Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

شیفالی اور جوناسن کی طوفانی نصف سنچریوں کی بدولت دہلی پلے آف میں داخل

Updated: March 03, 2025, 12:30 PM IST | Agency | Bengaluru

بنگلور کے ۱۴۷؍ رنوں کے جواب میں دہلی نے ۲۷؍ گیندیں باقی رہتے ہدف حاصل کر لیا،شیفالی نے ۴۷؍ گیندوں میں ۸۰؍ رن بنائے۔

Jess Jonasson and Shefali Verma congratulate each other after winning the match. Photo: INN
جیس جوناسن اور شیفالی ورما میچ جیتنے کے بعدایکدوسرے کو مبارکباد دیتی ہوئیں۔ تصویر: آئی این این

شیفالی ورما(۸۰؍ ناٹ آؤٹ) اور جیس جوناسن (۶۱؍ناٹ آؤٹ)کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت دہلی کیپٹلس نےسنیچر کو ویمنس پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے ایک میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو ۹؍ وکٹ سے شکست دے کر پلے آف میں جگہ یقینی کرلی۔ 
  ایلیس پیری کی(۶۰؍ناٹ آؤٹ) اننگ نے رائل چیلنجرز کو پانچ وکٹ پر۱۴۷؍رن بنانے میں مدد کی اور دہلی کیپٹلس نے ہدف۲۷؍ گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔ دہلی کی شروعات اچھی نہیں رہی جب کپتان میگ لیننگ صرف۲؍ رن بناکر آؤٹ ہوگئی اور دہلی کا اسکور صرف ۵؍ رن تھا۔ ایسے میں میچ کے دلچسپ ہونے کی امید تھی لیکن شیفالی اور جونانسن نے بے خوف ہوکر بنگلور کے گیند بازوں کو پیٹنا شروع کردیا۔ 
 دونوں طرف سے گیند بازوں کی پٹائی سے فیلڈرز بھی پریشان نظر آئے۔ کپتان اسمرتی مندھانا نے اس شراکت کو توڑنے کی ہر ممکن کوشش کی اور ۷؍ گیند بازوں کو میدان میں اتارا لیکن نتیجہ بے سود رہا اور دہلی نے آسانی سے میچ جیت لیا۔ شیفالی نے ۴۳؍گیندوں میں اپنی نصف سنچری(۸۰) میں ۸؍ چوکے اور۴؍ چھکے لگائے جبکہ جوناسن نے۳۸؍ گیندوں کی اننگز میں ۹؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ 
  اس سے قبل بنگلور کی واحد نصف سنچری بنانے والی بلے باز پیری نے راگھوی بشٹ (۳۳)کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے ۶۶؍رن کی شراکت کی۔ اپنی ناٹ آؤٹ نصف سنچری اننگز کے دوران انہوں نے ۴۷؍ گیندوں میں ۳؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔ راگھوی کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلور کا رن ریٹ سست پڑ گیا اور ٹیم آخری۲۳؍ گیندوں میں صرف ۲۸؍رن ہی بنا سکی۔ بنگلور کی کپتان اسمرتی مندھانا کا بلہ نہیں چلا اور وہ صرف ۸؍ رن ہی بنا سکیں۔ ڈینیل وائٹ نے ۲۱؍ رن بنائے۔ دہلی کیلئے شیکھا پانڈے اور سری چرانی نے۲-۲؍ وکٹ لئے۔ میریجان کوپ کو ایک وکٹ ملا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK