امریکہ کی ٹینس اسٹار نے پہلے راؤنڈ میں ڈینکا کوونچ کو ۲؍سیٹ میں شکست دےدی۔ سیرینا کو شائقین سے پزیرائی ملی
EPAPER
Updated: August 31, 2022, 12:35 PM IST | Agency | New York
امریکہ کی ٹینس اسٹار نے پہلے راؤنڈ میں ڈینکا کوونچ کو ۲؍سیٹ میں شکست دےدی۔ سیرینا کو شائقین سے پزیرائی ملی
نیویارک کے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں۲۳؍ مرتبہ کی گرینڈ سلیم چمپئن سیرینا ولیمزنے مونٹی نیگرو کی ڈینکا کوونچ کو سیدھےسیٹوں میں۳۔۶، ۳۔۶؍سے شکست دے کر اپنے کریئر کے آخری یوایس اوپن ٹورنامنٹ میں فتح کے ساتھ آغاز کیا ۔ ۶؍ بار کی یو ایس اوپن چمپئن کو اپنے پہلے راؤنڈ کے میچ میں شائقین کی جانب سے بے پناہ محبت ملی اور سیرینا نے انہیں مایوس نہیں کیا اور اپنے پرانے رنگ میں نظر آئیں۔ ناظرین سے کھچا کھچ بھرے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں سیرینا کی حمایت میں’وی لو سیرینا‘ کے نعرے لگ رہے تھے۔ میچ سے قبل۲۳؍ مرتبہ کی گرینڈ سلیم فاتح ولیمز کا ایک ویڈیو چلایا گیا جس میں ان کے کریئر اور زندگی کی کامیابیاں دکھائی گئیں۔ ٹینس کورٹ پر راج کرنے والی سابق نمبر ایک کھلاڑی سیرینا گزشتہ کچھ عرصے سے اتار چڑھاؤکے دور سے گزر رہی ہیں۔ اس دوران ان کی کارکردگی بھی کچھ خاص نہیں رہی جس کی وجہ سے ان کی عالمی رینکنگ۶۰۵؍ تک پہنچ گئی۔مسلسل جدوجہد کے باعث سیرینا نے یو ایس اوپن کے آغاز سے قبل ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔رواں ماہ کے شروع میں سیرینا نے ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یو ایس اوپن ۲۰۲۲ء ان کے کریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔ سیرینا نے اپنا ڈیبیو ۱۹۹۵ء میں کیا تھا اور اس کے بعد انہوں نے اپنے کریئر میں ۷؍ بار آسٹریلین اوپن، ۷؍ بار ومبلڈن، ۶؍ بار یو ایس اوپن اور ۳؍ بار فرنچ اوپن جیتا تھا۔