ٹیم انڈیا کی خاتون بلے باز نے بیلنڈا کلارک، میگ لیننگ، ایمی سیٹر ویٹ، سوفی ڈیوائن، سدرہ امین،نتالی سیور برنٹ اور لارا والورتھ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
EPAPER
Updated: December 13, 2024, 2:20 PM IST | Agency | Perth
ٹیم انڈیا کی خاتون بلے باز نے بیلنڈا کلارک، میگ لیننگ، ایمی سیٹر ویٹ، سوفی ڈیوائن، سدرہ امین،نتالی سیور برنٹ اور لارا والورتھ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اگرچہ ہندوستان کی خواتین ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ۳؍ میچوں کی یکروزہ سیریز میں تین صفرسے کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ٹیم انڈیا کی اسٹار بلے باز اسمرتی مندھانا نے اپنی سنچری کے ساتھ ایک بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔ مندھانا نے پرتھ میں کھیلے گئے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری یکروزہ میچ میں سنچری بنائی جو اس سال ون ڈے میں ان کی چوتھی سنچری ہے۔ اس کے ساتھ ہی مندھانا ایک کیلنڈر سال میں اس فارمیٹ میں ۴؍ سنچریاں بنانے والی دنیا کی پہلی بلے باز بن گئی ہیں۔
مندھانا نے کئی کھلاڑیوں کو پچھاڑ دیا
اسمرتی مندھانا نے بیلنڈا کلارک (۱۹۹۷ء)، میگ لیننگ (۲۰۱۶ء)، ایمی سیٹر ویٹ (۲۰۱۶ء)، سوفی ڈیوائن (۲۰۱۸ء)، سدرہ امین (۲۰۲۲ء)، نتالی سیور برنٹ (۲۰۲۳ء) اور لارا والورتھ (۲۰۲۴ء) کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے ایک کیلنڈر سال میں ۳؍ سنچریاں بنائی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی مندھانا نے سری لنکا کی چمری اٹا پٹو کا ایشین کرکٹر کے طور پر ریکارڈ برابر کر دیا ہے جنہوں نےسب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں اسکور کی ہیں۔ مندھانا اور چمری کے نام یکروزہ کرکٹ میں ۹۔۹؍ سنچریاں ہو گئی ہیں۔برنٹ اور انگلینڈ کی سابق کپتان شارلٹ ایڈورڈز کی بھی ۹؍ سنچریاں ہیں۔ خواتین کرکٹ کے ون ڈے زمرے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ میگ لیننگ کے نام ہے جنہوں نے ۱۵؍سنچریاں اسکور کی ہیں۔ اس کے بعد سوزی بیٹس (۱۳) اور ٹیمی بیومونٹ (۱۰) ہیں۔
آسٹریلیا کیخلاف مندھانا فارم میں نہیں تھیں
اسمرتی مندھانا آسٹریلیا کے دورے پر رن بنانے کے لئےجدوجہد کر رہی تھیں اور پہلے ۲؍ میچوں میں بالترتیب۸؍اور ۹؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ تیسرے میچ میں مندھانا کے بیٹ کا جادو چل گیا اور انہوں نے ۱۰۹؍گیندوں میں ۱۴؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۰۵؍رن بنائے۔ تاہم مندھانا کی اننگز بھی ہندوستان کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکی۔
مندھانا کی ۲۰۲۴ء میں ۴؍سنچریاں
۱)جنوبی افریقہ کے خلاف ۱۲۷؍گیندوں پر ۱۱۷؍رن۔
۲)جنوبی افریقہ کے خلاف۱۲۰؍گیندوں پر۱۳۶؍رنوں کی اننگز۔
۳)نیوزی لینڈ کے خلاف۱۲۲؍رنوں پر ۱۰۰؍رن بنائے۔
۴)آسٹریلیا کے خلاف۱۰۹؍گیندوں پر ۱۰۵؍رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔