ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی مرد ڈبلز جوڑی نے جنوبی کوریا کے جن جونگ اور کانگ من ہیوک کو شکست دےدی
EPAPER
Updated: January 18, 2025, 10:14 PM IST | New Delhi
ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی مرد ڈبلز جوڑی نے جنوبی کوریا کے جن جونگ اور کانگ من ہیوک کو شکست دےدی
ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی مرد ڈبلز جوڑی نے جمعہ کو جنوبی کوریا کے جن جونگ اور کانگ من ہیوک کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ دریں اثنا، ہندوستان کی تجربہ کار شٹلر پی وی سندھو انڈیا اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز زمرے کے کوارٹر فائنل میں گریگوریا ماریسکا تنجنگ سے ہار گئیں۔
اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو کو دنیا کی پانچویں نمبر کی انڈونیشیائی بیڈمنٹن کھلاڑی سے۹۔۲۱، ۲۱۔۱۹، ۱۷۔۲۱؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بیڈمنٹن کی عالمی نمبر۱۶؍ پی وی سندھو کو پہلا گیم بڑے فرق سے ہارنا پڑا تاہم، سندھو نے دوسرے گیم میں واپسی کی اور ایک قریبی گیم میں۷۔۹؍ سے پیچھے رہنے کے باوجود گیم پر اپنی گرفت برقرار رکھی۔ اچھا مقابلہ کرتے ہوئے سندھو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور۱۰۔۱۴؍ کی برتری حاصل کی تاہم حریف نے ایک بار پھر ہندوستانی شٹلر پر دباؤ ڈالا اور دوسرے گیم میں۱۴ ۔۱۴؍ کی برابری کرلی۔
سندھو نے اس کے بعد مزید تین پوائنٹ حاصل کیے لیکن ایک بار پھر گریگوریا ماریسکا تنجنگ نے گیم برابر کر دیا۔ گیم کے اختتام پر سندھو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیم کو ۱۹۔۲۱؍کے اسکور سے جیت کر میچ میں۱۔۱؍ کی برابری کرلی۔ آخری اور فیصلہ کن گیم میں سندھو نے اپنا فارم برقرار رکھا اور شاندار آغاز کیا۔ اس گیم میں دونوں شٹلرز نے اپنی بہترین کوششیں کیں اور اس وقت میچ ڈرا پر جا رہا تھا۔ گیم ۱۷۔۱۷؍ سے برابر ہوگیاتھا اور یہاں سے جیت کسی بھی خیمے میں جا سکتی تھی۔
آخری لمحات میں انڈونیشیا کی گریگوریا ماریسکا تونجنگ نے لگاتار چار پوائنٹس حاصل کر کے گیم کے ساتھ ساتھ میچ بھی جیت لیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی پی وی سندھو کا اس ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔ وہیں ساتوک سائیراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی مردوں کی ڈبلز جوڑی نے جمہوریہ کوریا کے جن جونگ اور کانگ من ہیوک کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
پہلے گیم میں ہندوستانی جوڑی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور۱۰۔۲۱؍ کے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد دوسرے گیم میں بھی ۷؍ویں سیڈ ہندوستانی جوڑی نے اپنے مانوس انداز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دوسرے گیم کو بھی جیت کر میچ۱۰۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍ سے اپنے نام کرلیا۔ مردوں کے سنگلز زمرے میں ہندوستانی شٹلر کرن جارج کو جاپان کے وین ہانگ یانگ نے۱۳۔۲۱، ۱۹۔۲۱؍ سے شکست دی۔