Updated: June 12, 2024, 10:56 AM IST
|
Agency
| New Delhi
ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستان کی ٹاپ مینز ڈبلز جوڑی، جنہوں نے گزشتہ ہفتے انڈونیشیا اوپن میں اپنے ٹائٹل کے دفاع سے دستبرداری اختیار کی تھی، منگل کو جاری کردہ تازہ ترین بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن(بی ڈبلیو ایف )کی درجہ بندی میں دو مقام گر کر تیسرے نمبر پر آگئی۔
چراغ شیٹی اور ساتوک رینکی ریڈی۔ تصویر : آئی این این
ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستان کی ٹاپ مینز ڈبلز جوڑی، جنہوں نے گزشتہ ہفتے انڈونیشیا اوپن میں اپنے ٹائٹل کے دفاع سے دستبرداری اختیار کی تھی، منگل کو جاری کردہ تازہ ترین بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن(بی ڈبلیو ایف )کی درجہ بندی میں دو مقام گر کر تیسرے نمبر پر آگئی۔ چین کے لیانگ وی کینگ اور وانگ چانگ مینز ڈبلز کی نئی نمبر ایک جوڑی ہیں۔ ان کے بعد ڈنمارک کے کم اسٹرپ اور اینڈرس اسکرپ راسموسن ہیں جنہوں نے دو درجے کی چھلانگ لگائی ہے۔ ساتوک اور چراغ کی جوڑی نے مئی میں تھائی لینڈ اوپن جیت کر نمبر ون رینکنگ حاصل کی تھی لیکن پچھلے مہینے سنگاپور اوپن میں پہلے راؤنڈ سے باہر ہو گئے تھے۔ ہندوستانی جوڑی بھی جاری آسٹریلین اوپن سے دستبردار ہوگئی ہے۔ مردوں کے سنگلز میں ایچ ایس پرنئے اور لکشیا سین بالترتیب ۱۰؍ویں اور۱۴؍ویں نمبر پر ہیں۔ کدامبی سری کانت ۴؍ مقام گر کر۳۲؍ ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ پریانشو راجاوت (۳۴؍ ویں ) اور کرن جارج (ایک مقام اوپر ۳۵؍ ویں ) اگلے بہترین ہندوستانی ہیں۔ دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو خواتین کی سنگلز رینکنگ میں ۱۰؍ویں مقام پر برقرار ہیں۔ خواتین کے ڈبلز میں، پیرس اولمپکس جانے والی جوڑی تنیشا کرسٹو اور اشونی پونپا ایک مقام کے اضافے سے۱۹؍ ویں نمبر پر آگئی ہیں۔ تریسا جولی اور گایتری گوپی چند کو بھی ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ ۲۴؍ ویں نمبر پر ہیں۔