• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سوریہ کمار یادو اور روہت شرما کو کپتانی سونپی گئی

Updated: July 19, 2024, 3:01 PM IST | Abhishek Tripathi | Mumbai

دونوں ہی فارمیٹ میں شبھمن گل کو نائب کپتان بنایا گیا،وراٹ کوہلی بھی یکروزہ سیریز کھیلیں گے۔

Rohit Sharma (right) has been made the ODI captain while Surya Kumar has been made the T20 team captain. Photo: INN
روہت شرما (دائیں) کو یکروزہ جبکہ سوریہ کمار کو ٹی۔۲۰؍ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ تصویر : آئی این این

سری لنکا کے خلاف ٹی۔ ۲۰؍سیریز اور یکروزہ سیریز کے لئے جمعرات کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔ سوریہ کمار یادیو کو ٹی۔ ۲۰؍ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے جبکہ روہت شرما ون ڈے ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ ممبئی میں ہوئی سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں ہاردک پانڈیا کی جگہ سوریہ کمار کے نام کو منظوری دی گئی۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی یہ طے پایا کہ اب صرف روہت اور سوریہ کی جوڑی ہی ہندوستانی کرکٹ کو آگے لے جائے گی۔ ہاردک پانڈیا ٹی۔ ۲۰؍ٹیم میں بطور کھلاڑی شامل رہیں گے۔ سری لنکا کے خلاف ٹی۔ ۲۰؍ سیریز ۲۷؍سے ۳۰؍جولائی تک پلیکل میں کھیلی جائے گی جبکہ ۳؍ ون ڈے میچ۲؍سے ۷؍ اگست تک کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔ ویسٹ انڈیز میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد روہت شرما نے ٹی۔ ۲۰؍ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے اور اس کے بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ ہاردک ان کی جگہ لیں گے لیکن چیف سلیکٹر اجیت آگرکر اور کوچ گوتم گمبھیر کے درمیان ملاقات میں سارا معاملہ بدل گیا۔ 
  دراصل اجیت اگرکر اور گوتم گمبھیر کا خیال تھا کہ ہاردک زیادہ تر چوٹ کا شکار ہیں اور ایسے میں سوریہ کو مختصر ترین فارمیٹ میں کپتان بنایا جانا چاہیے۔ یاد رہ کہ سوریہ کمار یادو نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے دورے پر ٹی۔ ۲۰؍ٹیم کی کپتانی کی تھی۔ اس فیصلے میں روہت شرما کا اثر بھی نظر آرہا ہے کیونکہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں آرام لینے والے روہت ون ڈے اور ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم کے کل وقتی کپتان ہیں۔ 
 یاد رہے کہ اس سال آئی پی ایل سے پہلے ممبئی انڈینس نے روہت کو ہٹا کر ہاردک پانڈیا کو کپتان بنایا تھا جس کے بعد ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان بڑا فاصلہ پیدا ہو گیا تھا۔ تاہم ہاردک نے روہت کی کپتانی میں ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ حالانکہ روہت اور سوریہ کمار ہمیشہ ایک دوسرے کے بہت قریب رہے ہیں۔ سوریہ بھی ممبئی انڈینس کا حصہ ہیں۔ گوتم گمبھیر کو مستقبل میں روہت شرما کے ساتھ مزید کام کرنا ہے۔ 
شبھمن گل نائب کپتان منتخب
سلیکٹروں نے دونوں فارمیٹ میں شبھمن گل کو نائب کپتان مقرر کیا ہے۔ حالیہ زمبابوے کے دورے پر گل کپتان تھے اور ہندوستان نے سیریز چار ایک سے جیتی تھی۔ شبھمن گل آئی پی ایل ٹیم میں گجرات ٹیم کے کپتان ہیں اور گمبھیر اور سلیکٹر انہیں مستقبل کے لئے تیار کرنا چاہتے ہیں۔ وراٹ کوہلی سری لنکا کے خلاف بھی کھیلیں گے۔ پہلے یہ بحث تھی کہ وراٹ کوہلی کو سری لنکا دورے پر کو آرام دیا جا سکتا ہے۔ طویل عرصے سے ٹیم سے باہر رہنے والے کے ایل راہل کی ون ڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ راہل جنوبی افریقہ کے دورے پر ون ڈے سیریز کے کپتان تھے۔ 
 سنچری بنانے والے ابھیشیک کیلئے جگہ نہیں 
 زمبابوے کے دورے پر صرف ۴۵؍گیندوں میں سنچری بنانے والے پنجاب کے نوجوان بلے باز ابھیشیک شرما کو ٹی۔ ۲۰؍ ٹیممیں جگہ نہیں دی گئی ہے جبکہ ریان پراگ کو ٹی۔ ۲۰؍ کے ساتھ ون ڈے ٹیم میں بھی جگہ دی گئی ہے۔ ٹی۔ ۲۰؍ سے ریٹائر ہونے والے رویندرا جڈیجہ کو ون ڈے سے ڈراپ کر دیا گیا ہے جبکہ جسپریت بمراہ کو سری لنکا کے دورے سے آرام دیا گیا ہے۔ 
ٹی۔ ۲۰؍ٹیم: سوریہ کمار یادیو (کپتان)، شبھمن گل (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، رنکو سنگھ، ریان پراگ، رشبھ پنت، سنجو سیمسن، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، ارش دیپ سنگھ، خلیل احمد اور محمد سراج۔ 
 ون ڈے ٹیم: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل، رشبھ پنت، شریاس ایر، شیوم دوبے، کلدیپ یادو، محمد سراج، واشنگٹن سندر، ارش دیپ سنگھ، ریان پراگ، اکشر پٹیل، خلیل احمد، ہرشت رانا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK