۔ انہوں نے کہا ’’جب میں قومی ٹیم چھوڑ وں گا، تو میں کسی کو پہلے سے نہیں بتاؤں گا بلکہ یہ فوری طور پر کیا جانے والا فیصلہ ہوگا لیکن یہ فیصلہ بہت ہی سوچ سمجھ کر کروں گا۔ ابھی میں قومی ٹیم کو ان کے آنے والے میچوں میں مدد کرنا چاہتا ہوں۔ 
 اس موقع پر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک دلچسپ انکشاف بھی کیا کہ وہ ’ڈگ آؤٹ میں بیٹھنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا ’’ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد میں کسی بھی ٹیم یا کسی کلب کا کوچ بننے کے بارے میں نہیں سوچ رہا ہوں۔ کوچنگ میرے ذہن میں بھی نہیں ہے، میں نے اس کے بارے میں کبھی نہیں سوچا۔ میں اپنے مستقبل کو اس راستے سے نہیں دیکھتا۔ میں اپنے آپ کو فٹبال کے علاوہ دوسری چیزیں کرتے ہوئے دیکھتا ہوں لیکن صرف خدا ہی جانتا ہے کہ مستقبل کیا ہوگا۔ ‘‘ 
 فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے تعلق سے کرسٹیانو رونالڈو کی وضاحت سے یقینی طور پر ان کے مداحوں کو مایوسی ہوگی۔ وہ آج بھی دنیا کے بہترین فٹبال کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی مقبولیت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ دنوں جب انہوں نے اپنا یو ٹیوب چینل شروع کیا تھا تو ایک دن سے بھی کم وقت میں ایک کروڑ ۳۰؍لاکھ سبسکرائبرس بن گئے تھے۔ یہ یو ٹیوب کی تاریخ میں عالمی ریکارڈ تھا۔ اس سے قبل ایک دن میں سب سے زیادہ سبسکرائبرس کا ریکارڈ ہمسٹر کومبیٹ چینل کے پاس تھا۔ بدھ ۲۱؍اگست کو رونالڈو نے اپنا چینل لانچ کرتے ہوئے کہا تھا’’ میرا یوٹیوب چینل آخرکار جاری ہوگیا! اس نئے سفر میں میرا ساتھ دیں۔ ‘‘ واضح رہے کہ یوٹیوب ۱۰؍ لاکھ سے زائد سبسکرائبرس والے چینلز کو گولڈ بٹن بھیجتا ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو کے چینل نے یہ نمبر صرف۹۰؍ منٹ میں پارکر لیا تھا۔ 
 واضح رہے کہ پرتگال کے اسٹار فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کے فالوورس کی تعدادکروڑوں میں ہے۔ ایکس(ٹویٹر) پر ۱۱۲ء۵؍ملین مداح انہیں فالو کرتے ہیں جبکہ فیس پر ۱۷۰؍ملین اور انسٹاگرام پر ۶۳۹؍ملین سے زائد افراد انہیں فالو کرتے ہیں۔ رونالڈو کی مقبولیت میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK