خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ کے لئے وولفرٹ اور تزمین برٹس نے شاندار نصف سنچری بنائی ۔ ویسٹ انڈیز کی ۱۰؍وکٹ سے شکست
EPAPER
Updated: October 04, 2024, 10:27 PM IST | Dubai
خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ کے لئے وولفرٹ اور تزمین برٹس نے شاندار نصف سنچری بنائی ۔ ویسٹ انڈیز کی ۱۰؍وکٹ سے شکست
جنوبی افریقہ نے کپتان لورا وولفرٹ (ناٹ آؤٹ ۵۹؍رن) اور تزمین برٹس (ناٹ آؤٹ ۵۷؍رن) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت جمعہ کو ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو ریکارڈ۱۰؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ۴؍ وکٹ لینے والے نونکولیکو ملابا کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
جمعہ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ۱۱۹؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں آنے والی جنوبی افریقہ کی اوپننگ جوڑی لورا وولفارٹ اور تزمین برٹس نے صبر و تحمل کے ساتھ شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور میدان کے چاروں طرف شاٹس کھیل کر آپس میں رن تقسیم کئے۔ ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں کا دونوں بلے بازوں پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ لورا نے۵۵؍ گیندوں پر ۷؍ چوکے مار کر ناٹ آؤٹ ۵۹؍رن کی اننگز کھیلی جبکہ ان کی ساتھی تزمین برٹس نے۵۲؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۵۷؍رن بنائے۔ جنوبی افریقہ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے۱۷ء۵؍ اوورس میں۱۱۹؍ رن بنائے اور ریکارڈ۱۰؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ ٹی ۲۰؍ ویمنز ورلڈ کپ میں یہ پانچواں موقع ہے جب کسی ٹیم نے۱۰؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی ہو۔ جنوبی افریقہ دو مرتبہ۱۰؍ وکٹوں سے جیتنے والی پہلی ٹیم ہے۔
اس سے قبل جمعہ کو جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولفرٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لئے آنے والی ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور۱۵؍رن کے اسکور پر کپتان ہیلی میتھیوز (۱۰؍رن) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد نونکولیکو ملابا نے کیانا جوزف (۴؍رن) کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ڈینڈرا ڈوٹن (۱۳؍ رن) تیسرے وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئی۔ شمن کیمپ بیل (۱۷؍رن)، شنیل ہنری (صفر) اور عالیہ ایلن ۷؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اسٹیفنی ٹیلر نے۴۱؍ گیندوں میں سب سے زیادہ ناٹ آؤٹ ۴۴؍ رن بنائے۔ جیڈا جیمس ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ویسٹ انڈیز نے۲۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۱۸؍ رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے نونکولیکو ملابا نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ میریجین کیپ نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔