• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

صبر کا پھل میٹھا ہوتاہے یہ ہندوستانی ٹیم نے ثابت کردکھایا

Updated: July 01, 2024, 3:10 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

آئی سی سی کے ۴؍عالمی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کے بعد بالآخر ہندوستان نے چوتھے فائنل میں کامیابی حاصل کی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے بلند حوصلہ کا بھی مظاہرہ کیا۔

Team India captain Rohit Sharma is moving forward in his style to win the T20 World Cup trophy. Photo PTI
ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کی ٹرافی لینے کیلئے ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما اپنے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ تصویر پی ٹی آئی

ہندوستانی ٹیم ۲۰۲۱ء سے مسلسل آئی سی سی کے ۴؍عالمی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی تھی لیکن  اسے سنیچر کی رات باربڈوس میں ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۷؍رن سے کامیابی ملی۔ ہندوستان نے اس ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے سے قبل گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اس سے قبل ۲۰۲۳ء کے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل اور ۲۰۲۱ء میں ہونےو الے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں بھی اس نے جگہ بنائی تھی۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں کامیابی کے علاوہ متذکرہ تینوں ٹورنامنٹ کے فائنل میں اسے شکست ملی تھی۔ 
 ۲۰۱۹ء تا ۲۰۲۱ء کے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن کے فائنل میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ ہوا تھا۔ اس وقت فائنل میں کیوی ٹیم نے ہندوستان کو۸؍وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس وقت فائنل میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی تھے۔ اس کے بعد اگلے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں ایک بار پھرہندوستان نے جگہ بنائی۔ ۲۰۲۳ء میں ہونے والے فائنل میں اس کے مدمقابل آسٹریلیا کی ٹیم تھی اور اس نے ٹیم انڈیا کو ۲۰۹؍رن کے بڑے  فرق سے شکست دی تھی۔ ۲۰۲۳ء میں آئی سی سی کا یکروزہ ورلڈ کپ کھیلا گیا تھا اور اس پورے ٹورنامنٹ میں ہندوستانی نے سبھی ٹیموں کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔ لیگ راؤنڈ میں اس نے آسٹریلیا کو بھی شکست دی تھی لیکن فائنل میں جب اس کا سابقہ کنگارو ٹیم سے پڑا تو آسٹریلوی ٹیم نے روہت شرماکی قیادت والی ہندوستانی ٹیم کو مات دی تھی۔ 
  ہندوستانی ٹیم نے آئی سی سی ٹورنامنٹ کے ۳؍ فائنل کھیلے تھے  اور اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ کوئی بھی ٹیم اتنی شکست کے ہمت  ہار جاتی ہے لیکن ہندوستانی ٹیم نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی خطاب کی اپنی بھوک کو مٹنے نہیں دیا اورایک بار پھر کمر کسی اور ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ اس نے اس ٹورنامنٹ میں بھی اپنے سبھی حریفوں کو مات دی اور فائنل  تک رسائی کی۔کپتان روہت شرما کی یہ ٹیم مضبوط تھی اور اس نے فائنل میں جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کو ۷؍رن سے مات دی۔ خیال رہے کہ جنوبی افریقہ بھی فائنل سے پہلے تک اس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا تھا۔ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ ۳۔۴؍برس سے آئی سی سی ٹورنامنٹ کو جیتنے کیلئے صبر کیا تھا اورسنیچر کو اسے اس کے صبر کا پھل مل گیا۔ 

آئی سی سی ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ فائنل کے ان اہم لمحات کی خوبصورت تصاویر۔ پی ٹی آئی 

ٹیم انڈیا کے کوچ راہل دراوڑ نے بالآخر ورلڈ کپ جیتا۔

فائنل میں ۳؍وکٹ لینے والے ہاردک پانڈیا ترنگے کے ساتھ۔

روہت، ارشدیپ اور سوریہ وکٹ لینے کا جشن مناتے ہوئے۔

جنوبی افریقہ کے خیمہ میں مایوسی کا عالم۔

جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی مایوسی کی حالت میں۔

فائنل جیتنے کے بعد ہندوستانی کھلاڑی ڈریسنگ روم میں راہل دراوڑ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

جنوبی افریقہ کا آخری وکٹ گرنے کے بعد کا لمحہ۔

فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ۷؍رن سے شکست دےدی 
سنیچر کو ٹی ۲۰؍عالمی کپ کے فائنل میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ۷؍رن سے شکست دے کر خطاب پر قبضہ کرلیا۔ ہندوستان نے وراٹ کوہلی کی نصف سنچری کی بدولت ۲۰؍ اوور میں ۷؍وکٹ پر ۱۷۶؍ رن بنائے ،جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ۲۰؍ اوور میں ۸؍وکٹ پر ۱۶۹؍رن بنائے۔ ٹیم انڈیا نے ۷؍رن سے کامیابی حاصل کرلی اور ۲۰۰۷ء کے بعد ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ پر قبضہ کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال ہندوستان کو یکروزہ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ ۱۷۷؍رن کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کو جدوجہد کرنی پڑی۔ اس کی شروعات اچھی نہیں ہوئی اور اوپننگ بلے باز ریزا ہینڈرکس اور کپتان ایڈین مارکرم ۴۔۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد کوئٹن ڈی کاک اور ٹرسٹن اسٹبس نے اننگز کو سنبھالا ۔ یہ دونوں بھی ٹیم کے رن کی رفتار کو آگے بڑھانے میں ناکام  رہے۔ ڈی کاک ۳۹؍رن اور ٹرسٹن ۳۱؍رن بنانے کے بعدآؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ہینرک کلاسین اور ڈیوڈ ملر نے ٹیم کوفتح کی منزل تک پہنچانے کی کوشش کی۔ لیکن کلاسین ۵۲؍رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ۸؍وکٹ پر ۱۶۹؍رن ہی بنا سکی۔ اس سے قبل ہندوستان نے  اپنی  اننگز میں ۲۰؍اوور میں ۷؍وکٹ کے نقصان پر ۱۷۶؍رن بنالئے تھے۔   وراٹ کوہلی نے آؤٹ ہونے سے قبل ۵۹؍ گیندوں پر ۶؍چوکوں اور ۲؍چھکوں کی مدد سے ۷۶؍ رن کا تعاون کیا۔ 

وراٹ کوہلی اور روہت شرما نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا 

 یہ میرا بھی آخری ٹی۲۰؍ میچ  تھا۔ اس فارمیٹ کو الوداع کہنے کے لئے اس سے بہتر کوئی لمحہ نہیں۔ میں نے ہر لمحے کا لطف اٹھایا ہے۔ میرے کریئرکا آغاز ہی اس فارمیٹ کے ساتھ ہوا تھا۔ میں صرف یہ کپ جیتنا چاہتا تھا۔ میں واقعی یہ کپ جیتنا چاہتا تھا۔ 

ہندوستان کی جانب سےیہ میرا آخری ٹی ۲۰؍ میچ تھا، میں اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہتا تھا۔ کپ اٹھانا چاہتا تھا اور صورت حال کو سمجھتے ہوئے بلے بازی کی، خود کو مجبور نہیں کیا۔ یہ ایک کھلا راز تھا، اب اگلی نسل کے آگے بڑھنے کا وقت آگیا ہے۔ کچھ عظیم کھلاڑی ٹیم کو آگے لے کر جائیں گے اور ہمارا پرچم لہراتے رہیں گے۔

رویندر جڈیجا بھی سبکدوش 
ہندوستانی کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے رویندر جڈیجا نے بھی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ء میں ہندوستان کی فتح کے بعد ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ لیجنڈری ہندوستانی آل راؤنڈر نے باربڈوس کے کینسنگٹن اوول میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۷؍ رن کی جیت کے بعد ڈریسنگ روم میں ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ اپنی ایک تصویر پوسٹ کرکے سوشل میڈیا کے ذریعے اس کی تصدیق کی۔جڈیجا نے لکھا، `تشکر سے بھرے دل کے ساتھ، میں ٹی ۲۰؍ بین الاقوامی میچوں کو الوداع کہتا ہوں۔ ایک ثابت قدم گھوڑے کی طرح جو فخر سے سرپٹ دوڑ رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK