ہندوستان کی اسٹار شٹلر کو تھائی لینڈ کی کیتھونگ نے ۳؍گیمز میں مات دی۔
EPAPER
Updated: March 31, 2024, 2:52 PM IST | Agency | Madrid
ہندوستان کی اسٹار شٹلر کو تھائی لینڈ کی کیتھونگ نے ۳؍گیمز میں مات دی۔
ہندوستانی بیڈمنٹن اسٹار اور دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو کو میڈرڈ اسپین ماسٹرس۲۰۲۴ء کے کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پی وی سندھو کو جمعہ کو ایک گھنٹہ ۱۷؍ منٹ تک جاری رہنے والے خواتین کے سنگلز مقابلے میں تھائی لینڈ کی سوپانیدا کیتھونگ کیخلاف ۲۶۔ ۲۴، ۱۷۔ ۲۱، ۲۰۔ ۲۲؍ سے شکست ملی۔ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی اور تھائی لینڈ کی شٹلر کے درمیان شروع سے ہی سخت مقابلہ ہوا اور بیچ بیچ میں دونوں کھلاڑی ایک دوسرے پر حاوی دکھائی دیئے لیکن سندھو نے پہلا گیم ۲۴۔ ۲۶؍سے جیت لیا۔
دوسرے گیم میں ایک بار پھر ہندوستانی کھلاڑی کا دبدبہ دیکھنے کو ملا لیکن کیتھونگ نے جلد ہی واپسی کی اور۱۷۔ ۱۹؍کی برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد انہوں نے بیک ٹو بیک پوائنٹس حاصل کرتےہوئے دوسرے گیم کو۱۷۔ ۲۱؍ سے جیت لیا۔ اس کے بعد ہونے والے فیصلہ کن میچ میں پراعتماد سندھو نے اپنا تسلط برقرار رکھا اور۳۔ ۷؍ کی یک طرفہ برتری حاصل کر لی، لیکن میچ اس وقت مزید دلچسپ ہو گیا جب تھائی لینڈ کی شٹلر نے واپسی کی اور سندھو کے خلاف۱۳۔ ۱۵؍ کی برتری حاصل کر لی۔ اس دوران سندھو نے کچھ پوائنٹس حاصل کرکے واپسی کی کوشش کی لیکن آخر میں سوپانیدا نے ۲۰۔ ۲۲؍ سے میچ جیت لیا۔ اس کے علاوہ مکسڈ ڈبلز زمرے میں سمیت ریڈی اور این سکی ریڈی کی جوڑی نے ریحان نوفل اور لیزا آیو کی انڈونیشیا کی جوڑی کو ۲۱۔ ۱۴، ۱۱۔ ۲۱، ۱۷۔ ۲۱؍سے شکست دے کر مقابلہ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔