انڈین پریمیر لیگ۲۰۲۳ء کا آغاز دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان میچ سے ہوگیا۔
EPAPER
Updated: April 01, 2023, 12:34 PM IST | Ahmedabad
انڈین پریمیر لیگ۲۰۲۳ء کا آغاز دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان میچ سے ہوگیا۔
انڈین پریمیر لیگ۲۰۲۳ء کا آغاز دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان میچ سے ہوگیا۔ جمعہ کوآئی پی ایل کے۱۶؍ویں سیزن سے قبل ایک شاندار افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس افتتاحی تقریب میں بالی ووڈ کے کئی نامور فنکاروں نے پرفارم کیا اور کرکٹ میدان پر سماں باندھ دیا۔ افتتاحی تقریب میں رشمیکا مندھانا ، تمنا بھاٹیہ اور اریجیت سنگھ جیسے ستاروں نے اپنے پرفارمنس سے جلوہ بکھیردیا اور شائقین کو محظوظ کیا ۔
اریجیت سنگھ نےشائقین کو رقص کرنے پر مجبور کر دیا
مندرا بیدی آئی پی ایل۲۰۲۳ء کی افتتاحی تقریب میزبانی کررہی تھیں۔ افتتاحی تقریب کا پہلا پرفارمنس بالی ووڈ کے اسٹار پلے بیک سنگر اریجیت سنگھ نے کیا۔ اریجیت نے افتتاحی تقریب کے آغاز میں ہی اپنی سریلی آواز سے سامعین کو مسحور کر دیا۔ اپنے پرفارمنس کے دوران اریجیت نے’’ میرے وطن اب رہے۔۔۔‘‘ جیسے سپر ہٹ گانے گائے۔اریجیت نے حب الوطنی کے گانوں سے شروعات کی لیکن پھر بالی ووڈ کے متعدد ہٹ نمبروں پر اپنی آواز سے سامعین کو مسحور کیا۔ اس کے بعد اریجیت نے جپسی پر پورے اسٹیڈیم کا چکر لگایا اور حاضرین کا استقبال کیا۔
پورا سٹیڈیم شہر اور تالیوں سے گونج اٹھا
اریجیت کے بعد تمنا بھاٹیہ نے زبردست پرفارم کیا۔ اس دوران انہوں نے کئی سپر ہٹ گانوں پر رقص کرکے حاضرین کو ناچنے پرمجبور کردیا۔ تمنا جیسے ہی اسٹیج پر آئیں تو پورا سٹیڈیم سیٹیوں اور شائقین کی تالیوں سے گونج اٹھا۔
رشمیکا نے اسٹیج پر جلوہ بکھیرا
اداکارہ تمنا کے بعد رشمیکا مندھانا اسٹیڈیم پر پرفارمنس کیلئے آئیں۔اپنے رقص سے پہلے، رشمیکا نے گجرات ٹائٹنس اور چنئی سپر کنگز کی ٹیم کی حالت کے بارے میں پوچھا، اس کے بعد انہوں نے زبردست پرفارمنس دیا۔ رشمیکا نے پُشپا کے گیتوں پر بھی شاندار رقص کیا۔
راشد اور محمد سمیع کی زبردست گیندبازی
انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل )کے ۱۶؍ ویں سیزن کا آغازجمعہ کو گجرات ٹائٹنس اورچنئی سپرکنگز کے میچ کے ساتھ آغاز ہوگیا۔ اس سیزن میں گجرات کی ٹیم اپنے خطاب کا دفاع کرنے کیلئے میدان پر اتری ہے۔ اس میچ میں راشد خان اور محمد سمیع نے گجرات کی جانب سے اچھی گیندبازی کی اور چنئی سپرکنگز کو شروعات میں رن بنانے سے روک دیا۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک چنئی سپرکنگز نے ۱۶؍ اوور میں ۴؍وکٹ پر ۱۴۰؍ رن بنالئے تھے۔ رتوراج گائیکواڑ چنئی کی طرف اکیلے ہی ٹیم کیلئے اچھا اسکور بنانے کی کوشش کررہے تھے۔ انہوںنے ۸۲؍ رن بنالئے تھے۔ گجرات کیلئے محمد سمیع نے ایک ، راشدخان نے ۲؍ اور جوش لٹل نے ایک وکٹ لیا۔ معین علی نے ۲۳؍ رن بنائے۔