ہندوستان کی خواتین ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں پہلے دن ۵۲۵؍رن بنائے۔ شیفالی اور مندھا نا نے اوپننگ میں ریکارڈ پارٹنر شپ کی۔
EPAPER
Updated: June 29, 2024, 11:44 AM IST | Agency | Chennai
ہندوستان کی خواتین ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں پہلے دن ۵۲۵؍رن بنائے۔ شیفالی اور مندھا نا نے اوپننگ میں ریکارڈ پارٹنر شپ کی۔
شیفالی ورما (۲۰۵؍رن) کی تاریخی ڈبل سنچری اور اسمرتی مندھانا (۱۴۹؍ رن ) کی سنچری اننگز کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے ٹیسٹ کے پہلے دن جنوبی افریقہ کے خلاف ۴؍ وکٹ پر۵۲۵؍ رن بناکر جمعہ کو ہونے والے ٹیسٹ میچ پر مضبوط گرفت کر لی ہے۔
جمعہ کو ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہندوستانی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور میدان کے چاروں طرف شاٹس مار کر پہلے وکٹ کیلئے ۲۹۲؍رن کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ ۵۲؍ویں اوور میں ڈیلمی ٹکر نے اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اسمرتی نے ۱۶۱؍ گیندوں، ۲۷؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۴۹؍رن بنائے۔ مندھانا کے بعد بلے بازی کے لئے آئے ستیش شوبھا ۱۵؍رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ شیفالی ورما۷۵؍ویں اوور میں رن لینے کی کوشش میں بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو گئیں۔ انہوں نے۱۹۷؍ گیندوں پر ۲۰۵؍ رن کی تاریخی اننگز کھیلی جس میں ۲۳؍ چوکے اور ۸؍ چھکے شامل تھے۔ جمائمہ روڈریگز ۵۵؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے ۹۸؍اوورس میں ۴؍ وکٹوں پر ۵۲۵؍ رن بنا کر میچ پر مضبوط گرفت کر لی تھی۔ دن کے کھیل کے اختتام پر کپتان ہرمن پریت کور ۴۲؍ اور رچا گھوش ۴۳؍ رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیلمی ٹکر نے ۲؍ وکٹیں حاصل کئے۔ ناڈین ڈی کلرک نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس میچ کا پہلا دن شیفالی اور اسمرتی کے نام رہا۔ ان دونوں نے پورے میدان پر اچھے شاٹس لگائے اور حریف ٹیم کی گیندبازوں کو بے بس کردیا جس سے وہ اپنی لائن اور لینتھ بھول گئے اور اچھی گیندبازی نہیں کرسکے تھے۔
شیفالی ورما نے تاریخی ڈبل سنچری اسکور کی
ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی اوپنر بلے باز شیفالی ورما نے جمعہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانےوالے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ریکارڈ توڑ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی پہلی سنچری بنا ئی اور پھر اسے ڈبل سنچری میں تبدیل کر دیا۔ وہ۲۲؍ سال بعد یہ کارنامہ انجام دینے والی دوسری ہندوستانی خاتون کرکٹر ہیں۔ اس سے قبل ۲۰۰۲ء میں سابق ہندوستانی کپتان میتھالی نے انگلینڈ کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کی تھی اور۲۱۴؍ رن بنائے تھے۔ شیفالی نے اپنے ۵؍ ٹیسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے اپنی ڈبل سنچری۱۹۴؍ گیندوں میں مکمل کی۔ اس دوران انہوں نے۸؍ چھکے اور۲۲؍ چوکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی شیفالی تیز ترین ڈبل سنچری بنانے والی پہلی ہندوستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اسمرتی مندھانا نے بھی شاندار بلے بازی کی اور۱۴۹؍ رن بنائے۔ میچ کے دوران شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا نے پہلے وکٹ کے لئے ۲۹۲؍ رن کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ شیفالی اور مندھانا نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلے وکٹ کیلئے سب سے زیادہ شراکت کا پاکستان کا۲۰؍ سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ شیفالی نے۱۹۷؍ گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی۲۰۵؍ رن کی اننگز میں ۲۳؍ چوکے اور ۸؍ چھکے لگائے۔ خواتین کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے زیادہ شراکت کا ریکارڈ آسٹریلیا کی لنڈسے ریلر اور ڈینس اینیٹس کے نام ہے جنہوں نے ۱۹۸۷ء میں انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے۳۰۹؍ رن کی شراکت کی تھی۔ شیفالی اور اسمرتی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کی پونم راوت اور تھروش کامنی نے بھی۲۰۱۴ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف۲۷۵؍ رن کی شراکت کی تھی۔