ممبئی کی ٹیم کے بلے باز نے رنجی میچ میں ۷۰؍ رن بنائے اور کپتان اجنکیا رہانے کے ساتھ۱۳۹؍ رن کی اہم شراکت کی۔
EPAPER
Updated: February 11, 2025, 12:28 PM IST | Kolkata
ممبئی کی ٹیم کے بلے باز نے رنجی میچ میں ۷۰؍ رن بنائے اور کپتان اجنکیا رہانے کے ساتھ۱۳۹؍ رن کی اہم شراکت کی۔
ہندوستان کے ٹی۲۰؍ کپتان سوریہ کمار یادو فارم میں واپس آئے، ۷۰؍ رن بنا کر اور کپتان اجنکیا رہانے (ناٹ آؤٹ ۸۸؍رن ) کے ساتھ ۱۳۹؍رن کی اہم شراکت کرتے ہوئے دفاعی چمپئن ممبئی نے پیر کو یہاں رنجی ٹرافی کوارٹر کے تیسرے دن ہریانہ پر شکنجہ کس دیا۔ تیز گیند باز شاردُل ٹھاکر (۵۸؍ رن کے عوض ۵؍وکٹ ) کی مدد سے ممبئی نے ہریانہ کو پہلی اننگز میں ۳۰۱؍ رن پر آؤٹ کر کے ۱۴؍ رن کی برتری حاصل کی۔
اپنی پہلی اننگز میں ۳۱۵؍ رن بنانے کے بعد، ۴۲؍ مرتبہ کی چمپئن ممبئی نے تیسرے دن اپنی دوسری اننگز میں ۶۷؍ اوور میں ۴؍ وکٹ پر ۲۷۸؍ رن پر اسکورکیا اور اس نے مجموعی طور پر ۲۹۲؍ رن کی برتری حاصل کی۔ رہانے نے ہمیشہ کی طرح صبر کے ساتھ بلے بازی کی۔ انہوں نے اب تک۱۴۲؍ گیندوں کا سامنا کیا ہے اور۱۰ ؍ چوکے لگائے ہیں۔ کچھ عرصے سے رن بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے سوریہ کمار نے اپنی۸۶؍ گیندوں کی اننگز میں ۸؍چوکے اور ۲؍چھکے لگائے۔ ان دونوں نے ایک ایسے وقت میں سنچری شراکت کی جب ممبئی کی ٹیم ۱۰۰؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوا چکا تھا۔
ممبئی نے اوپنرس آکاش آنند (۱۰)، آیوش مہاترے (۳۱؍رن) اور سدیش لاڈ (۴۳؍ رن) کو جلد ہی گنوا دیا۔ تیسرے دن کے اسٹمپ پر آل راؤنڈر شیوم دوبے رہانے کے ساتھ۳۰؍ رن پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ اس سے قبل ہریانہ نے اپنی پہلی اننگز صبح ۵؍ وکٹ پر۲۶۳؍ رن پر دوبارہ شروع کی اور صرف۳۸؍ رن پر اپنے باقی ۵؍ وکٹ گنوا دیئے۔ ممبئی کیلئے شاردُل کے علاوہ شمس ملانی اور تنوش نے۲۔ ۲؍ وکٹ لئے۔