• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

روس کے کھلاڑی میدویدیف نے غصہ میں کیمرہ توڑ دیا

Updated: January 15, 2025, 1:04 PM IST | Agency | Melbourne

عالمی نمبر۴۱۸؍ تھائی لینڈ کے سمریج کے خلاف میچ میں میدویدیف ۱-۲؍سے پیچھے تھے، اپنی ایک غلطی کے بعد وہ خود پر قابو نہ رکھ سکے اور ریکیٹ نیٹ پر دے مارا، آسٹریلین اوپن کا یہ میچ حالانکہ و ہ جیت گئے لیکن کیمرہ توڑنے پر ان پر بھاری جرمانہ عائد ہوسکتا ہے، میدویدیف کاکہنا ہےکہ امیدہےکہ جرمانہ زیادہ نہیں ہوگا۔

Daniil Medvedev slams the racket into the net in anger after falling behind in a set. Photo: PTI
ڈینیل میدویدیف ایک سیٹ میں پیچھے رہنے کے بعدغصے میںریکیٹ نیٹ پر مارتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی

آسٹریلین اوپن کے پہلے راؤنڈ کے دوران روسی ٹینس اسٹار ڈینیل میدویدیف نے غصے میں اپنے ریکیٹ سے نیٹ کا کیمرہ توڑ دیا۔ اس دوران ان کا ریکیٹ بھی ٹوٹ گیا۔ منگل کو راڈ لاور ایرینا میں پہلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ تھائی لینڈ کے کسیڈٹ سمریج سے ہوگا۔ تین بار کے گرینڈ سلیم فائنلسٹ میدویدیف عالمی نمبر۴۱۸؍سمریج کے خلاف میچ میں ۱-۲؍سے پیچھے تھے۔ اپنی ایک غلطی کے بعد وہ خود پر قابو نہ رکھ سکے اور ریکیٹ سے کیمرہ توڑ دیا۔ پھر میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ میچ میں ایسی غلطیوں کی وجہ سے میں خود پر قابو نہیں رکھ پا رہا ہوں ۔ تاہم پانچویں سیڈ میدویدیف نے پانچ سیٹوں کا میچ ۲-۶، ۶-۴، ۶-۳، ۱-۶، ۲-۶؍ سے جیت لیا۔ وائلڈ کارڈ کے ذریعے ٹورنامنٹ میں داخل ہونے والے تھائی لینڈ کے سمریج کا یہ پہلا گرینڈ سلیم میچ تھا جس میں انہوں نے سخت چیلنج پیش کیا۔ 
اس میچ کے بعدمیدویدیف نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ سمریج ہر میچ میں اس طرح کھیلے۔ میدویدیف نے اپنے آن کورٹ انٹرویو میں کہا ’’ میں نے سمریج کے میچ دیکھے تھے لیکن اس طرح کی پرفارمنس کبھی نہیں دیکھی، اس لیے میں حیران رہ گیا۔ اگر وہ ہر میچ میں اس طرح کھیلتے ہیں تو وہ اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ اگر میرا سامنا ہو تو سمریج ہر میچ میں اس طرح کھیلے۔ ٹینس میں کامیاب ہونے کیلئے آپ کو مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور میں اس کے لیے یہی خواہش کرتا ہوں۔ اس میچ میں جو سیٹ انہوں نے ہارا اور جس کے بعد میدان پر یہ نا خوشگوار واقعہ پیش آیا، اس کی وجہ سے میچ کو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑ گیاتھا۔ 
میدویدیف پر جرمانہ لگ سکتا ہے
 میدان پر اس حرکت کیلئے روسی ٹینس اسٹار میدویدیف بھاری جرمانہ عائدہوسکتا ہے۔ اس پر میدویدیف نے کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ زیادہ بڑا جرمانہ نہیں ہوگا۔ جرمانہ عام طور پر ریکٹ کو توڑنے کیلئے ہوتا ہے اور کیمر ے کے کچھ اخراجات ہوسکتے ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ ’ گوپرو‘ اتنا مہنگا ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے غصہ میں یہ حرکت کی لیکن میں ریکٹ کو ٹکڑے ٹکڑے نہیں کرنا چاہتا تھا۔ جب میں نے ریکٹ کو دیکھا تو میں نے سوچا کہ اب نیا ریکیٹ لینے کا وقت ہے۔ ‘‘
 واضح رہےکہ میدویدیف اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل انہوں نے نومبر میں اے ٹی پی فائنلزکھیلا تھا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ سے پہلے عہد کیا تھا کہ وہ اس سیزن میں بڑے ناموں کیلئے ’خرابی‘ پیدا کریں گے لیکن ایک نئے کھلاڑی کے خلاف ان کی ہنگامہ خیز شروعات سے ظاہرہوتا ہےکہ اب ان کا خوداپنے عہد پر پورا اترنا مشکل ہوسکتا ہے۔ 
سمریج کا کھیل اعلیٰ درجےکا تھا 
 انہوں نے سمریج کے تعلق سے کہاکہ ’’ یہ اس کا اعلیٰ درجے کا کھیل تھا، اس کی سروس اچھی تھی، ہر سیٹ میں ایک بریک، ایک میچ جیتنے کیلئے یہی سب تو کرنا ہوتا ہے۔ ‘‘ بتا دیں کہ میدویدیف گزشتہ سال کے فائنل میں جینک سنر سے ہار گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ’’ ایک سے دو سیٹ میں پیچھے رہنا مشکلات کھڑی کرتا ہے اور یہ اچھا احساس نہیں ہوتا۔ میں خوش ہوں کہ میں سخت رہنے میں کامیاب رہا۔ میرے خیال میں، میرے کھیل کا لیول خراب نہیں تھا، میں نے کافی اچھا کھیلا اور یقینی طور پر پورے ٹورنامنٹ میں بہتر کھیلنے کی کوشش کروں گا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK