آئی پی ایل کے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے راجستھان رائلز کو ۹؍وکٹ سے شکست دی۔ کوہلی اور سالٹ نے نصف سیکڑے بنائے۔
EPAPER
Updated: April 14, 2025, 10:23 AM IST | Agency | Jaipur
آئی پی ایل کے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے راجستھان رائلز کو ۹؍وکٹ سے شکست دی۔ کوہلی اور سالٹ نے نصف سیکڑے بنائے۔
فل سالٹ (۶۵؍رن) اور وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ۶۲؍رن) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے اتوار کو ۲۸؍ویں میچ میں راجستھان رائلز (آر آر) کو۱۵؍ گیندیں باقی رہتے۹؍ وکٹوں سے شکست دے دی اور ۲؍پوائنٹس حاصل کرلئے۔
۱۷۴؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں آر سی بی کے اوپنرس فل سالٹ اور وراٹ کوہلی نے شاندار آغاز کیا، پہلے وکٹ کیلئے ۹۲؍ رن بنائے۔ ۹؍ویں اوور میں کمار کارتیکیا نے فل سالٹ کو آؤٹ کرکے آر آر کو پہلی کامیابی دلائی۔ بعد میں دیو دت پڈیکل بیٹنگ کیلئے آئے اور وراٹ کوہلی کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے ۸۳؍رن کی ناٹ آؤٹ شراکت کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور کو۱۷ء۳؍ اوور میں ۹؍ وکٹ سے فاتح بنا دیا۔ اسٹاربلےبازوراٹ کوہلی نے۴۵؍ گیندوں پر۴؍ چوکے اور۲؍ چھکے (ناٹ آؤٹ ۶۲؍رن جبکہ دیودت پڈیکل نے۲۸؍ گیندوں پر ۵؍ چوکے اور ایک چھکا ( ناٹ آؤٹ ۴۰؍رن) اسکور کیا۔ راجستھان رائلز کی جانب سے کمار کارتیکیا نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
اس سے قبل یشسوی جیسوال (۷۵؍رن)، دھرو جوریل (ناٹ آؤٹ۳۵؍رن ) اور ریان پراگ (۳۰؍رن) کی شاندار اننگز کی بدولت راجستھان رائلز (آر آر) نے انڈین پریمیر لیگ کے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو ۱۷۴؍رن کا ہدف دیاتھا۔
اتوار کو آر سی بی کے کپتان رجت پاٹیدار نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے آتے ہوئے یشسوی جیسوال اور کپتان سنجو سیمسن کی اوپننگ جوڑی نے راجستھان رائلز کیلئے پہلے وکٹ کیلئے۴۹؍ رن جوڑے۔ ۷؍ویں اوور میں کرونال پانڈیا نے سنجو سیمسن (۱۵؍رن) کو بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر جیتیش شرما کے ہاتھوں اسٹمپ کروایا۔ اس کے بعد ریان پراگ بیٹنگ کیلئے آئے اور یشسوی جیسوال کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کیلئے ۵۶؍ رن کی شراکت قائم ہوئی۔ وراٹ کوہلی نے۱۴؍ویں اوور میں ریان پراگ کو یش دیال کی گیند پر کیچ کروا کر اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ ریان پراگ نے۲۲؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۰؍ رن بنائے۔ سنچری کی طرف بڑھنے والے یشسوی کو جوش ہیزل ووڈ نے ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ یشسوی جیسوال نے۴۷؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۷۵؍رن بنائے۔ بھونیشورکمار نے۲۰؍ویں اوور کی پانچویں گیند پر شمرون ہتمائر (۹؍رن ) کو آؤٹ کیا۔ راجستھان رائلز نے مقررہ ۲۰؍اوورس میں ۴؍ وکٹ پر۱۷۳؍ رن بنائے۔ دھرو جوریل نے۲۳؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۳۵؍رن بنائے۔ رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کرونال پانڈیا، جوش ہیزل ووڈ، بھونیشور کمار اور یش دیال نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔