• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ: افغان گیندبازوں کے سامنے آسٹریلوی بلے باز بے بس

Updated: June 24, 2024, 11:24 AM IST | Kingstown

عالمی کپ کے میچ میں افغانستان نے ۲۱؍رن سے سابق چمپئن آسٹریلیا کو مات دی۔ گلبدین نائب نے کنگارو ٹیم کے ۴؍بلے بازوں کا شکار کیا۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید زندہ۔

Afghan team captain Rashid Khan and other teammates. Photo: PTI.
افغان ٹیم کے کپتان راشد خان اور دیگر ساتھی۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

رحمان اللہ گرباز (۶۰؍رن) اور ابراہیم زدران (۵۱؍رن) کی شاندار بلے بازی کے بعد گلبدین نائب (۴؍ وکٹ) اور نوین الحق (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت افغانستان نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا سپر کپ کے سپر۸؍ میچ میں بڑاالٹ پھیر کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف۲۱؍ رن سے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ یہ جیت اس لئے تاریخی ہے کیونکہ افغانستان نے کرکٹ کے کسی فارمیٹ میں پہلی بار آسٹریلیا کو شکست دی ہے اور وہ بھی ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں۔ اس فتح کے ساتھ ہی افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اگر افغانستان بنگلہ دیش کو ہرا دیتا ہے اور ہندوستان آسٹریلیا کو شکست دے دیتا ہے تو افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ 
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری افغانستان کی رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران کی سلامی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لئے آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ۱۱۸؍رن کی شراکت کرتے ہوئے شاندار آغاز کیا۔ ۱۶؍ویں اوور میں مارکس اسٹوئنس نے رحمان اللہ گرباز کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ رحمان اللہ گرباز نے۴۹؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۶۰؍ رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد۱۷؍ویں اوور میں ایڈم زمپا نے عظمت اللہ عمرزئی (۲؍رن) کو آؤٹ کر کے دوسری اوراسی اوور کی آخری گیند پر ابراہیم زدران کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو تیسری کامیابی دلائی۔ ابراہیم زدران نے۴۸؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے لگا کر۵۱؍ رن کی اننگز کھیلی۔ کریم جنت (۱۳)، کپتان راشد خان (۲) اور گلبدین نائب (صفر) آؤٹ ہوئے۔ محمد نبی ۱۰؍رن اور ننگیالیا خروٹی ایک رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹ پر۱۴۸؍ رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنس نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ایڈم زمپا کو ۲؍ وکٹ ملے۔ مارکس اسٹوئنس نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
۱۴۹؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ نوین الحق نے پہلے ہی اوور میں ٹریوس ہیڈ (صفر) کو بولڈ کرکے آسٹریلیا کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد محمدنبی نے تیسرے اوور میں ڈیوڈ وارنر ۳؍رن کو بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔ چھٹے اوور میں کپتان مشیل مارش (۱۲؍ رن) بھی نوین الحق کا شکار بن گئے ایسے وقت جب آسٹریلیا ۳۲؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوا چکا تھا۔ گلین میکسویل نے مارکس اسٹوئنس کے ساتھ ۳۹؍ رن کی شراکت کرکے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ نائب نےاسٹوئنس (۱۱) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔ ٹم ڈیوڈ (۲) کو نائب نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ گلبدین نائب نے۱۵؍ویں اوور میں میکسویل کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ میکسویل نے۴۱؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگاتے ہوئے ۵۹؍رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد افغانستان کے گیند بازوں نے وکٹ کیپر میتھیو ویڈ (۵)، پیٹ کمنس (۳)، ایشٹن ایگر (۲)، ایڈم زمپا (۹) کو ڈھیر کرتے ہوئے آسٹریلیا کی اننگز۱۹ء۲؍ اوورس میں ۱۲۷؍ رن پر سمیٹ کر میچ۲۱؍رن سے جیت لیا۔ 
افغانستان کی اس جیت نے سپر ایٹ گروپ ون میں سیمی فائنل تک رسائی کی جنگ کو دلچسپ بنا دیا ہے۔ آسٹریلیا کو اپنا آخری سپر ایٹ میچ ہندوستان کے ساتھ اور افغانستان کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنا ہے۔ دونوں ہی ٹیموں کو جیتنا ہو گا۔ اگر دونوں ہار جاتے ہیں تو سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ نوین الحق اور گلبدین نائب نے اس جیت کے ہیرو رہے۔ گلبدین نے۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ نوین الحق نے ۳؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی اور راشد خان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK