موجودہ چمپئن سیٹھ رولنز نے انقلاب کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ہم ہندوستانی ریسلرز کا غلبہ دیکھ سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 15, 2023, 12:04 PM IST | Nitin Nagar | New York
موجودہ چمپئن سیٹھ رولنز نے انقلاب کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ہم ہندوستانی ریسلرز کا غلبہ دیکھ سکتے ہیں۔
گزشتہ چند برسوں میں ہندوستانی پیشہ ور پہلوانوں نے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے اورڈبلیو ڈبلیو ای میں انہوں نے اپنا لوہا منوایا ہے۔ ہیوی ویٹ زمرے کے موجودہ چمپئن سیٹھ رولنز کا بھی کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں ہم ڈبلیو ڈبلیو ای میں ہندوستانی ریسلرز کا غلبہ دیکھ سکتے ہیں ۔
واضح رہے کہ سیٹھ رولنز حال ہی میں منعقدہ ڈبلیو ڈبلیو ای سپر اسٹار سپیکٹیکل میں شرکت کے لئے حیدرآباد آئے تھے۔ سیٹھ رولنز نے روزنامہ انقلاب کے ساتھ خصوصی بات چیت میں کہا کہ ویر مہان، سانگا اوردلشیر شینکی بھلے ہی نئے ہوں لیکن انہوں نے اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کو ہندوستان سے بہت اچھا ٹیلنٹ ملا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ڈبلیو ڈبلیو ای چمپئن شپ کے لئے کس ہندوستانی ریسلر سے لڑنا پسند کریں گے تو سیٹھ رولنز نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے شینکی کا نام لیا۔ انہوں نے کہا ’’ مجھے شینکی بہت پسند ہے۔ وہ ۷؍ فٹ لمبے ہیں اور میری طرح رقص کرتے ہوئے رِنگ میں آتے ہیں ۔ مجھے رقص بھی پسند ہے۔ میں ان کا بہت بڑا پرستار ہوں ۔ شینکی بھی گریٹ کھلّی کی طرح نظر آتے ہیں ، اس لئے ان کے ساتھ مقابلے میں مزہ آئے گا۔‘‘
سیٹھ رولنز نے مزید کہا کہ اس وقت ہندوستانی پہلوان بہت اچھا کھیل رہے ہیں ۔ ہم یہ بات پانچ دس سال پہلے نہیں کہہ سکتے تھے۔ پہلے لوگ صرف گریٹ کھلّی اور جندرکو ہی جانتے تھے لیکن اب وقت بدل گیا ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کو آج عالمی سطح پر لے جانے میں ہندوستانی پہلوانوں نے بہت تعاون کیا ہے۔ سیٹھ نے کہا کہ میں خود دیکھنا چاہتا ہوں کہ وہ ہندوستانی سپر اسٹار کون ہوگا جو گریٹ کھلّی یا جندر محل جیسا چمپئن بنے گا۔
واضح رہے کہ سیٹھ کولنزنے حال ہی میں ہیوی ویٹ چمپئن کے طور پر ۱۰۰؍دن مکمل کئے ہیں ۔ اپنے سفر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لئے بہت خاص ہے۔ اے جے اسٹائلز کو شکست دینے کے بعد سے میں نے ڈیمیئن پرسٹ، شوسوکے ناکامورا اور فن بیلر جیسے افسانوی پہلوانوں کے خلاف کامیابی سے اپنی چمپئن شپ کا دفاع کیا ہے۔ میں نے اس کے لئے سخت محنت کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ میں اگلے ۱۰۰؍دنوں تک چمپئن شپ برقرار رکھنے میں کامیاب رہوں گا۔
جان سینا نے بہت سے لوگوں کو متاثر کیا
حیدرآباد میں سیٹھ کولنز نے لیجنڈری ریسلر جان سینا کے ساتھ ٹیگ ٹیم چمپئن شپ میچ میں دی امپیریم کو شکست دی تھی۔ جان سینا کو اپنے ٹیگ ٹیم پارٹنر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سینا ڈبلیو ڈبلیو ای میں ایک بڑا نام ہے۔ وہ خود بھی چمپئن رہے ہیں اور بہت سے لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ انہیں ٹیگ ٹیم کے ساتھی کے طور پر رکھنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔ ان کا تجربہ ہمیشہ آپ کے کام آتا ہے۔ وہ ایک اچھے انسان اور دوست ہیں ۔