• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سوریہ کمار کی طوفانی سنچری، ممبئی نے حیدرآباد کو ۷؍ وکٹوں سے ہرادیا

Updated: May 07, 2024, 3:19 PM IST | Mumbai

سوریہ کمار یادو (۱۰۵؍رن) کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد کو ۷؍ وکٹ سے شکست دے دی

Surya Kumar Yadav. Photo:PTI
سوریہ کمار یادو۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

سوریہ کمار یادو (۱۰۵؍رن) کی ناقابل شکست سنچری اور تلک ورما کی۳۷؍  رن کی طوفانی اننگز کی بنیاد پر ممبئی انڈینس نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۵۵؍ ویں میچ میں پیر کو سن رائزرس حیدرآباد کو ۷؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ ممبئی کی۱۲؍  میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے۔ ۱۷۴؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے آئی ممبئی انڈینس کی شروعات بہت خراب رہی اور دوسرے ہی اوور میں ایشان کشن (۹؍رن) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد روہت شرما(۴) چوتھے اوور میں ۴؍ رن  بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ بھونیشور کمار نے پانچویں اوور میں نمن دھیر کو صفر پر آؤٹ کر کے ممبئی کو تیسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کیلئے آئے سوریہ کمار یادو اور تلک ورما نے اننگز کو سنبھالا۔ سوریہ کمار یادو نے۵۱؍ گیندوں پر۱۲؍ چوکوں اور ۶؍ چھکوں کی مدد سے۱۰۲؍ رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سوریہ کمار نے چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ وہیں تلک ورما۳۲؍ گیندوں پر۳۷؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ  رہے۔ تلک اور سوریہ کمار کے درمیان ۱۴۳؍رن کی شراکت ممبئی کیلئے آئی پی ایل میں چوتھے  وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت ہے۔ ممبئی نے۱۷ء۲؍ اوور میں ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۷۴؍ رن بنا کر ۷؍ وکٹ  سے میچ جیت لیا۔  حیدرآباد کی جانب سے بھونیشور کمار، مارکو جانسن اور پیٹ کمنس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اوپنر ٹریوس ہیڈ (۴۸؍رن) اور کپتان پیٹ کمنس کی۳۵؍ رن کی  ناٹ آؤٹ  اننگز کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے ممبئی انڈینس کو جیت کیلئے ۱۷۴؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ممبئی انڈینس نے پیرکو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر سن رائزرس حیدرآباد کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جسپریت بمراہ نے چھٹے اوور میں ابھیشیک شرما کو آؤٹ کر کے ممبئی کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد آئی پی ایل میں  آغاز کرنے والے انشول کمبوج نے مینک اگروال (۵) کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد حیدرآباد کے وکٹ  وقفے وقفے سے گرتے رہے۔ نتیش کمار ریڈی ۱۵؍ گیندوں پر ۲۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ہینرک کلاسن (۲)، مارکو جانسن (۱۷)، شہباز احمد (۱۰)، عبدالصمد (۳ ) جلد آؤٹ ہوئے۔ ٹریوس ہیڈ نے سب سے زیادہ ۴۸؍ رن  میں اسکور کی، جس میں ۷؍ چوکے اور ایک چھکا تھا۔ انہیں ۱۱؍ویں اوور میں پیوش چاؤلہ نے آؤٹ کیا۔ کپتان پیٹ کمنس اور سنبیر نے اننگز کو سنبھالا۔ کمنس نے۱۷؍ گیندوں پر۳۵؍ رن کی ناٹ آؤٹ  اننگز کھیلی، جس میں ۲؍ چوکے اور ۲؍ چھکے شامل تھے۔ سنبیر سنگھ ۸؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ حیدرآباد کی ٹیم نے۲۰؍ اوور میں ۸؍ وکٹ پر۱۷۳؍ رن بنائے۔  ممبئی انڈینس کی جانب سے ہاردک پانڈیا اور پیوش چاؤلہ  نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ جسپریت بمراہ اور انشول کمبوج نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK