؍۴۰؍سالہ امریکی کھلاڑی نے دوسری سیڈ کھلاڑی کو شکست دی،میچ دیکھنے کیلئے تقریباً ۳۰؍ہزار شائقین موجود تھے
EPAPER
Updated: September 02, 2022, 1:14 PM IST | Agency | New York
؍۴۰؍سالہ امریکی کھلاڑی نے دوسری سیڈ کھلاڑی کو شکست دی،میچ دیکھنے کیلئے تقریباً ۳۰؍ہزار شائقین موجود تھے
امریکہ کی عظیم ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے یو ایس اوپن میں خواتین کے سنگلز زمرے کے تیسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کر لیا۔یو ایس اوپن چمپئن شپ کے بعد ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دے چکی ۴۰؍سالہ سیرینا ولیمز نے دوسرے راؤنڈ کے مقابلے میں دوسری سیڈ کھلاڑی انیٹ کونٹوٹ کو ۳؍ سیٹ تک جاری رہنے والے میچ میں شکست دی۔اس سے یہ بات تو واضح ہوگئی کہ یو ایس اوپن میں سیرینا کم از کم ایک میچ اور کھیلیںگی۔ اس مقابلے میں سیرینا ولیمز نے حال کے میچوں کے مقابلے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔لگاتاردوسرے میچ میں سیرینا نے مخالف کھلاڑی پر دباؤ بڑھایا اور ان کی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پوائنٹس حاصل کئے۔قابل ذکر ہے کہ سیرینا ولیمز کے اس میچ کو دیکھنے کےلئے ۲۹؍ ہزار۹۵۹؍ شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے جن میں گولف کے مایہ ناز کھلاڑی ٹائیگر ووڈس اور سیرینا کی بڑی بہن وینس ولیمز بھی شامل تھے۔ میچ کے بعد امریکہ کھلاڑی سیرینا ولیمز نے کہا ’’میرے پاس گنوانے کیلئے کچھ نہیں ہے۔میں اپنی جانب سے پوری کوشش کر رہی ہوں اور اب تک اس میں کامیاب بھی ہوئی ہوں۔مجھے شائقین کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ٹورنامنٹ میں جتنا آگے جا سکتی ہوں جانے کی اپنی جانب سے پوری کوشش کروںگی۔‘‘ دریں اثنا یو ایس اوپن کے خواتین زمرے سے اسٹار کھلاڑیوں کے ہارنے کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ ۲؍مرتبہ خطاب جیتنےوالی ناؤمی اوساکا اور ایما راڈوکانو پہلے ہی ٹورنامٹ سے شکست کے بعد باہر ہوچکی ہیں اور اب اس فہرست میں فرنانڈیز اور سکاری کا نام بھی جڑ گیا ہے۔ سکاری کو دوسرے راؤنڈ میں چین کی وانگ شی یو کے ہاتھوں ۳؍ سیٹ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ ایک سال قبل فائنل میں رڈاکانو سے ہارنے والی ۱۴؍ویں سیڈ فرنانڈیز کو سیمسونووا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈینیل میدویدیف بھی جیتے
یو ایس اوپن ۲۰۲۱ءکے چمپئن اور عالمی نمبر ایک ڈینیل میدویدیف نے فرانس کے آرتھر رینڈرنک کو شکست دے کر لگاتار پانچویں بار گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کیا۔ ٹاپ سیڈ میدویدیف نے دوسرے راؤنڈ میں اپنے فرانسیسی حریف کو ۲۔۶، ۵۔۷،۳۔۶؍ سے شکست دی۔ میدویدیف نے سال کے آخری گرینڈ سلیم میں اپنے آخری ۲۲؍ میچوں میں سے ۲۰؍جیتے ہیں۔انہوں نے جیت کے بعد کہا’’میں تیسرے سیٹ میں اپنے کھیل سے خوش ہوں۔ میچ کے اختتام تک چیزیں بہتر ہوگئیں۔ جیتنا، ٹورنامنٹ میں رہنا اور زیادہ سے زیادہ میچ کھیلنا سب سے اہم ہوتا ہے۔‘‘میدویدیف اب تیسرے راؤنڈ میں چین کے وی یبنگ سے مقابلہ کریں گے جنہوں نے دوسرے راؤنڈ میں پرتگال کے نونو بورجیس کو شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں قدم رکھا۔ دوسری جانب برطانیہ کے جیک ڈریپر نے یو ایس اوپن کے چھٹے سیڈ فیلسک اوگر ایلیسیم کو۴۔۶،۴۔ ۶، ۴۔۶؍ سے شکست دی۔