• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

جنوبی افریقہ کے مہلک گیندبازوں نے آسٹریلیا کو کھلا چیلنج دیا

Updated: January 08, 2025, 11:51 AM IST | Agency | London

جنوبی افریقہ کےفاسٹ بولر ربادا نے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کا منصوبہ بنایا۔ امسال جون میں لارڈس کے میدان پر فائنل ہوگا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز کگیسو ربادا نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ان کی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چمپئن  شپ۲۰۲۵ء کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف بڑا اپ سیٹ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروٹیز ٹیم جانتی ہے کہ لارڈس میں آسٹریلیا کو کیسے ہرانا ہے۔
پیر کو کیپ ٹاؤن میں پاکستان کے خلاف کھیلے  جانے والے  دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے۱۰؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ۲؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں۰۔۲؍ سے شکست دی ہے، اس طرح وہ پہلی بار ورلڈ ٹیسٹ چمپئن  شپ (ڈبلیو ٹی سی ) ۲۰۲۵ء کے فائنل میں داخل ہوا ہے۔ اس سے قبل ہندوستان ۲؍ مرتبہ ، نیوزی لینڈ ایک مرتبہ فائنل کھیل چکے ہیں جبکہ آسٹریلیا نے ایک بار فائنل کھیلا ہے اور وہ دوسری بار اس ٹورنامنٹ کے خطابی میچ میں کھیلے گا۔ 
ربادا (کگیسو ربادا) نے پاکستان کے خلاف ۶؍ وکٹ حاصل کئے۔  تیز گیندباز نے کہا کہ ’’سچ یہ ہے کہ خطابی مقابلہ  ابھی دور ہے، لیکن آپ کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل جیسے بڑے موقع کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ہمیشہ اچھی دشمنی ہوتی ہے کیونکہ ہم  ایک جیساکرکٹ کھیلتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ہم سخت کھیلتے ہیں اور وہ ہمیں سخت مقابلہ دیتے ہیں، یہ بات ہم دونوں جانتے ہیں۔ ہم انہیں شکست دینا بھی جانتے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ ہمارا بہترین فارمیٹ ہے، جسے ہم اس وقت کھیل رہے ہیں۔ جب آپ جنوبی افریقی کرکٹ اور ہمارے تمام عظیم کھلاڑیوں کو دیکھیں تو وہ سب  بہترین ٹیسٹ کرکٹر رہے ہیں۔ دنیا کے بہترین کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹرس ہیں۔
پاکستان کو شکست دینے کے بعد جنوبی افریقہ ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر پہنچ گیا ہے۔ اس نے۶۹ء۴۴؍ فیصد نمبر حاصل کئے ہیں جب کہ آسٹریلیا۶۳ء۷۳؍ نمبرس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ساتھ ہی، ڈبلیو ٹی سی فائنل سے قبل جنوبی افریقہ کے لیے کوئی ٹیسٹ میچ نہ ہونے کی وجہ سے، پروٹیز کوچ شکری کونراڈ نے اپنے آنے والے میچ کے امکانات کے بارے میں بات کی۔ 
 جنوبی افریقہ کے کوچ کونراڈ نے کہا کہ ہم ممکنہ طور پر برطانیہ میں آئرلینڈ یا افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ منعقد کرنے کی کوشش کریں گے۔ تاہم  اگر ناکام ہوئے تو ہم یقینی طور پر کچھ دن پہلے باہر جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہم وہاں اچھی طرح سے کیمپ لگائیں، شاید کینٹربری کی طرح۔
آپ کو بتا دیں کہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن  شپ کے پہلے فائنل میں ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوا تھا۔ پہلے ٹائٹل میچ میں کیوی ٹیم نے ٹیم انڈیا کو شکست دے کر ورلڈ چمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم دوسرے فائنل میں بھی پہنچی لیکن اس بار آسٹریلیا سامنے تھا۔ اس بار کینگروز نے ٹیم انڈیا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور ہندوستانی ٹیم کو مسلسل دوسری بار فائنل ہارنا پڑا۔ اب آسٹریلیا تیسرے فائنل میں پہنچ گیا ہے اور اس بار پھر ایک نئی ٹیم ٹائٹل جیتنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ جنوبی افریقہ کے پہلی بار پاس آئی سی سی کا کوئی بڑا ٹورنامنٹ جیتنے کا سنہری موقع ہے۔   جنوبی افریقہ سیمی فائنل اور فائنل میں آکر بڑے ٹورنامنٹ ہار جاتاہے۔ اس بار اس کی کوشش ہوگی کہ وہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلا آئی سی سی خطاب جیتے۔ آسٹریلیا بھی دوسری بار چمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کے لئے پوری کوشش کرے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK