• Fri, 13 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’جب تک اشونی کھیلیں گی میں ان کی جوڑیدار رہوں گی‘‘

Updated: December 13, 2024, 1:05 PM IST | Agency | Guwahati

ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی تنیشا کراسٹو نے کہا کہ وہ اشنی پونپا سے بہت کچھ سیکھنا چاہتی ہیں۔

Indian badminton player Ashwini Ponnappa (left) and her partner Tanisha Krasto. Photo: INN
ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی اشونی پونپا(بائیں)اور ان کی جوڑیدار تنیشا کراسٹو۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی تنیشا کراسٹو نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ۳۵؍  سالہ اشونی پونپا کے ساتھ ڈبلز جوڑی بنانے کا عزم کیا ہے اور جب تک اشونی کھیلیںگی وہ ان کی جوڑیدار رہیںگی۔  واضح رہے کہ تنیشا اور اشونی نے حال ہی میں گوہاٹی ماسٹرس سپر۔۱۰۰؍ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں خواتین کے ڈبلز کا خطاب دوبارہ حاصل کیا ہے۔ پیرس اولمپکس کے بعد یہ ان کا دوسرا ٹورنامنٹ تھا۔ یہ جوڑی سید مودی انڈیا انٹرنیشنل کے سیمی فائنل میں بھی پہنچی تھی۔تنیشا مکسڈ ڈبلز پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہیں اور دھرو کپیلا کے ساتھ ان کی جوڑی مضبوط ہو رہی ہے۔ آنے والے ٹورنامنٹ کیلئے اپنے منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے تنیشا نےبتایا کہ ’’میں نے ابھی مکسڈ ڈبلز کا آغاز کیا ہے اور اس سے زیادہ توقع نہیں کر رہی ہوں کیونکہ حال ہی میں دھرو کو ٹخنے کی شدید چوٹ لگی تھی۔ وہ سید مودی ٹورنامنٹ سے قبل ہی ٹھیک ہوئےتھے اور ہم نے اچھی کارکر دگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ انہیں مزید آرام کی ضرورت ہے، اس لئے میں زیادہ دور تک نہیں سوچ رہی ہوں۔ فی الحال جنوری میں ہونے والے ٹورنامنٹ پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ ہمیں سپر۔۱۰۰۰؍ ،۷۵۰ ؍ اور ۵۰۰؍ ٹورنامنٹس میں انٹری ملی ہے۔ یہ ہمارے لئے اپنی رینکنگ کو بہتر بنانے اور پوائنٹس حاصل کرنے کا ایک اچھا موقع ہے۔ اس کے بعد ہم مارچ/ اپریل میں ہونے والے آل انگلینڈ ٹورنامنٹ پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔‘‘
 اشونی پونپا کے ساتھ اپنی جوڑی کے تعلق سے تنیشا نے کہا’’ویمنز ڈبلز میںمجھے نہیں معلوم کہ اشونی کب تک کھیلیں گی لیکن میں نے وعدہ کیا ہے کہ جب تک وہ کھیلیں گی، میں ان کے ساتھ رہوں گی۔ ہم نتائج پر زیادہ توجہ نہیں دیں گے،بس ساتھ بیڈمنٹن کھیلنے کا لطف اٹھائیںگے۔ اشونی کے ساتھ میری اب تک کی سب سے اچھی شراکت داری رہی ہے۔ ہم نے سال بھر میں ایک جوڑی کے طور پر اور انفرادی طور پر بہت کچھ سیکھا ہے۔ ہمارے درمیان کبھی کوئی سینئر جونیئر کا احساس نہیں ہے۔ہم ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔ ان کے پاس کافی تجربہ ہے میچ کے دوران ان سے مشورہ لینا پسند کرتی ہوں۔ ‘‘ واضح رہے کہ تنیشا نے اس سال پیرس اولمپکس میں ڈیبیو کیا تھا اور خواتین کے ڈبلز میں اشونی کے ساتھ کھیلی تھیں۔ یہ اشونی کا تیسرا اولمپک تھا۔ ۲۱؍سالہ تنیشا نے اس تجربے کو سیکھنے اور بڑھنے کا بہترین موقع قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK