• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شاہد آفریدی نے روہت شرما کی تعریفوں کے پُل باندھے

Updated: July 02, 2024, 11:48 AM IST | Agency | New Delhi

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی خطابی جیت کے دوران کپتان روہت شرما کی باڈی لینگویج کی تعریف کی۔

Shahid Afridi. Photo: INN
شاہدآفریدی۔ تصویر : آئی این این

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی خطابی جیت کے دوران کپتان روہت شرما کی باڈی لینگویج کی تعریف کی۔ برج ٹاؤن (باربڈوس) میں کھیلے جانےوالے فائنل میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو۷؍ رن سے شکست دی تھی۔ ہندوستان۲۰۰۷ء کے بعد دوسری مرتبہ ٹی ۲۰؍ کا عالمی چمپئن بنا ہے جبکہ پاکستان کی مہم ابتدائی مرحلے میں ہی ہندوستان اور امریکہ کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ختم ہوئی۔ 
   پاکستان کیلئے ۳۹۸؍ ون ڈے اور۹۹؍ ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کھیلنے والے آفریدی نے کہا کہ دیکھو، کپتان کا کردار ہمیشہ بہت اہم ہوتا ہے۔ کپتان کی باڈی لینگویج ٹیم پر اثر انداز ہوتی ہے۔ کپتان کو مثال قائم کرنی ہوگی۔ روہت شرما کو ہی دیکھ لیں۔ آفریدی نے کہا کہ روہت نے اپنے جارحانہ انداز سے ٹیم کا اعتماد بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے (روہت) کے کھیل اور کھیل کے انداز کو دیکھیں، یہاں تک کہ نچلے آرڈر کے بلے باز بھی بغیر کسی خوف کے کھیلتے ہیں کیونکہ ان کے کپتان جارحانہ کرکٹ کھیلنا پسند کرتے ہیں۔ اس لئے میں ہمیشہ مانتا ہوں کہ کپتان کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ 
 پاکستان کے تیز گیندباز شاہین شاہ آفریدی کے خسر آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا حق قومی سلیکشن کمیٹی کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ پی سی بی کے چیئرمین کے ذہن میں اب کیا ہے۔ میں بھی انتظار کر رہا ہوں کہ کیا تبدیلیاں ہوں گی لیکن میں نے ہمیشہ ٹیم کو سپورٹ کیا ہے اور کرتا رہوں گا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ء میں پاکستان کرکٹ ٹیم پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو چکی تھی۔ شاہد آفریدی بھی ٹیم کی کارکردگی سے مایوس نظر آئے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو سست کھیلنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ آفریدی نے کہا تھا کہ کپتان کو مثال قائم کرنی ہوتی ہے لیکن بابر بطور کپتان ایسا نہیں کر سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK