• Tue, 28 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کا ہدف برتری کو دُگنا کرنا

Updated: January 25, 2025, 1:28 PM IST | Agency | Chennai

ہندوستان آج دوسرے ٹی ۲۰؍  میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ کرے گا۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگادیں گی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

تیز گیند باز محمد سمیع کی فٹنیس پر تشویش کے درمیان، ہندوستان سنیچر کو یہاں انگلینڈ کے خلاف دوسرے  ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں پہلے میچ کی ہی طرح  اپنی کارکردگی کو دُہراتے ہوئے اپنی جیت کی دوڑ جاری رکھنے کی کوشش کرے گا۔ ہندوستان نے بدھ کو کولکاتا  میں پہلا میچ ۷؍ وکٹ  سے جیت کر پانچ میچوں کی سیریز میں   برتری حاصل کر لی تھی۔سنیچر کو وہ یہ برتری دُگنا کرنے کے لئے میدان پراترے گا۔ 
 ہندوستانی ٹیم یقینی طور پر سمیع کو میدان میں اتارنا چاہے گی لیکن یہ سب ان کی فٹنیس پر منحصر ہے۔ تاہم، ہندوستان کو پہلے میچ میں اس۳۴؍ سالہ تیز گیند باز کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔ اس میچ میں فاسٹ بولر  عرشدیپ سنگھ اور اسپنر ورون چکرورتی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ایڈن گارڈنس کی پچ تیز اور اسپن گیند بازوں کو کافی مدد فراہم کر رہی تھی لیکن یہاں کے چیپاک اسٹیڈیم کی پچ سے اسپنرس کو زیادہ مدد ملنے کی امید ہے۔ ایسے حالات میں ورون، نائب کپتان اکشر پٹیل اور روی بشنوئی کا فائنل الیون میں رہنا یقینی ہے۔ انگلینڈ کے لیے تجربہ کار اسپنر عادل رشید اور لیام لیونگ اسٹون ہندوستانی بلے بازوں کے لیے چیلنج بنیں گے۔ جہاں تک ان کے تیز گیند بازوں کا تعلق ہے تو پہلے میچ میں جوفرا آرچر کے علاوہ ان کا کوئی بھی گیند باز ابھیشیک شرما اور سنجو سیمسن کا مقابلہ نہیں کر سکا۔ ابھیشیک اور سیمسن نے پہلے میچ میں ہندوستان کو اچھی شروعات دلائی اور یہ دونوں ایک بار پھر اس کا رکردگی کو دُہرانا چاہیں گے۔ پچھلے ۶؍ میچوں میں ۳؍ سنچریاں بنانے والے وکٹ کیپر بلے بازسنجو سیمسن لمبی اننگز نہیں کھیل سکے لیکن ابھیشیک نے۳۴؍ گیندوں پر ۷۹؍  رن کی طوفانی اننگز کھیلی۔
 سیمسن چنئی میں  اچھا  کھیلنا  چاہیں گے۔ ابھیشیک اور سیمسن کی اوپننگ جوڑی کو اپنی کارکردگی میں مستقل مزاجی لانا ہو گی۔ اگر وہ اگلے سال ہندوستان میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے لیے اپنا دعویٰ مضبوط کرنا چاہتے ہیں انہیں بہتر کھیلنا ہوگا۔ انگلینڈ کو بھی اپنے اوپنرس سے اچھی کارکردگی کی امید ہوگی۔ پہلے میچ میں فل سالٹ اور بین ڈکٹ نے مجموعی طور پر ۷؍ گیندوں کا سامنا کیا اور۴؍ رن بنائے۔ ہندوستان کو کپتان سوریہ کمار یادو سے بھی بڑی اننگز کی امید ہوگی جو پچھلے میچ میں جلد آؤٹ ہو گئے تھے۔ دراصل سوریہ کمار گزشتہ سال ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد۱۱؍ اننگز میں صرف دو نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ ہندوستان کا اپنی آخری الیون میں کوئی بڑی تبدیلی کرنے کا امکان نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK