اے ایف سی چمپئن لیگ کے میچ میں النصر نے ۰۔۳؍ گول سے کامیابی حاصل کی۔ سعودی عرب کا فٹبال کلب کوارٹر فائنل میں داخل۔
EPAPER
Updated: March 12, 2025, 12:16 PM IST | Agency | Riyadh
اے ایف سی چمپئن لیگ کے میچ میں النصر نے ۰۔۳؍ گول سے کامیابی حاصل کی۔ سعودی عرب کا فٹبال کلب کوارٹر فائنل میں داخل۔
اسٹار فٹبالرکرسٹیانو رونالڈو کے گول کی بدولت سعودی عرب کے النصر فٹبال کلب نے ایران کے استقلال فٹبال کلب کو۰۔۳؍گول سے ہرا کر اے ایف سی چمپئن لیگ (اے سی ایل) ایلیٹ فٹبال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔خیال رہے کہ پہلے مرحلے کے میچ میں کرسٹیانو رونالڈو نے استقلال کے خلاف مقابلہ نہیں کیا تھا۔ ایران میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ لیکن سعودی میں ہونےو الے میچ میں انہوں نے اپنے کھیل سے شائقین اور اپنی ٹیم کو زبردست حوصلہ دیا۔ ان کے کھیل کی وجہ سے دیگر کھلاڑیوں نے بھی ترغیب لی اور ایرانی فٹبال کلب کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔
کرسٹیانو رونالڈو نے دسمبر۲۰۲۲ء میں النصر میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن وہ ابھی تک ریاض کے کلب کے لئے ٹرافی نہیں جیت سکے ہیں۔ وہ گزشتہ ہفتے راؤنڈ آف۱۶؍ کے میچ کے پہلے مرحلے میں شامل نہیں ہوسکے تھے۔ پہلا مرحلہ بغیر گول کے برابری پر ختم ہوا تھا اور النصر نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے مجموعی طور پر۰۔۳؍سے کامیابی حاصل کی۔ رونالڈو نے۲۶؍ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کیا۔ ان کے علاوہ النصر کی جانب سے جون ڈوران نے ۲؍ گول کئے۔ دریں اثناء دو مرتبہ کے چمپئن قطر کے السعدفٹبال کلب نے متحدہ عرب امارات کے الوسل کو مجموعی طور پر۲۔۴؍سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔النصر کے ڈوران نے شاندار انداز میں صرف ۹؍ منٹ کے بعد گول کیا۔ جنوری میں ایسٹن ولا سے سعودی کلب میں شامل ہونے والے کولمبیائی کھلاڑی نے پنالٹی ایریا کے دائیں کونے پر جگہ تلاش کی اور ایک شاندار گیپ تیار کیا جس پر گول کیپر ان کا شاٹ روکنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے ٹیم کیلئے اچھا آغاز کیا۔ اس علاقے میں سادیو مانے کے فاؤل کرنے کے بعدانہیں ریفری کی جانب سے متنبہ کیا گیا۔ رونالڈو، جو ایران میں پہلے مرحلے سے باہر ہو گئے تھے، نے خود کوپُر سکون رکھا اور ٹورنامنٹ کا اب تک اپنا ساتواں گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ تہران کے کلب کے لئے یہ میچ بہت مشکل تھا کیونکہ اس نے یہ میچ ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ مکمل کیا۔ مہران احمدی کو دوسرا پیلا دکھایا گیا اور جیسے ہی وہ پچ سے باہر نکلے، رونالڈو نے اپنا جادو دکھانا شروع کردیا اور اپنی ٹیم کو فتح کی منزل تک لے گئے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کیلئے بہتر کارکردگی کامظاہرہ کیا اور اسے کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔