• Tue, 24 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہلی کیپٹلس کو شکست دے کر رائل چیلنجرزبنگلور کی ٹیم نے ڈبلیو پی ایل کا خطاب جیت لیا

Updated: March 19, 2024, 9:57 AM IST | Agency | New Delhi

شریانکا پاٹل، سوفی مولینیو اور شوبھنا آشا کی جارحانہ گیند بازی کے بعد ایلیس پیری کےناٹ آؤٹ۳۵؍ رن کی بدولت بنگلور نے اپنا پہلا ٹائٹل جیتا۔

Royal Challengers Bangalore Won The WPL Title. Photo: INN
رائل چیلنجرز بنگلور نے ڈبلیو پی ایل ٹائٹل جیت لیا۔ تصویر : آئی این این

شریانکا پاٹل، سوفی مولینیو اور شوبھنا آشا کی جارحانہ گیند بازی کے بعد ایلیس پیری کی ناٹ آؤٹ۳۵؍ رن اور سوفی ڈیوائن کی ۳۲؍ رن کی اننگز کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلورو خاتون ٹیم نے ویمنز پریمیر لیگ کے فائنل مقابلے میں دہلی کیپٹلس کو ۸؍وکٹ سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا۔ 
 ۱۱۴؍رن کے ہدف کے تعاقب میں رائل چیلنجرز بنگلور نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے ۴۹؍ رن جوڑے۔ سوفی ڈیوائن کو شیکھا پانڈے نے پہلے وکٹ کے طور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ سوفی نے۲۷؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۲؍ رن بنائے۔ کپتان اسمرتی مندھانا دوسرے وکٹ کی شکل میں ۳۱؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ایلیس پیری نے۳۷؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں کی مدد سے۳۵؍ رن کی محتاط اننگز کھیلی اور رچا گھوش ۱۷؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ بنگلورو نے۱۹ء۳؍ اوورس میں ۱۱۵؍ رن بنا کر ۸؍ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ دہلی کیپٹلس کیلئے شکھا پانڈے اور منو مانی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
 اس سے قبل دہلی کیپٹلس نے رائل چیلنجرز بنگلور کو جیت کیلئے ۱۱۴؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ دہلی کیپٹلس ویمن نے اتوار کی رات دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ دہلی کی اوپننگ جوڑی کپتان میگ لیننگ اور شیفالی ورما نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے ۶۴؍ رن جوڑے۔ ۸؍ویں اوور میں سوفی مولینو نے شیفالی ورما کو ویرہم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر دہلی کو پہلا جھٹکا دیا۔ شیفالی نے۲۷؍ گیندوں پر۲؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۴۴؍ رن بنا کر دہلی کیلئے سب سے زیادہ رن بنائے۔ اگلے ہی اوور میں شریانکا پاٹل نے کپتان میگ لیننگ کو۲۳؍ رن پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد دہلی کا کوئی بھی بلے باز بنگلورو کی اسپن کا سامنا نہیں کر سکا۔ کاپ ۸؍ رن بنانے کے بعد، جیس جانسن ۳؍ رن، رادھا یادو ۱۲؍ رن بنانے کے بعد، منو مانی ۵؍ رن اور اروندھتی ریڈی۱۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ جمائمہ روڈریگیز، ایلس کیپسی اور تانیہ بھاٹیہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئیں۔ شکھا پانڈے ۵؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ دہلی کیپٹلس کی پوری ٹیم۱۸ء۳؍ اوور میں ۱۱۳؍رن پر ڈھیر ہو گئی۔ رائل چیلنجرز بنگلور کی خواتین ٹیم کی جانب سے شریانکا پاٹل نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ سوفی مولینو نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ شوبھنا آشا نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK