• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شیلانگ پہلی بار ڈورنڈ کپ کی میزبانی کیلئےتیار

Updated: July 19, 2024, 3:08 PM IST | Agency | Shillong

وزیر اعلیٰ سنگما نے عوام سے اس ٹورنامنٹ کوکامیاب بنانے کی اپیل کی۔

President Draupadi Murmu had sent off the Durand Trophy recently. Photo: INN
صدر دروپدی مرمو نے گزشتہ دنوں ڈورنڈ ٹرافی کو روانہ کیا تھا۔ تصویر : آئی این این

میگھالیہ کی راجدھانی شیلانگ پہلی بار باوقار ڈورنڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لئے پُرجوش ہے۔ جمعرات کو ۱۳۳؍ویں انڈین آئل ڈورنڈ کپ کی۳؍ شاندار ٹرافیاں یہاں پہنچیں، جنہیں وزیر اعلیٰ کونراڈ کے سنگما کی موجودگی میں سیکرٹریٹ ہلز کے یو سوسو تھام آڈیٹوریم میں نمائش کے لئے رکھا گیا۔ 
 سنگما نے ریاست کیلئے اس تاریخی لمحے کو لانے میں ڈورنڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کی کوششوں کی ستائش کی اور کہا کہ یہ ایونٹ شیلانگ کو ملک کے فٹ بال کے نقشے پر لائے گا۔ 
  تینوں ٹرافیاں یہاں سے شہر اور گرد و نواح کے اضلاع کا دورہ کریں گی۔ ایئر مارشل ایس پی دھارکر، ایسٹرن ایئر کمانڈکے ایئر آفیسر کمانڈنگ انچیف لیفٹیننٹ جنرل سنجے ملک، ۱۰۱؍ ایریا کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل راجیش اے موگھے، وی ایس ایم، ڈورنڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین اور کئی سینئر فوجی اور سویلین اس موقع پر موجود تھے۔ تینوں ٹرافیوں کو ۱۰؍جولائی کو صدر دروپدی مرمو نے قومی دارالحکومت سے ملک گیر دورے کے لئے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔ 
  میجر جنرل راجیش اے موگھے نے میچوں کا شیڈول جاری کیا اور لیفٹیننٹ جنرل رام چندر تیواری، اور ڈورنڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کے سرپرست کی جانب سے ٹیموں کو نیک خواہشات دی گئیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کونراڈ سنگما نے کہا’’میگھالیہ میں فٹ بال سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا کھیل ہے اور ہمارے لئے پہلی بار باوقار ڈورن، کپ کی میزبانی کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ میں ریاست کے تمام فٹ بال سے محبت کرنے والے لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ آئیں اور میچ دیکھیں اور مجھے یقین ہے کہ کچھ بڑے فریقوں کے درمیان فٹ بال کے کچھ معیاری کھیلوں سے وہ لطف اندوز ہوں گے۔ میں اپنے پسندیدہ شیلانگ لاجونگ کی حمایت کروں گا، تاہم، ہم آنے والے دنوں میں مسابقتی اور دلچسپ فٹ بال میچوں کے منتظر ہیں اور تمام مہمان ٹیموں اور مہمانوں کو شیلانگ میں اچھا وقت گزارنے کی نیک خواہشات دیتا ہوں۔ ‘‘ لیفٹیننٹ جنرل سنجے ملک نے کہا’’ہندوستانی فوج کو شیلانگ میں اس باوقار ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے پر فخر ہے کیونکہ ہم خطے میں ڈورنڈ کپ کی رسائی کو مزید وسعت دینے کے اپنے عزم کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسی جذبے کے تحت شیلانگ پہلی بار اس باوقار ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ فٹ بال سے محبت کرنے والی ریاست میگھالیہ ایک شاندار شو کے لئے تیار ہے اور نوجوان اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو لائیو ایکشن میں دیکھ کر بہت متاثر ہوں گے۔ 
  جواہر لال نہرو اسٹیڈیم گروپ’ ایف‘ کی میزبانی کرے گا جس میں مقامی ٹیم شیلانگ لاجونگ ایف سی، انڈین سپر لیگ کی ٹیم ایف سی گوا، حیدرآباد ایف سی اور نیپال کا تریبھون آرمی فٹ بال کلب شامل ہے۔ پہلا میچ شیلانگ لاجونگ ایف سی اور تریبھون آرمی ایف سی کے درمیان ۲؍اگست کو کھیلا جائے گا۔ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق شام ۴؍بجے شروع ہوگا۔ 
  انڈین آئل ڈورن، کپ کے تمام میچ سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہ راست ٹیلی کاسٹ کئے جائیں گے اور سونی لیو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر بھی براہ راست نشر کئےجا سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK