• Fri, 01 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو اننگز اور ۲۷۳؍رنوں سے ہرا دیا

Updated: November 01, 2024, 10:58 AM IST | Chittagong

مہمان ٹیم کے گیندبازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر سے آگے۔

South African players congratulating their bowler Keshav Maharaj for taking a wicket. Photo: INN.
جنوبی افریقہ کے کھلاڑی وکٹ لینے پر اپنے گیندباز کیشو مہاراج کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ہی بنگلہ دیش کو فالو آن کراتے ہوئے میچ میں کیشو مہاراج (۵؍ وکٹ)، کگیسو ربادا (۵؍ وکٹ) اور سینورن متھو سامی (۴؍ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت بنگلہ دیش کو دوسری بار ۱۴۳؍رنوں پر آل آؤٹ کرنے کے بعد ایک اننگز اور۲۷۳؍رنوں سے جیت درج کی۔ 
جمعہ کی صبح پہلی اننگز میں ۱۵۹؍رنوں پر ڈھیر ہونے کے بعد فالو آن کے لئے آنے والے بنگلہ دیشی بلے باز دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے۔ نجم الشانتو (۳۶)، ماہید الاسلام انکون (۲۹) اور حسن محمود (ناٹ آؤٹ ۳۸) کے علاوہ ان کا کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا۔ بنگلہ دیش کے بلے باز جنوبی افریقہ کے گیند بازوں کے سامنے بے بس نظر آئے اور ان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں ۴۳ء۴؍ اوور میں ۱۴۳؍کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف بنگلہ دیش کی یہ نویں اننگز میں شکست ہے۔ اس میچ میں جنوبی افریقی گیندبازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو دونوں اننگز میں ۸۹؍اووروں میں ۲؍ بار آؤٹ کر دیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے ۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔ سینورن متھوسمی نے ۴؍ بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ ڈین پیٹرسن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
آج صبح کاگیسو ربادا (۵؍ وکٹ) اور دیگر گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز ۱۵۹؍ رنوں پر سمیٹ کر اسے فالو آن پر مجبور کر دیا۔ 
بنگلہ دیش نے کل ۴؍ وکٹوں سے ۳۸؍ رنوں سے کھیلتے ہوئے آج صبح اسکور میں ۸؍رنوں کا اضافہ کیا تھا جب ربادا نے نجم الشانتو (۹) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اگلے ہی اوور میں مشفق الرحیم (صفر) کو ڈین پیٹرسن نے اپنا شکار بنایا۔ مہدی حسن معراج (ایک)، ماہید الاسلام انکون (صفر) آؤٹ ہوئے۔ مومن الحق نے بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ ۸۲؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ تیج الاسلام ۳۰؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کے بلے باز جنوبی افریقی گیند بازوں کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔ صورت حال ایسی تھی کہ ۸؍ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم ۴۵ء۲؍اووروں میں ۱۵۹؍رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پہلی اننگز کی بنیاد پر بنگلہ دیش اب بھی جنوبی افریقہ سے ۴۱۶؍رنوں پیچھے تھی۔ جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو فالو آن کھیلنے پر مجبور کر دیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں کگیسو ربادا نے ۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ڈین پیٹرسن اور کیشو مہاراج نے ۲۔ ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ سینورن متھوسمی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز ٹونی ڈی جارج (۱۷۷)، ٹرسٹن اسٹبس (۱۰۶) اور ویان مولڈر (۱۰۵) کی سنچریوں کی مدد سے جنوبی افریقہ نے ۶؍ وکٹوں پر ۵۷۵؍رن بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK