• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ہماری کامیابی ملک میں لڑکیوں کو ہاکی کھیلنے کی تحریک دےگی‘‘

Updated: November 22, 2024, 12:36 PM IST | Agency | Rajgir

ایشین چمپئن ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کا خطاب جیتنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم کی کپتان سلیمہ ٹیٹے نے کہا کہ ملک میں اس کھیل کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

Indian women`s hockey team players can be seen jubilant with the trophy after winning against China in the final. Photo: INN
ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم کی کھلاڑی فائنل میں چین کےخلاف کامیابی حاصل کرنےکے بعد ٹرافی کے ساتھ خوش دیکھی جا سکتی ہیں۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے گزشتہ روز چین کو ایک صفرسے شکست دے کر ایشین چمپئن ٹرافی ۲۰۲۴ءکا خطاب جیت لیا۔ واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی یہ تیسری جیت ہے، اس سے قبل اس نے ۲۰۱۶ءاور ۲۰۲۳ءمیں خطاب جیتا تھا۔ اس خطابی جیت کے ساتھ ہی ہندوستان جنوبی کوریا کے ساتھ ایشین چمپئن ٹرافی کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم بن گئی ہے۔ دونوں ممالک کے پاس اب ۳۔ ۳؍ خطاب ہیں۔ 
 ہندوستانی ٹیم کی کپتان سلیمہ ٹیٹے نے راجگیر میں ملنے والی ناقابل یقین حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا’’راجگیر میں کھیلنا ایک خاص تجربہ تھا، خاص طور پر یہ دیکھتے ہوئے کہ یہاں یہ پہلا بین الاقوامی ہاکی ٹورنامنٹ تھا۔ ہجوم کی توانائی اور جوش بے مثال تھی اور اس نے پورے مقابلے میں ہمیں اضافی حوصلہ دیا۔ مجھے یقین ہے کہ ٹیم کو ملنے والی کامیابی ملک میں نوجوان لڑکیوں کو ہاکی میں اپنا کریئر بنانے کی ترغیب اور تحریک دےگی اور ہمارے ملک میں یہ کھیل مزید مقبولیت حاصل کرےگا۔ ‘‘
  اس موقع پرسلیمہ ٹیٹے نے ایف آئی ایچ ۲۰۲۶ء ہاکی ورلڈ کپ اور ۲۰۲۸ء لاس اینجلس اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے کے اپنے عزم پر زور دیتے ہوئے مستقبل کے بین الاقوامی مقابلوں کے تعلق سے ٹیم کے ذریعے مزید بہتر کارکردگی کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا’’آج ہم اس جیت کا جشن منارہے ہیں لیکن ہماری توجہ طویل مدتی اہداف پر ہے۔ ہم ہر دن سخت محنت کر رہے ہیں، خود پر بھروسہ رکھتے ہیں اور ہر ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کے لئے وقف ہیں۔ ہمارا حتمی مقصد ہندوستان کیلئے زیادہ سے زیادہ کامیابی حاصل کرنا اور ملک کا سر فخر سے بلند کرنا ہے۔ ‘‘
 سلیمہ ٹیٹے ہاکی انڈیا لیگ (ایچ آئی ایل) ۲۵۔ ۲۰۲۴ءمیں کھیلتی ہوئی نظر آئیں گی، جہاں خواتین کی ٹیمیں لیگ کی تاریخ میں پہلی بار حصہ لیں گی۔ ’سورما ہاکی کلب‘ کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے اپنے آبائی شہر رانچی میں کھیلنے کے بارے میں اپنے جوش کا اظہار کیا، جہاں خواتین کے ایچ آئی ایل زیادہ تر میچ منعقد ہوں گے۔ یاد رہے کہ ہندوستان نے دفاعی چمپئن کے طور پر بہار میں منعقدہ ایشین ہاکی چمپئن شپ کے پورے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی غلبہ دکھایا۔ ٹیم نے ملائیشیا کے خلاف چار صفرکی شاندار جیت کے ساتھ آغاز کیا۔ اس کے بعد جنوبی کوریا کے خلاف سخت جدوجہد سے ۲۔ ۳؍سے فتح حاصل کی۔ ہندوستانی ٹیم نے گروپ اسٹیج مہم میں تھائی لینڈ کو ۱۳۔ صفرسے ہرانا اور چین اور جاپان کے خلاف لگاتار تین صفر کی جیت بی شامل تھی۔ ہندوستان نے سیمی فائنل میں جاپان کو دوصفرسے شکست دی اور پھر سخت فائنل میں چین کو زیر کیا۔ ٹیم کی مجموعی کارکردگی قابل ذکر تھی کیونکہ اس نے ٹورنامنٹ میں ۲۹؍گول اسکور کئے اور ۶؍ میچوں میں کلین شیٹ برقرار رکھتے ہوئے صرف ۲؍ میچ میں مخالف ٹیم گول کرنے میں کامیاب رہی۔ مزید یہ کہ ہندوستانی فارورڈ دپیکا ۱۱؍گول کے شاندار اسکور کے ساتھ ٹورنامنٹ کی ٹاپ اسکورر بن کر ابھریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK