زمبابوے کے خلاف ہندوستان نے چوتھا ٹی۲۰؍ میچ۱۰؍ وکٹ سے جیت لیا۔ یشسوی کی نصف سنچری۔
EPAPER
Updated: July 14, 2024, 11:07 AM IST | Agency | Harare
زمبابوے کے خلاف ہندوستان نے چوتھا ٹی۲۰؍ میچ۱۰؍ وکٹ سے جیت لیا۔ یشسوی کی نصف سنچری۔
یشسوی جیسوال کی ناٹ آؤٹ (۹۳؍رن ) اور کپتان شبھمن گل ناٹ آؤٹ (۵۸؍رن) کی نصف سنچری اننگز کی بنیاد پر ہندوستان نے سنیچر کو چوتھے ٹی ۲۰؍ میچ میں زمبابوے کو۱۰؍وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے ۵؍ میچوں کی سیریز میں زمبابوے کے خلاف۱۔ ۳؍ کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے۔
زمبابوے کی جانب سے دیئے جانے والے ۱۵۳؍رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یشسوی جیسوال ناٹ آؤٹ رہے اور کپتان شبھمن گل کے طوفانی انداز میں ہندوستانی سلامی بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف شاندار شاٹس لگاتے ہوئے صرف۱۵ء۲؍ اوورس میں ۱۵۶؍ رن بنائے اور میچ۱۰؍ وکٹ سے جیت لیا۔ یشسوی جیسوال نے۵۳؍ گیندوں پر۱۳؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۹۳؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ٹی ۲۰؍ ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے۳۹؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۵۸؍ رن بنائے۔ زمبابوے کے گیند بازان دونوں کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے اور ان کے سامنے جدوجہد کرتے ہوئے نظرآئے۔ خیال رہے کہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد یشسوی جیسوال ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔
سنیچر کو اس سے قبل ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ سکندر رضا (۴۶؍رن ) کی کپتانی اننگز سے زمبابوے نے ہندوستان کو جیت کے لئے ۱۵۳؍ رن کا ہدف دیا۔ زمبابوے کی جانب سے بیٹنگ کے لئے آنے والے ویسلے مادھویرے اور تادیوناشے مارومانی کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے۶۳؍رن جوڑے۔ ۹؍ویں اوور میں ابھیشیک شرما نے تادیوناشے مارومنی (۳۲؍رن) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑ کر ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں شیوم دوبے نے ویسلے مادھویرے (۲۵؍رن) کو پویلین بھیج دیا۔ واشنگٹن سندر نے۱۴؍ویں اوور میں برائن بینیٹ (۹؍رن) کو آؤٹ کیا۔ جوناتھن کیمبل ۳؍ رن پر آؤٹ ہوئے۔ ڈیون میئرز ( ۱۲؍رن) اور کلائیو مڈانڈے (۷) کو خلیل احمد نے بولڈ کیا۔ ۱۹؍ویں اوور میں تشار دیشپانڈے نے سکندر رضا کو شبھمن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔ سکندر رضا نے ۲۸؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۴۶؍ رن کی اننگز کھیلی۔ زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۷؍وکٹ کے نقصان پر ۱۵۲؍ رن کا اسکور بنایا تھا۔
ہندوستان کی جانب سے خلیل احمد نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ تشار دیشپانڈے، ابھیشیک شرما، واشنگٹن سندر اور شیوم دوبے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس میچ میں ہندوستانی بلے بازوں نے ۱۵۲؍ کے ہدف کو بھی بونا ثابت کردیا اور میزبان ٹیم کو سیریز میں ۱۔ ۳؍ سے پیچھے کردیا۔ مین آف دی میچ یشسوی جیسوال رہے۔
آج ۵؍واں ٹی ۲۰؍ میچ
ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان ۵؍واں ٹی ۲۰؍ میچ میں اتوار کو کھیلا جائے گاجوکہ بے معنی ہوگا۔ اس میچ میں زمبابوے کی ٹیم اپنے گھریلو میدان پر وقار بچانے کیلئے کھیلے گی۔ زمبابوے نے اس سیریز کا آغاز اچھے انداز میں کیا تھا اور ٹیم انڈیا پر فتح پائی تھی لیکن اس نے اگلے ۳؍ میچ گنواکر سنیچر کو سیریز بھی گنوا دی ۔ ہندوستان بھی اتوار کو ہونے والے ۵؍ ویں ٹی ۲۰؍ میچ میں اپنی بینچ اسٹرینتھ کو موقع دینا چاہے گا۔ شبھمن گل نئے کھلاڑیوں کو میدان پر اتارنا چاہیں گے کیونکہ سیریز کا فیصلہ سنیچر کو ہی ہوگیا تھا۔