• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سنگاپور اوپن: سندھو اور پرنئے ہار ے، ترشا ۔گایتری کوارٹر فائنل میں داخل

Updated: May 31, 2024, 11:56 AM IST | Agency | Klang

ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو کیرولینا مارین نے دلچسپ اور قریبی مقابلے میں شکست دی،پرنئے بھی ہار کر باہر ہوگئے۔

Indian badminton player PV Sindhu lost after a tough competition. Photo: INN
سخت مقابلے کے بعد ہندوستانی بیڈ منٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کی ٹاپ بیڈمنٹن خاتون کھلاڑی پی وی سندھو کو جمعرات کو سنگاپور اوپن کے راؤنڈ آف ۱۶؍ میں اسپین کی کیرولینا مارین کے خلاف قریبی مقابلے میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ دریں اثنا ترشا۔گایتری کی جوڑی نے جنوبی کوریا کی بایک ہا نا اور لی سو ہی کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔
 آج یہاں اسپین کی بیڈمنٹن کھلاڑی مارین نے ہندوستانی شٹلر کو ایک گھنٹہ۸؍ منٹ تک جاری رہنے والے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں ۱۳۔۲۱، ۲۱۔۱۱، ۲۲۔۲۰؍سے شکست دی۔بی ڈبلیو ایف سپر ۷۵۰؍ٹورنامنٹ میں ۲؍ بار کی اولمپک میڈلسٹ ہندوستان کی پی وی سندھو نے پہلے گیم کی شروعات ۳۔۵؍کی برتری کے ساتھ کی۔ سندھو نے اس کے بعد اسپین کی شٹلر کے خلاف اپنی برتری کو بڑھانا جاری رکھا اور ۱۳۔۲۱؍کے اسکور کے ساتھ پہلا گیم جیت کر میچ کا شاندار آغاز کیا۔
 دوسرے گیم میں مارین نے واپسی کرتے ہوئے سندھو کے خلاف جوابی حملہ کیا اور ۲۔۶؍کی برتری حاصل کرلی۔ سنگاپور اوپن کی سابق فاتح سندھو نے دوسرے گیم میں واپسی کی کوشش کی لیکن مارین نے انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا اور میچ میں ایک ایک سے برابر کرلیا۔
 تیسرے اور فیصلہ کن گیم میں ہندوستانی شٹلر پی وی سندھو نے شاندار آغاز کیا اور روایتی حریف مارین کے خلاف ۲۔۷؍کی شاندار برتری حاصل کی۔ تاہم اس کے بعد عالمی نمبر ۳؍ کھلاڑی نے واپسی کی اور اسکور کا فرق کم کیا۔ سندھو نے اپنی برتری میں اضافہ کیا اور ۱۰۔۱۴؍کی برتری حاصل کی۔ لیکن اس قریبی مقابلے میں مارین نے سندھو کے خلاف ایک بار پھر جوابی حملہ کیا اور سندھو کی چھوٹی غلطیوں کا فائدہ اٹھایا اور گیم ۲۰۔۲۲؍ سے جیت لیا۔ اس طرح مارین نے ایک بار پھر سندھو پر فتح درج کی۔
 دونوں شٹلرز کے درمیان اب تک مجموعی طور پر ۱۸؍میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں مارین کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ سندھو نے ہسپانوی شٹلر کو ۶؍ بار شکست دی ہے جبکہ مارین نے ۱۲؍ بار کامیابی حاصل کی ہے۔
 اس کے ساتھ ہی خواتین کے ڈبلز زمرے میں ترشا جولی اور گایتری گوپی چند کی ہندوستانی جوڑی نے اس مقابلے میں ہندوستانی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔ ہندوستانی جوڑی نے موجودہ آل انگلینڈ چمپئن اور جنوبی کوریا کی بایک ہا نا اور لی سو ہی کی جوڑی کو ۵۹؍منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں ۹۔۲۱، ۲۱۔۱۴، ۱۵۔۲۱؍سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔
 ہندوستانی جوڑی اب سیمی فائنل میں جگہ کے لئے جمعہ کو اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی اور جنوبی کوریا کی کم سو یونگ اور کانگ ہی یونگ کی جوڑی سے ٹکرائے گی۔
 ہندوستان کے ایچ ایس پرنئے کو بھی مردوں کے سنگلز میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ پرنئے کو جاپان کے نچلے درجے کے کینتا نشیموٹے سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک گھنٹہ ۱۸؍منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ میں جاپانی شٹلر نے دنیا کے ۱۰؍نمبر کے ہندوستانی کھلاڑی کو۲۱۔۱۳، ۱۴۔۲۱، ۲۱۔۱۵؍سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔اس سے قبل بدھ کو کامن ویلتھ چمپئن لکشیا سین اور کدامبی سری کانت مردوں کے سنگلز زمرے میں پہلے ہی مقابلے سے باہر ہو گئے تھے۔ لکشیا ٹاپ سیڈ وکٹر ایکسلسن سے ہار گئے تھےجبکہ سری کانت ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے میں ناکام رہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK