• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آر اشون کو پرتھ ٹیسٹ کھیلنا چاہئے: گنگولی

Updated: November 19, 2024, 10:30 AM IST | Agency | New Delhi

ٹیم انڈیا کے سابق کپتان نے کہا: اشون نے آسٹریلیائی لائن اپ میں بائیں ہاتھ کے بہت سے بلے بازوں کیخلاف اچھا مظاہرہ کیا ہے۔

Ravichandran Ashwin. Photo: INN
روی چندرن اشون۔ تصویر : آئی این این

سابق ہندوستانی کپتان سورو گنگولی کا ماننا ہے کہ تجربہ کار اسپنر روی چندرن اشون کو پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گاوسکر ٹرافی سیریز کے پہلے میچ میں کھیلنا چاہئے۔ مہینوں کے انتظار کے بعد، ۲؍ لیجنڈری ٹیمیں ہندوستان اور آسٹریلیا جمعہ سے پرتھ میں اپنے سخت مقابلے کا آغاز کریں گی۔ آخری لمحات میں زخمی ہونے اور ہندوستانی کیمپ میں کھلاڑیوں کےخراب فارم کی وجہ سے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کیلئے انتخاب کرنا مشکل ہوگا، خاص طور پر نیوزی لینڈ کے خلاف  گھریلو ٹیسٹ  سیریز میں وائٹ واش کے بعد۔
 روی چندرن اشون سابق کرکٹرس اور شائقین کے درمیان۲۰۲۳ء میں ورلڈ ٹیسٹ  چمپئن  فائنل سمیت اہم میچوں میں کنارے کئے جانے کی وجہ سے بحث کا موضوع  ہیں اور اب ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ پرتھ کی روایتی پچ  تیز گیند بازوں کیلئے  بہت سازگار رہی ہے، اسپنرس وکٹ لینے کیلئے  جدوجہد کر رہے ہیں۔ اشون، رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر کی موجودگی کے ساتھ  سب سے زیادہ امکان یہ ہوگا کہ ہندوستان پلیئنگ۱۱؍میں صرف ایک  اسپن گیند باز کو میدان پر اتارے۔ 
 اشون حالیہ ٹیسٹ میچوں میں خراب کارکردگی کے بعد ایک اور بڑے غیر ملکی میچ سے محروم ہو سکتے ہیں  تاہم  بی سی سی آئی کے سابق صدر کیلئے  اشون کے انتخاب کے تعلق سے کوئی بحث نہیں ہے۔ ان کیلئے  ۳۸؍ سالہ اشون، جڈیجا اور سندرکے سامنے  واضح پسندیدہ گیندبازہیں، جنہوں نے نیوزی لینڈ کی سیریز میں شکست کے دوران متاثر کیا تھا۔ سورو گنگولی نے بوریا مجمدار سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ  `اس  معاملے میں کوئی بحث نہیں ہونی چاہئے ۔ اشون کو کھیلنا چاہئے۔ آپ کے بہترین اسپنر کوموقع دینا  چاہئے۔ اس کے علاوہ  اشون یقیناً  آسٹریلیائی لائن اپ میں بائیں ہاتھ کے بہت سے بلے بازوں کے خلاف متاثر کریں گے۔ 
 گھریلو حالات میں کیویز کے خلاف ریڈ بال کرکٹ میں اشون کی کارکردگی بہت خراب رہی ہو۔  تجربہ کار آف اسپنر کی ناکام کوششیں ۳؍ ٹیسٹ میچوں میں وکٹ  کی تعداد میں دُہرے ہندسے کو چھونے میں ناکامی سے ظاہر ہوتی ہیں۔ سندر اور جڈیجا۱۶۔۱۶؍ وکٹ کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ اشون صرف۹؍ وکٹ لے سکے۔ اشون کی کارکردگی کا ایک اور اہم عنصر یہ تھا کہ وہ پہلے اور تیسرے ٹیسٹ میں وکٹ لینے میں ناکام رہے تھے۔مشکلات کے باوجود گنگولی نے اشون کو پلیئنگ ۱۱؍ میں شامل کرنے پر اعتماد ظاہر کیا کیونکہ تجربہ کار اشون ہندوستان کے بہترین اسپنر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’ `ہاں ، رویندر  جڈیجا اور واشنگٹن  سندر  اچھے ہیں اور دونوں اچھی بلے بازی کرتے ہیں، لیکن آپ کو پہلے ٹیسٹ میں اپنے بہترین اسپنر کے ساتھ جانا چاہیے۔ ماہر بلے بازوں اور گیند بازوں کے ساتھ کھیلیں اور یہی  اشون میری پسند ہیں۔
  بارڈرگاوسکر ٹرافی (بی جی ٹی ) کیلئے  ہندوستان کی ٹیم:روہت شرما (کپتان)، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، روی چندرن اشون، محمد سمیع، ابھیمنیو ایشورن، شبھمن گل، رویندر جڈیجا، یشسوی جیسوال، دھرو جوریل (وکٹ کیپر)، سرفراز خان، وراٹ کوہلی، پرسدھ کرشنا، رشبھ پنت ( وکٹ کیپر)، کے ایل راہل، ہرشیت رانا، نتیش کمار ریڈی، محمد سراج، واشنگٹن سندر۔

سوروگنگولی نے گوتم گمبھیر اور سرفراز خان کی حمایت کی
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کا موازنہ سابق آسٹریلوی کھلاڑیوں جیسے رکی پونٹنگ، میتھیو ہیڈن، اسٹیو وا سے کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے ہیڈ کوچ ایسے ہی ہیں، اس کے ساتھ ہی گنگولی نے آسٹریلیا میں ہونے والی بارڈر گاوسکر ٹرافی میں سرفراز خان کو موقع دینے کی بھی بھرپور حمایت کی ہے۔آسٹریلیا کے مشکل حالات کے لئے سرفراز کے موزوں ہونے کے سوال کے جواب میں گنگولی نے ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اسے جاننے کا موقع دینا ہوگا۔ اسے موقع دیئے بغیر آپ کچھ کیسے کہہ سکتے ہیں۔ پہلے اسے ناکام ہونے دیں۔ اس نے گھریلو کرکٹ میں بہت سارے رن بناتے ہوئے ٹیم میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ انہیں کسی نے موقع نہیں دیا۔ اس لئے انہیں موقع  دیئے بغیر باہر نہ کریں۔  جب آپ ایسا کر یں گے تو آپ فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ 

ہرشیت رانا اور پرسدھ کرشنا میں مقابلہ 
دہلی کے تیز گیند باز ہرشیت رانا اور ان کے سینئر ساتھی  پرسدھ کرشنا آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں ۲۲؍ نومبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کیلئے  ہندوستان کی پلیئنگ الیون میں تیسرے تیز گیندباز بننے کی دوڑ میں ہیں۔ ہرشیت  نے صرف۱۰؍ فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں اور وہ۱۴۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار اور اچھا اچھال  کی صلاحیت کے ساتھ مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بڑے بڑے ماہرین کو بھی متاثر کیا ہے۔ہرشیت نے پرتھ کےواکا(ڈبلیو اے سی اے) گراؤنڈ پر ہندوستان کی نیٹ پریکٹس کے دوران کئی مواقع پر اپنی تیز رفتاری سے بلے بازوں کو پریشان کیا۔ دوسری طرف ہندوستانی بولنگ کوچ مورنے مورکل نے کرناٹک کے کھلاڑی کے ساتھ کافی وقت گزارا جنہوں نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف میکے اور میلبورن میں `اے  سیریز کے دوران متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پرسدھ کے پاس ۲؍ ٹیسٹ کھیلنے کا تجربہ ہے اور وہ اچھا باؤنس کر سکتے ہیں۔دریں اثنا، محمد سمیع بارڈر-گاوسکر ٹرافی (بی جی ٹی ) کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آسکتے ہیں لیکن یہ سیریز کے دوسرے ہاف میں ہی ہو سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK