ساتویک سائیراج اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی جوڑی نے بھی فتح کے ساتھ آخر ی ۸؍میں قدم رکھا۔
EPAPER
Updated: January 17, 2025, 1:19 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
ساتویک سائیراج اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی جوڑی نے بھی فتح کے ساتھ آخر ی ۸؍میں قدم رکھا۔
انڈیا اوپن بیڈمنٹن کے تیسرے دن جمعرات کو اسٹار شٹلر پی وی سندھو، ساتویک سائیراج۔ چراغ شیٹی اور کرن جارج نے ہندوستانی امیدوں کو زندہ رکھا۔ سندھو، کرن اور ستویک چراغ نے اپنے اپنے مقابلے جیت کر کوارٹر فائنل میں قدم رکھا۔
خواتین کے سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں ۲؍بار کی اولمپک فاتح ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھ نے۴۶؍منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں جاپان کی شوئیجو منامی کو۱۵۔۲۱، ۱۳۔۲۱؍سے شکست دے کر آخری ۸؍میں جگہ بنائی جہاں ان کا مقابلہ چوتھی سیڈ انڈونیشیا کی گریگوریہ مرسیکا تنجنگ سے ہوگا۔ سندھو نے اپنے جاپانی حریف پر کچھ شاندار شاٹس لگا کر ۶۔۱۱؍کی برتری حاصل کر لی تھی۔ اگرچہ اس کے بعد شوئیجو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور ۱۱۔۱۳؍کر دیا تھا لیکن سندھو نے واپسی کی اور گیم ۱۵۔۲۱؍سے جیت لیا۔ دریں اثناء پی وی سندھو کو دوسرا گیم جیتنے میں زیادہ دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور انہوں نے یہ گیم اور میچ ۱۳۔۲۱؍ سے جیت لیا۔ ایک دیگر میچ میں ہندوستان کی انوپما اپادھیائے کو جاپان کی ٹوکو میازاکی نے۶۔۲۱، ۹۔۲۱؍سے شکست دے دی۔
ساتویک۔چراغ ، جنہوں نے ۲؍سال قبل خطاب جیتا تھا، نےمتسوہاسی اور ہیروکی اوکامورا کے خلاف پہلا گیم ہارنے کے باوجود زبردست واپسی کی اور ہندوستانی جوڑی نے ۲۰۔۲۲، ۲۱۔۱۴،۲۱۔۱۶؍ انہیں سے شکست دے کر آخری ۸؍ میں جگہ بنائی۔ دریں اثنا ڈبلز میں ملنے والی شکست کی مایوسی کو دور کرتے ہوئےکرن جارج نے فرانس کے ایلکس لینیئر کو سیدھے گیمز میں ۱۳۔۲۱،۲۰۔۲۲؍ سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ کوارٹر فائنل میں جارج کا مقابلہ چین کے وینگ ہانگ یانگ سے ہوگا۔
وہیں مکسڈ ڈبلز میں تنیشا کرسٹو اور دھرو کپیلا کی جوڑی کا سفر دوسرے راؤنڈ میں ختم ہو گیا۔ ہندوستانی جوڑی کو جاپانی جوڑی ہیکوری میڈوریکاوا اور ناٹسو سائتو سے۱۷۔۲۱،۱۸۔۲۱؍سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ایک اور ہندوستانی جوڑی اشیت سوریہ اور امرتا پرموتھیش کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں چینی تائپے کے لنگ فینگ اور یانگ پو سن نے ۱۱۔۲۱،۸۔۲۱؍سے شکست دی۔ خواتین کے ڈبلز میں اشونی پونپا اور تنیشا کرسٹو کی جوڑی کو پری کوارٹر فائنل میں یوکی فوکوشیما اور میو ماتسوموتو کی جاپانی جوڑی سے سیدھے گیمز میں۹۔۲۱،۲۱۔۲۳؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔