Inquilab Logo

سورو گھوشال نے تاریخ رقم کردی

Updated: August 05, 2022, 12:52 PM IST | Agency | Birmingham

دولت مشترکہ کھیلوں میں اسکواش کے سنگلز مقابلے میںمیڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی مرد کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا

Saurav Ghosal .Picture:INN
سورو گھوشال ۔ تصویر: آئی این این

یہاں کھیلے جا رہے کام ویلتھ گیمز میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔اسکواش مقابلے میں ہندوستان کے اسٹار کھلاڑی سورو گھوشال نے مردوں کے سنگلز مقابلے میں میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی۔واضح رہے کہ پہلی بار اسکواش کے مردوں کے مقابلوں میںکسی ہندوستانی کھلاڑی نے تمغہ جیتا ہے۔سورو گھوشال  نے انگلینڈ کے سابق نمبر ایک کھلاڑی جیمس ولسٹروپ کو تین صفر سے شکست دے کر کانسے کا تاریخی تمغہ اپنے نام کیا۔ سورو گھوشال نے پہلا گیم۶۔۱۱؍سے اپنے نام کیا اور اس کے بعد دوسرے گیم بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ایک۔۱۱؍ سے جیت لیا۔تاریخ رقم کرنے کےلئے گھوشال کو تیسرا گیم جیتنا تھا جبکہ مقابلے میں برقرار رہنے کےلئے جیمس کو یہ گیم جیتنا ضروری تھا۔تیسرے گیم میں بھی ہندوستانی کھلاڑی نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور اسے بھی یکطرفہ انداز میں ۴۔۱۱؍ سے جیت کر برونز میڈل اپنے نام کرلیا۔  سورو گھوشال کے اس تاریخی کارنامہ پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے انہیں مبارکباد دی۔انہوںنے ٹویٹ میں لکھا’’دولت مشترکہ کھیلوں میں اسکواش کے مردوں کے سنگلز مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتنے پر سورو گھوشال کو مبارکباد۔ہندوستان کو آپ پر فخر ہے کہ آپ نے کھیل کے اس زمرے میں میڈل جیتنے کا تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔‘‘ میچ کے بعد ہندوستانی اسکواش کھلاڑی سورو گھوشال کا جذباتی ہوگئے ۔۳۵؍سالہ کھلاڑی کے چہرے پرخوشی،آنسو او ر جوش سب ایک ساتھ نظر آیا۔اسٹینڈ میں بیٹھے اپنی اہلیہ کو گلے لگاکر رونا یہ بتانےکےلئے کافی تھا کہ اس میڈل کیلئے انہوںنے اپنے اہل خانہ سے الک رہ کر کتنی قربانی دی ہوگی۔یاد رہے کہ گھوشال نے جیمس کے خلاف ۶۔۱۱،۱۔۱۱،۴ ۔۱۱؍ سے کامیابی حاصل کی۔اس سے پہلے وہ سیمی فائنل مقابلے میں نیوزیلینڈ کے پال کول کے خلاف ہار گئے تھے۔  میچ کے بعدہندوستان کے اسٹار اسکواش کھلاڑی سورو گھوشال نے اپنی خوشی پر قابو پاتے ہوئے کہا کہ اس میڈل کیلئے میں برسوں سے محنت کر رہا تھا۔خوش ہوں کہ میری محنت رنگ لائی اور میں ملک کیلئے میڈل جیتنے میں کامیاب ہوسکا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK