• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز میچ میں ہندوستان کو۳؍ وکٹ سے شکست دے دی

Updated: November 12, 2024, 11:18 AM IST

ٹرسٹن اسٹبس نے اچھی بلے بازی کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۴۷؍رن بنائے۔ ورون چکرورتی نے اچھی گیندبازی کی اور ۵؍وکٹ لئے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

ٹرسٹن اسٹبس ( ناٹ آؤٹ ۴۷؍رن) اور جیرالڈ کوٹزی (ناٹ آؤٹ۱۹؍رن) کی جارحانہ اننگز کی بنیاد پر جنوبی افریقہ نے اتوار کو دوسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں ہندوستان کو ۳؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ 
۱۲۵؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہیں تھا اور تیسرے ہی اوور میں ریان رکلیٹن (۱۳؍رن) کا وکٹ گنوا بیٹھا۔ اس کے بعد چھٹے اوور میں ورون چکرورتی نے ایڈن مارکرم (۳)، ریزا ہینڈرکس (۲۴؍رن) کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ مارکو جینسن (۷؍رن)، ہینرک کلاسن (۲؍رن) اور ڈیوڈ ملر (صفر) بھی چکرورتی کا شکار بنے۔ ایسے وقت میں ٹرسٹن اسٹبس ایک سرے پر کھڑے تھے۔ اینڈائل سمیلنے (۷؍رن) کو روی بشنوئی نے آؤٹ کیا۔ ٹرسٹن اسٹبس نے۴۱؍ گیندوں پر ۷؍ چوکے مار کر ناٹ آؤٹ۴۷؍ رن کی اننگز کھیلی۔ جیرالڈ کوٹزی ۹؍ گیندوں پر۱۹؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ نے۱۹؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر۱۲۸؍ رن بنانے کے بعد یہ میچ ۳؍ وکٹ سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے ۴؍میچوں کی سیریز۱۔ ۱؍ سے برابر کر دی ہے۔ ہندوستان کی جانب سے ورون چکرورتی نے ۱۷؍رن کے عوض ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ ارشدیپ سنگھ اور روی بشنوئی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
قبل ازیں ہندوستان نے ہاردک پانڈیا ( ناٹ آؤٹ۳۹؍رن)، اکشر پٹیل (۲۷؍رن) اور تلک ورما (۲۰؍رن) کی اننگز کی بنیاد پر جنوبی افریقہ کو ۱۲۵؍ رن کا ہدف دیا۔ اتوار کو سینٹ جارج پارک کبیکھا میں جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والی ہندوستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا اور۱۵؍ رن کے اسکور پر اس کے ۳؍ وکٹ گرگئے۔ سنجو سیمسن صفر، ابھیشیک شرما ۴؍ اور سوریہ کمار یادو ۴؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد تلک ورما اور اکشر پٹیل نے آخری رن تک اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ تلک ورما نے۲۰؍ گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر ۲۰؍رن بنائے۔ اکشر پٹیل نے ۲۱؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے۲۷؍ رن کی اننگز کھیلی۔ رنکو سنگھ ۹؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہاردک پانڈیا نے۴؍ چوکے اور ایک چھکا مار کر۳۹؍ رن (ناٹ آؤٹ) بنائے۔ ارشدیپ سنگھ ۷؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹ پر۱۲۴؍ رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جینسن، جیرالڈ کوٹزی، اینڈائل سیمیلن، ایڈن مارکرم اور این پیٹر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK