انڈیا اے کی کمان مینک اگروال سنبھالیں گے۔ سرفرازخان اور واشنگٹن پر نظر
EPAPER
Updated: September 12, 2024, 11:40 AM IST | Anantapur
انڈیا اے کی کمان مینک اگروال سنبھالیں گے۔ سرفرازخان اور واشنگٹن پر نظر
ملک کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ دلیپ ٹرافی کا دوسرا مرحلہ جمعرات سے شروع ہوگا۔ کچھ ہندوستانی اسٹارس کو پہلے میچ میں کھیلتے ہوئے دیکھا گیا تھا، ان میں سے چند کو بنگلہ دیش کے خلاف ۲؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کیلئے منتخب کیا گیا ہے تاہم رنکو سنگھ سمیت کچھ کھلاڑی ایسے تھے جنہیں سلیکٹرس نے نظر انداز کر دیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے، اس لئے سب کی نظریں دوسرے راؤنڈ کے میچ میں رنکو اور شریاس ایّر جیسے نوجوان کھلاڑیوں پر ہوں گی۔
سرفراز خان ہندوستانی ٹیم کے واحد رکن ہیں جو اس ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں نظر آئیں گے۔ شبھمن گل کے ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد مینک اگروال ہندوستان اے ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ مارچ۲۰۲۲ء میں اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے مینک کو ایک بار پھر قومی ٹیم میں انتخاب کیلئے اپنا دعویٰ مضبوط کرنے کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تیز گیند باز پرسدھ کرشنا چوٹ کی وجہ سے پہلے راؤنڈ میں نہیں کھیل سکے تھے۔ انہیں انڈیا اے ٹیم میں رکھا گیا ہے۔ انڈیا بی ٹیم میں، کپتان ابھیمنیو ایشورن کو آگے سے قیادت کرنی ہوگی، جو پچھلے ہفتے بنگلور میں پہلے راؤنڈ میں ناکام رہے تھے۔ سرفرازخان کے چھوٹے بھائی مشیر خان نے پہلے راؤنڈ میں ۱۸۱؍ رن بنا کر انڈیا بی کو انڈیا اے کے خلاف جیت میں مدد کی تھی۔ اب بڑے بھائی کی بھی نظریں بڑی اننگز کھیلنے پر ہوں گی۔ واشنگٹن سندر بھی انڈیا بی ٹیم میں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پہلے ٹیسٹ میں آکاش دیپ کو تیز گیند باز مکیش کمار پر ترجیح دی گئی جس کے بعد مکیش بھی اپنی افادیت ثابت کرنا چاہیں گے۔ انڈیا سی کے اوپنر سائی سدرشن اور رتوراج گائیکواڑ بھی رن بنا کر قومی سلیکٹرس کی توجہ مبذول کرنا چاہیں گے۔ انڈیا ڈی کے کپتان شریاس ایّر ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد رن بنا کر اپنی قابلیت ثابت کرنے کی کوشش کریں گے۔