• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سندھو ڈنمارک اوپن کے فائنل میں جگہ بنانے سے محروم

Updated: October 22, 2023, 9:18 PM IST | New Delhi

سندھو ڈنمارک اوپن ۲۰۲۳ء کے فائنل میں جگہ بنانے سے محروم ہوگئیں۔ جیسکے بینک ایرینا میں خواتین کے سنگلز کے سیمی فائنل میں انہیں اسپین کی کیرولینا مارین نے ۱۸۔۲۱،۲۱۔۱۹، ۷۔۲۱؍ سے شکست دی

P V Sindhu. Photo:PTI
پی وی سندھو۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 دو بار کی اولمپک تمغہ فاتح  اور سابق عالمی چمپئن پی وی سندھو ڈنمارک اوپن ۲۰۲۳ء کے فائنل میں جگہ بنانے سے محروم ہوگئیں۔ جیسکے بینک ایرینا میں خواتین کے سنگلز کے سیمی فائنل میں انہیں اسپین کی کیرولینا مارین نے ۱۸۔۲۱،۲۱۔۱۹، ۷۔۲۱؍  سے شکست دی۔اس کے ساتھ ہی بی ڈبلیو ایف سپر ۷۵۰؍ ٹورنامنٹ میں ہندوستانی چیلنج ختم ہو گیا۔ یہ سندھو کی کیرولینا مارین کے ساتھ اپنے۱۶؍ویں میچ میں ۱۱؍ ویں شکست تھی۔ دونوں بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے ریو ۲۰۱۶ء کے اولمپک فائنل میں بھی ایک دوسرے کو سخت چیلنج  دیا تھا اور کیرولینا مارین نے یہ میچ  اپنے نام کیا تھا۔ سندھو نے آخری بار۲۰۱۸ء میں ملائیشیا اوپن میں مارین کو شکست دی تھی۔ پی وی سندھو کو ہسپانوی کھلاڑی کے خلاف مسلسل ۵؍ویں میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بیڈمنٹن رینکنگ میں۱۲؍ویں نمبر پر موجود پی وی سندھو اور چھٹے نمبر پر موجود کیرولینا مارین  کے درمیان پہلا گیم کافی سنسنی خیز رہا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ہر پوائنٹ کیلئے ایک دوسرے سے سخت مقابلہ کیا۔ سابق عالمی چمپئن نے ابتدائی برتری حاصل کر لی لیکن کیرولینا نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۵۔۷؍ کی برتری حاصل کرلی۔ اس کے بعد سندھو نے جوابی حملہ کرتے ہوئے شاندار اسمیش سے اسکور کو۱۰۔۱۰؍ سے برابر کردیا۔    دونوں کھلاڑیوں نے کھیل میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کی اور کئی بارا سکور برابر کیا لیکن آخر میں ہسپانوی بیڈمنٹن کھلاڑی نے سندھو کو ہرا کر پہلا گیم ۱۸۔۲۱؍سے جیت لیا۔
پی وی سندھو نے دوسرے گیم کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ ابتدائی برتری کو برقرار رکھتے ہوئے انہوں نے گیم میں ۷؍پوائنٹس کی زبردست برتری حاصل کی اور اسکور۳۔۱۰؍ کر دیا۔ مارین مسلسل کوششوں کے ساتھ کھیل میں واپس آئیں اور اسکور برابر کرنے کی پوری کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکیں۔ اس دوران سندھو نے۱۹۔۲۱؍ سے گیم جیت کر میچ کو فیصلہ کن مقام تک پہنچا دیا۔ کیرولینا نے تیسرے گیم میں شاندار واپسی کی۔ وقفے پر مارین نے۹؍ پوائنٹس کی بڑی برتری کے ساتھ اسکور کو۲۔۱۱؍ پر پہنچا دیا۔ ٹوکیو ۲۰۲۰ءکی کانسہ کا تمغہ جیتنے والی سندھو کی کارکردگی مایوس کن رہی اور انہیں پوائنٹس حاصل کرنے کیلئے کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے، کیرولینا نے فیصلہ کن گیم۷۔۲۱؍ سے  اپنے نام کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK