• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سید مشتاق علی ٹرافی: لقمان میری والا کی خطرناک گیند بازی کی بدولت بڑودہ کی فتح

Updated: December 12, 2024, 10:18 AM IST | Bengluru

بڑودہ نے ٹی ۲۰؍ ٹورنامنٹ میں بنگال کو شکست دی۔ سید مشتاق علی کے سیمی فائنل میں داخل۔ پلیئر آف دی میچ رہنے والے لقمان نے ۳؍وکٹ لے کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

Bowler Luqman Meriwala. Photo: INN
گیندبازلقمان میری والا۔ تصویر: آئی این این

شاشوت راؤت (۴۰؍رن)، ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت (۳۷؍رن) کے بعد لقمان میری والا، ہاردک پانڈیا اور اتیت شیٹھ  کے (۳۔۳؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت بڑودہ نے بدھ کو پہلے کوارٹر فائنل میں  بنگال کو۴۱؍ رن سے شکست دے کر سید مشتاق علی ٹرافی کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔  بڑودہ کے۱۷۲؍ رن کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری بنگال کی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور صرف۳۱؍رن  کے اسکور پر اپنے ۴؍ وکٹ گنوادیئے۔ کرن لال (۶)، کپتان سدیپ کمار گھرامی (۲)، رتیک چٹرجی (صفر) اور ابھیشیک پورل ۲۲؍رن  بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد رتوک رائے چودھری اور شہباز احمد نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔۱۰؍ویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے رتوک رائے چودھری (۲۹؍رن) کو آؤٹ کر کے بڑودہ کے لئے چوتھا وکٹ لیا۔ اس کے بعد بڑودہ کے بولنگ اٹیک کے سامنے بنگال کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر نہیں چل سکا۔ پردپتا پرمانک (۳)، سکشم چودھری (۷)، محمد سمیع (صفر) اور سیان گھوش (صفر) آؤٹ ہوئے۔ شہباز احمد نے۳۶؍ گیندوں پر۵۵؍ رن کی اننگز کھیلی۔ بڑودہ کے گیند بازوں نے بنگال کی پوری ٹیم کو۱۸؍ اوورس میں۱۳۱؍ رن پر آؤٹ کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ بڑودہ کی جانب سے لقمان میری والا، ہاردک پانڈیا اور اتیت شیٹھ نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصلکئے۔ ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

ٰیہ بھی پڑھئے: تعطل ختم کرنے کیلئے راہل گاندھی کی اسپیکر سے ملاقات، پارٹی نے خط بھی لکھا

اس سے پہلے بدھ کو یہاں ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں بنگال نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری بڑودہ کے لیے شاشوت راوت اور ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے۹۰؍ رن جوڑے۔۱۰؍ویں اوور میں سکشم چودھری نے ابھیمنیو وکرم سنگھ راجپوت (۳۷؍رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اگلے ہی اوور میں پردپتا پرمانک نے شاشوت راوت (۴۰؍رن) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ کپتان کرونال پانڈیا (۱۰)، ہاردک پانڈیا (۷)، شیوالک شرما (۲۴)، بھانو پانیا (۱۷) اور اتیت شیٹھ (صفر)  آؤٹ ہوئے۔ وشنو سولنکی  ۱۶ ؍  اور مہیش پیٹھیا ۶؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ بڑودہ نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر۱۷۲؍ رن بنائے۔ بنگال کی جانب سے محمد سمیع، کنشک سیٹھ اور پرد یتا پرمانک نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ سکشم چودھری نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

مدھیہ پردیش کی سوراشٹر پر جیت 

وینکٹیش ایّر (۲؍ وکٹ اور ناٹ آؤٹ۳۸؍ رن) کی آل راؤنڈ کارکردگی اور ارپت گوڈ (۴۲؍رن) کی شاندار بلے بازی کی بدولت مدھیہ پردیش نے بدھ کو تیسرے کوارٹر فائنل میں سوراشٹرکو ۶؍ وکٹ سے شکست دے کر سید مشتاق علی ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ سوراشٹر  کے۱۷۳؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں مدھیہ پردیش نے ارپت گوڈ (۲۹؍ گیندوں پر ۴۲؍ رن)، وینکٹیش ایّر(۳۳؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۸؍ رن)، کپتان رجت پاٹیدار (۱۸؍ گیندوں پر۲۸؍ رن)، شبرانشو سیناپتی (۱۶؍ گیندوں پر۲۴؍ رن)  اور ہرپریت سنگھ (۹؍گیندوں پر۲۲؍ رن) کی شاندار بلے بازی کی بدولت۱۹ء۲؍ اوورس میں ۴؍ وکٹ پر۱۷۴؍ رن بنا کر میچ ۶؍ وکٹ سے جیت لیا اور سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ سوراشٹرکی جانب سے جے دیو اُنادکٹ، انکور پَنور، چراغ جانی اور پریرک مانکڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

ودربھ کو مات دے کر ممبئی کی ٹیم سیمی فائنل میں داخل 

اجنکیا رہانے(۸۴)، پرتھوی شا (۴۹)، سورینش ہیگڑے (ناٹ آؤٹ۳۶؍رن) اور شیوم دوبے (ناٹ آؤٹ۳۷) کی دھماکہ خیز اننگز کی مدد سے ممبئی نے بدھ کو ودربھ کو ۶؍ وکٹ سے شکست  دے کر سید مشتاق علی ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔۲۲۲؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں ممبئی کی اوپننگ جوڑی پرتھوی شا اور اجنکیا رہانے نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے۸۳؍ رن جوڑے۔ پرتھوی شا نے۵؍ چوکے اور۴؍ چھکے لگا کر ۴۹؍ رن بنائے۔  اجنکیا رہانے نے۸۴؍رن کی طوفانی اننگز کھیلی جس میں۱۰؍ چوکے اور ۳؍ چھکے شامل تھے۔ کپتان شریاس ایّر  ۵؍رن  اور سوریہ کمار یادو ۱۰؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ممبئی نے۱۹ء۲؍ اوور میں ۴؍وکٹ پر ۲۲۴؍ رن بنائے اور ۶؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ ودربھ کی ٹیم نے مقررہ۲۰؍ اوور میں ۶؍ وکٹ پر۲۲۱؍ رن کا بڑا اسکور بنایا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK