ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آج ہندوستان، انگلینڈ آمنے سامنے۔ روہت کی ٹیم کو اسپنرس سے بہتر کارکردگی کی امید۔ بارش کا امکان۔
EPAPER
Updated: June 27, 2024, 12:28 PM IST | Georgetown
ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آج ہندوستان، انگلینڈ آمنے سامنے۔ روہت کی ٹیم کو اسپنرس سے بہتر کارکردگی کی امید۔ بارش کا امکان۔
جارحانہ بلے بازی کے انداز کے ساتھ ہندوستان جمعرات کو یہاں ٹی ۲۰؍ کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں دفاعی چمپئن انگلینڈ سے مقابلہ کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں ایک دہائی سے زائد عرصے سے ہارنے کے اپنے سلسلے کو توڑنے کی کوشش کرے گا۔ آخری بار یہ دونوں ٹیمیں اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوئی تھیں، انگلینڈ نے ۲۰۲۲ء میں ہندوستان کو۱۰؍ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ایڈیلیڈ میں ۱۰؍ وکٹ کی شرمناک شکست کے بعد سے ہندوستان نے اپنے پرانے انداز کو ختم کرنے میں کامیاب رہا ہے اور وہ اس مقابلے میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ پروویڈنس اسٹیڈیم کے ممکنہ حالات کو دیکھتے ہوئے، کاغذ پر روہت شرما اور ان کی ٹیم مضبوط ہے اور وہ ۲۰۲۲ء میں ملنے والی شکست کا حساب بیباق کرنے کیلئے تیار نظر آتی ہے۔ افتتاحی میچ کے بعد سے ہی اسپنرس نے یہاں گیند بازی کا لطف اٹھایا ہے اور ہندوستان کے کلدیپ یادو اور انگلینڈ کے عادل رشید جیسے کھلاڑی ناک آؤٹ میچ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے بے تاب ہوں گے۔ اس گراؤنڈ پر تیز گیند بازوں کو بھی کامیابی ملی ہے۔ افغانستان کے تیز گیندباز فضل حق فاروقی نے مقابلے کے آغاز میں ہی نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ۸؍ جون کے بعد سے یہاں کوئی میچ نہیں کھیلا گیا ہے۔ اس دن ویسٹ انڈیز نے یوگانڈا کے خلاف آسان فتح درج کروائی تھی۔ اس سے کیوریٹرس کو اس ہائی پروفائل میچ کیلئے موزوں پچ تیار کرنے کیلئے اضافی وقت ملا۔
ہندوستان نے سپر ۸؍ مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن سیمی فائنل کا بے پناہ دباؤ فطری غلطیوں کا باعث بنتا ہے۔ ٹاپ آرڈر میں ہندوستان کو وراٹ کوہلی کے بلے سے رن کی امید ہوگی جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں اپنے اعلیٰ معیار کے مطابق اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ اس کے برعکس ان کے اوپننگ پارٹنر اور کپتان روہت نے بے خوف کرکٹ کے معاملے میں دوسرے بلے بازوں کے لئے معیار قائم کیا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف۴۱؍ گیندوں پر۹۲؍ رن کی ان کی دھماکہ خیز اننگز کو آنے والے کچھ عرصے تک آسانی سے فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ یہ شاید روہت اور کوہلی دونوں کے لئے ہندوستان کی جرسی میں ٹی ۲۰؍ ورلڈ خطاب جیتنے کا آخری موقع ہے اور دونوں اپنی نشان چھوڑنے کیلئے بے چین ہوں گے۔
روہت شرما پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ انفرادی کامیابیوں سے قطع نظر پاور پلے میں جارحانہ انداز میں بلے بازی کا ارادہ رکھتے ہیں جو آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بھی واضح تھا۔ شیوم دوبے نے مڈل آرڈر میں توقع کے مطابق بیٹنگ نہیں کی ہے اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وہ چالاک لیگ اسپنر عادل رشید کے خلاف کیسی کارکردگی پیش کرتے ہیں۔
ہندوستان بغیر کسی تبدیلی کے اس میچ میں داخل ہوسکتاہے۔ تاہم ٹیم کے پاس لیگ اسپنر یزویندر چہل ہیں جو فل سالٹ، جوس بٹلر، ہیری بروک اور جونی بیریسٹو جیسے انگلینڈ کے دائیں ہاتھ کے بلے بازوں کے خلاف کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔ چہل کو اس مقابلے میں اب تک ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی رہنے کی امید ہے کیونکہ ہندوستان کی جانب سے رویندر جڈیجا، اکسر پٹیل اور کلدیپ کی اسپن تینوں کو ہی موقع دینے کی امید ہے۔ کلدیپ سپر ایٹ میں ٹیم کے لئے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوئے۔ جسپریت بمراہ شاندار بولنگ کررہے ہیں اور انگلینڈ کو ان کے خلاف رن بنانے کے لئے کچھ خاص حکمت عملی بنانا ہوگا۔ ہاردک پانڈیا نے اپنی آل راؤنڈ کارکردگی سے متاثر کیا ہے اور ٹیم ان سے اسی کارکردگی کو جاری رکھنے کی توقع کرے گی۔ دوسری طرف انگلینڈ کی مہم اتار چڑھاؤ سے بھری ہوئی تھی۔ وہ سُپر ایٹ میں جنوبی افریقہ سے ہار گئے لیکن پھر حالات بدل گئے۔
دونو ں ممالک کی ٹیمیں
ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، ہاردک پانڈیا، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت، سنجو سیمسن، شیوم دوبے، رویندر جڈیجا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، یزویندر چہل، ارشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ اور محمد سراج۔
انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان)، معین علی، جوفرا آرچر، جونی بیریسٹو، ہیری بروک، سیم کیورن، بین ڈکٹ، ٹام ہارٹلی، ول جیکس، کرس جارڈن، لیام لیونگ اسٹون، عادل رشید، فل سالٹ، ریس ٹوپلے اور مارک ووڈ۔
ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ٹیم انڈیا کی کارکردگی
ٹی ۲۰؍ کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۴ء میں ٹیم انڈیا سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے جہاں اس کا مقابلہ ۲۷؍ جون کو انگلینڈ سے ہوگا۔ ٹیم انڈیا۲۰۰۷ء میں شروع ہوئےٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ایڈیشنز میں اب تک ۵؍ بار سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ ہندوستان ورلڈ کپ کے ابتدائی ایڈیشن کا چمپئن تھا، اس کے بعد وہ یہ کارنامہ نہ دُہرا سکا۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے تمام ایڈیشنز میں ہندوستان کی کارکردگی:جنوبی افریقہ میں ۲۰۰۷ء میں چمپئن بنا۔ انگلینڈ میں ۲۰۰۹ء میں سپر۸؍ سے آگے ترقی نہیں کی۔ ویسٹ انڈیزمیں ۲۰۱۰ء میں سپر۸؍ سے آگے ترقی نہیں کی۔ سری لنکامیں ۲۰۱۲ء میں سپر۸؍ سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ بنگلہ دیش میں ۲۰۱۴ء میں رنر اپ رہا۔ ہندوستان میں ۲۰۱۶ء میں سیمی فائنل میں پہنچا۔ متحدہ عرب امارات میں ۲۰۲۱ء میں سپر۱۲؍ سے آگے نہیں جا سکا۔ آسٹریلیا میں ۲۰۲۲ء میں سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ ۲۰۲۴ء ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ ہوگا۔