اتر پردیش کے بلے باز نے شعیبصدیقی کیساتھ جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا، محمد فیض اور دانش کی سنچریاں رائیگاں۔
EPAPER
Updated: December 27, 2024, 11:06 AM IST | Lucknow
اتر پردیش کے بلے باز نے شعیبصدیقی کیساتھ جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا، محمد فیض اور دانش کی سنچریاں رائیگاں۔
اتر پردیش نے بی سی سی آئی انڈر۔ ۲۳؍ ون ڈے ٹرافی میں ودربھ کے خلاف ۸؍وکٹوں سے ریکارڈ جیت درج کی۔ ودربھ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۵۰؍ اووروں میں ۶؍ وکٹ پر ۴۰۶؍ رنوں کاپہاڑ کھڑا کردیا تھا لیکن اتر پردیش نے ۴۱ء۲؍اوور میں صرف ۲؍وکٹ گنواکر ۴۰۹؍رن بنا کرآسانی سے جیت اپنے نام کر لی۔ اتر پردیش کی اس جیت میں کپتان سمیر رضوی نے ۱۰۵؍ گیندوں میں ۲۰۲؍ رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ٹورنامنٹ میں یہ ان کی دوسری ڈبل سنچری ہے۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئےودربھ کی جانب سے دانش مالیوال نے۱۴۲؍اور کپتان محمد فیض نے ۱۰۰؍رن بنائے۔ دانش نے ۱۲۳؍ گیندوں میں ۱۶؍ چوکے اور۴؍ چھکے لگائے جبکہ محمد فیض نے ۶۲؍گیندوں میں ۹؍ چوکے اور ۵؍ چھکے لگائے۔ دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے ۱۹۷؍رنوں کی شراکت ہوئی۔ ودربھ نے ۶؍وکٹوں کے نقصان پر ۴۰۶؍رن بناکر اتر پردیش کو جیت کیلئے ۴۰۷؍رنوں کا نشانہ دیا تھا۔
فتح کے تعاقب میں میدان پر بلے بازی کے لئے آنے والی اتر پردیش کی ٹیم نے شوریہ سنگھ ۶۲؍اور سواستک چکارا کی ۴۱؍ رنوں کی اننگز کی بدولت شاندار آغاز کیا تاہم اس کے بعد کپتان سمیر رضوی اور وکٹ کیپر شعیب صدیقی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور میچ کو یکطرفہ کردیا۔ رضوی نے ۱۰۵؍گیندوں کی ناقابل شکست اننگز میں ۱۰؍ چوکے اور ۱۸؍ چھکے لگائے۔ وہیں شعیب صدیقی نے ۷۳؍گیندوں پر ۹۶؍رنوں کی ناقابل شکست اننگز میں ۹؍چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ موجودہ ٹورنامنٹ میں سمیررضوی کی یہ دوسری ڈبل سنچری ہے۔
اس سے قبل انہوں نے تریپورہ کے خلاف ۹۷؍گیندوں پر ناقابل شکست ۲۰۱؍رن بنائے تھے جس میں ۱۳؍چوکے اور ۲۰؍ چھکے شامل تھے۔ یاد رہے کہ پڈوچیری کے خلاف میچ میں اتر پردیش نے بھی ۴؍ وکٹ پر ۴۴۳؍رنوں کا بڑا اسکور بنایا تھا جس میں سمیر رضوی نے ۶۹؍گیندوں میں ۱۳۷؍رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی جس میں ۱۱؍چوکے اور ۱۰؍ چھکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ شعیب صدیقی نے۱۲۵؍گیندوں پر ۱۶۲؍رنوں کی اننگز بھی کھیلی تھی جس میں ۱۲؍ چوکے اور ۹؍چھکے شامل تھے۔ مجموعی طور پر سمیر رضوی نے اب تک اس ٹورنامنٹ کے۶؍ میچوں میں ۳۶۴؍کے بہترین اوسط سے ۷۲۸؍رن بنائے ہیں جس میں ۶۲؍ چھکے شامل ہیں۔ اس میں انہوں نے ۲؍ ناقابل شکست ڈبل سنچریاں اور ۲؍ سنچریاں اسکور کی ہیں۔