• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسپین نے جرمنی اور فرانس نے پرتگال کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا

Updated: July 07, 2024, 12:19 PM IST | Agency | Hamburg

اسپین نے یورو ۲۰۲۴ء کے میزبان جرمنی کو ۱۔۲؍گول سے شکست دی۔ فرانس نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پرتگال کو باہر کیا۔ رونالڈو کاخواب ٹوٹا۔

The winning teams of Spain and France. Photo: INN
اسپین اور فرانس کی فاتح ٹیمیں۔ تصویر : آئی این این

 فرانس نے  پرتگال کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ۳۔ ۵؍گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ کر کرسٹیانو رونالڈو کی ان کی آخری یورپی چمپئن شپ میں خطاب جیتنے کی امیدوں کو ختم کر دیا جبکہ اسپین نے دلچسپ کوارٹرفائنل مقابلے میں جرمنی کو ایک۔ ۲؍گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ 
 اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال ٹیم یورو۲۰۲۴ء کے کوارٹر فائنل سے باہر ہو گئی۔ کائلیان ایمباپے کی قیادت میں فرانس نے پرتگال کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی۔ یہ ۳۹؍ سالہ رونالڈو کیلئے ریکارڈ چھٹی اور آخری یورپی چمپئن شپ تھی، جنہوں نے شوٹ آؤٹ میں پرتگال کی پہلی پنالٹی پرگول کیا اور بعد میں ساتھی تجربہ کار پیپے کو تسلی دی، جب کہ ۴۱؍ سالہ ڈفینڈراپنے کپتان کے کندھے پر سر رکھ کر رو رہے تھے۔ 
 ایمباپے نے شوٹ آؤٹ میں پنالٹی نہیں لی، انہیں اضافی وقت کے پہلے ہاف کے بعد سبسٹی ٹیوٹ کیا گیا تھا کیونکہ ان کی ناک پر دو بار چوٹ لگی تھی جو حفاظتی ماسک سے ڈھکا ہوا تھا۔ یور پین چمپئن شپ (یورو)۲۰۲۴ء کے کوارٹر فائنل مرحلے کے پہلے دن اسپین نے میزبان ملک جرمنی جبکہ فرانس نے پرتگال کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالفائی کرلیا۔ 
  اسپین اور جرمنی کے مابین کھیلے جانےوالے میچ کے ابتدائی۴؍ منٹ میں اسپین کو سبسٹی ٹیوٹ کرنا پڑا، اپنا آخری بین الاقوامی فٹبال میچ کھیلنے والے جرمن کھلاڑی ٹونی کروز نے اسپین کے نوجوان اور کلیدی مڈفیلڈر پیڈری کو انجرڈ کردیا جس کے باعث اسپین کو تبدیلی کرنا پڑی اور متبادل آنے والے کھلاڑی اولمو نے گول اسکور کرکے اسپین کو برتری دلوائی۔ 
 مقررہ وقت ختم ہونے کے قریب اسپین کو ۰۔ ۱؍گول کی برتری حاصل کی تھی اس کے باوجود جرمنی کے ورٹز نے۸۹؍ویں منٹ میں گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا جس کے بعد میچ ایکسٹرا ٹائم میں  داخل ہوگیا، ایکسٹرا ٹائم کے آخری منٹ میں اسپین کے مرینو نے شاندار ہیڈر گول اسکور کرکے۱۔ ۲؍ گول سے جرمنی کو شکست دی۔ یہ یورو کی تاریخ کا پہلا موقع تھا کہ جب میزبان ملک کوارٹر فائنل مرحلے سے باہر ہوا۔ ٹونی کروز کا ریٹائرمنٹ سے قبل ر یئل میڈرڈ کے ساتھ چمپئن لیگ ٹرافی جیتنے کا عزم تو پورا ہوا لیکن وہ اپنے ملک جرمنی کو یورو جتانے میں ناکام رہے اور یوں یہ کوارٹر فائنل میچ ان کے فٹبال کریئر کا آخری میچ ثابت ہوا۔ 
 دوسرا میچ پرتگال اور فرانس کے درمیان کھیلا گیا جس میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گول اسکور نہیں کر پائیں اور ایکسٹرا ٹائم کھیلنے کے باوجود گول اسکور نہیں ہوسکا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فرانس نے پرتگال کو۳۔ ۵؍گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی کی جس کے بعد اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا یورو کا سفر ختم ہوا۔ وہ اس سے قبل واضح کرچکے ہیں کہ یہ ان کے کریئر کا آخری یورو ہوگا جس میں وہ اپنی ٹیم کو ٹرافی جتانے کے لئے پُر عزم تھے۔ 
 ۱۲۰؍ منٹ تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔ اس کے بعد میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں  داخل ہوا۔ اس سے قبل پرتگال اور فرانس دونوں نے کچھ آسان مواقع ضائع کئے تھے۔ پرتگال کی جانب سے وٹینہا اور برونو فرنانڈیس نے مواقع پیدا کئے تاہم پرتگالی ٹیم فائدہ نہ اٹھا سکی۔ فرانس کے گول کیپر میگنان نے شاندار بچاؤ کیا۔ کولو میوانی نے فرانس کی جانب سے گول کرنے کی کوشش کی لیکن پرتگال کے دفاعی کھلاڑی روبن ڈیاس نے گول ہونے نہیں دیا۔ اضافی وقت میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا۔ جوابی حملے کے بجائے دونوں ٹیموں کی توجہ گول بچانے پر مرکوز تھی۔ پرتگال کے نونو مینڈس کو اضافی وقت میں گول کرنے کا موقع ملا لیکن باکس کے کونے سے ان کے شاٹ کو روک لیاگیا۔ واضح رہے کہ جون سے جرمنی میں یورو۲۰۲۴ء کے مقابلوں کا آغاز ہوا، ہر چار سال بعد منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں یورپ کی۲۴؍ فٹبال ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل ۱۵؍ جولائی ۲۰۲۴ءکو کھیلا جائے گا۔ اسپین اور فرانس کے درمیان پہلا سیمی فائنل۱۰؍ جولائی کو رات۱۲؍ بجے کھیلا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK