بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے کہا کہ سہولت ملے تو دوسرے کھیلوں میں بھی کھلاڑی نمایاں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 02, 2024, 12:14 PM IST | Agency | Hisar
بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے کہا کہ سہولت ملے تو دوسرے کھیلوں میں بھی کھلاڑی نمایاں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
ہریانہ کے ضلع حصار میں ایک اسپورٹ کلب کا افتتاح کرنے پہنچی ہندوستان کی بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہریانہ کی طرح دیگر ریاستوں کو بھی کھیلوں پر توجہ دینی چاہیے۔ تاکہ ملک کو زیادہ سے زیادہ تمغے دلائے جاسکیں۔ سائنا نے پیرس اولمپکس میں ہریانہ کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کے مقابلے کھیلوں کے تئیں کافی زیادہ سنجیدگی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے نتیجے میں بہتر نتائج بھی برآمد ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کھلاڑیوں کو بہت سہولتیں مل رہی ہیں، پہلے ہمیں کم سہولتیں ملتی تھیں۔ ہریانہ کے کھلاڑی بہت اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور تمغے بھی جیت رہے ہیں، ایسے میں ملک کی دیگر ریاستوں کو بھی ہریانہ کی طرح کھیلوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے تمام والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کھیلوں میں کریئر بنانے کی تحریک دیں تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔
اس کے علاوہ سائنا نہوال نے ملک میں کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں کو بھی پیار دینے کی بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں کرکٹ جیسی محبت دیگر کھیلوں کو بھی ملنی چاہیے کیونکہ دیگر کھیل بھی کرکٹ جیسی محبت کے حقدار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم کرکٹ کو ہمیشہ پسند کریں گے۔ ایسا کبھی نہیں ہو سکتا کہ ملک میں کرکٹ سے محبت کبھی کم ہوگی لیکن دوسرے کھیل بھی کرکٹ جیسی محبت کے مستحق ہیں۔ ایسے میں ملک میں دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ اگر کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دی جائے تو انہیں بھی کرکٹ کی طرح ملک میں پیار ملے گا۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں ہندوستان کے کل ۱۱۷؍کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جس میں سے صرف ۲۴؍ کھلاڑی ریاست ہریانہ سے ہیں، جو کی کسی بھی ریاست سے سب سے زیادہ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے اب تک ۳؍ میڈل جیتے ہیں اور وہ تین میں سے۲؍ میڈل شوٹنگ میں ہریانوی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی ہی وجہ سے آئے ہیں۔ اگر دیگر کھیلوں میں بھی سہولت فراہم کی جائے تو کھلاڑی نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا مستقبل اور ملک کا نام روش کرن سکتے ہیں۔