ہندوستان کی ٹاپ سیڈیڈ جوڑی کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کا مضبوط دعویدار سمجھا جاتا ہے۔
EPAPER
Updated: June 04, 2024, 12:17 PM IST | Agency | Jakarta
ہندوستان کی ٹاپ سیڈیڈ جوڑی کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کا مضبوط دعویدار سمجھا جاتا ہے۔
اولمپکس پر نظر رکھتے ہوئے ساتوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی اسٹار ہندوستانی جوڑی منگل سے یہاں شروع ہونے والے انڈونیشیا اوپن سپر۱۰۰۰؍ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں اپنے خطاب کا دفاع کرتے ہوئے مستقل مزاجی کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔ ہندوستان کی ٹاپ سیڈیڈ جوڑی کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کا مضبوط دعویدار سمجھا جاتا ہے۔ اس سیزن میں ان کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔ وہ ۴؍ ٹورنامنٹس کے فائنل میں پہنچے جن میں سے وہ فرنچ اوپن اور تھائی لینڈ اوپن جیتنے میں کامیاب رہے۔
وہ تھامس کپ میں انڈونیشیا اور چین کے خلاف اچھی کارکردگی پیش نہیں کرسکے۔ اس کے علاوہ وہ آل انگلینڈ اوپن اور گزشتہ ہفتے سنگاپور اوپن میں ابتدائی طور پر باہر ہو گئے تھے۔ ساتوک اور چراغ پچھلے سال انڈونیشیا اوپن جیت کر سپر۱۰۰۰؍ ٹورنامنٹ جیتنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے۔ اب وہ گزشتہ ہفتے کی غلطیوں کو سدھار کر گزشتہ سال کی کارکردگی کو دُہرانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا پہلا میچ ملائیشیا کے مین وی چونگ اور کائی وون ٹی سے ہوگا۔ دو بار کی اولمپک تمغہ فاتح پی وی سندھو پر بھی دباؤ رہے گا جو پیرس اولمپکس سے قبل اعتماد حاصل کرنا چاہیں گی۔
ملائیشیا اوپن کے فائنل میں پہنچنے سے شاید ان کے حوصلے بلند ہوئے ہوں لیکن۳۔۱۱؍ کی برتری کے باوجود خطابی میچ میں چین کی وانگ ژی یی کے خلاف ہارنا تشویشناک ہے۔ این سی ینگ، چن یو فی، اکانے یاماگوچی اور کیرولینا مارین جیسی ٹاپ کھلاڑی ملائیشیا اوپن میں نہیں کھیلے تھے لیکن وہ انڈونیشیا اوپن میں چیلنج پیش کریں گے اور ایسی صورتحال میں سندھو کیلئے راستہ آسان نہیں ہوگا۔ اگر سندھو پہلے راؤنڈ میں چائنیز تائپے کی وین چی سو کو ہراتی ہیں تو انہیں مارین کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن سے وہ گزشتہ ہفتے کوارٹر فائنل میں ہار گئی تھیں۔
مردوں کے سنگلز میں ہندوستان کی توجہ ایچ ایس پرنئے اور لکشیا سین پر ہوگی۔ لکشیا اپنی مہم کا آغاز جاپان کے کانتا سونیاما کے خلاف کریں گے۔ اگر وہ کوارٹر فائنل میں پہنچ جاتا ہے تو اس کا مقابلہ دفاعی اولمپک چمپئن اور ٹاپ سیڈیڈ وکٹر ایکسلسن سے ہو سکتا ہے، جن سے وہ گزشتہ ہفتے ہار گئے تھے۔ پرنئے، جو اس سیزن میں صحت کے مسائل سے نبرد آزما ہیں، پہلے راؤنڈ میں ہم وطن پریانشو رجاوت کا سامنا کریں گے۔
سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی کدامبی سری کانت اور کرن جارج بھی اپنا چیلنج پیش کریں گے۔ پہلے راؤنڈ میں سری کانت کا مقابلہ چیکو اورا ڈوی وردویو سے ہوگا جبکہ جارج کا مقابلہ چین کے وینگ ہانگ یانگ سے ہوگا۔ خواتین کے ڈبلز میں تنیشا کرسٹو اور اشونی پونپا کی جوڑی، جو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں، اپنی مہم کا آغاز کینیڈین جوڑی جیکی ڈینٹ اور کرسٹل لائی کے خلاف کریں گی۔ تریشا جولی اور گایتری گوپی چند کی ایک اور ہندوستانی جوڑی کا مقابلہ چینی تائپے کی چینگ یو پی اور سن یو ہنگ سے ہوگا۔